ایک دن میں بیس بیس جنازے پڑھے جوان لڑکیوں کو محفوظ رکھنے کا واحد ہتھیار لال مرچیں ہوا کرتی تھیں--- تحریک پاکستان کے عینی شاہد شیر محمد کی باتیں

image
 
ماہ اگست کی آمد پاکستانیوں کے لیے ایک جانب تو یومِ پاکستان کے حوالے سے اہم ہوتی ہے تو دوسری جانب خوشی کے ساتھ ساتھ ایسی یادیں بھی ہمارے دامن میں بکھیر دیتی ہیں جو کہ کافی دکھی کر دینے والی ہوتی ہیں- اور ہمیں اس بات کا احساس دلاتی ہیں کہ جن آواد فضاؤں میں ہم آج فخر سے سانس لے رہے ہیں ان کے حصول کے لیے ہمارے بزرگوں نے اپنی جان و مال اور عزت کی قربانیاں دی ہیں-
 
اس سال جب کہ پاکستان کے قیام کو 73 برس گزر چکے ہیں آج بھی ہمارے درمیاں وہ لوگ موجود ہیں جو کہ قیام پاکستان کی تحریک کے عینی شاہد ہیں اوروہ داستانیں جو ہم لوگوں نے صرف سنی ہیں وہ ان لوگوں پر خود بیتی ہوتی ہیں انہوں نے ان تمام تکالیف کا سامنا کیا ہوتا ہے- ایسے ہی ایک فرد شیر محمد بھی ہیں جن کی عمر اس وقت 88 برس ہے اور قیام پاکستان کے وقت وہ پندرہ سال کے کڑیل جوان تھے ان کا تعلق بھارت کے علاقے فیروز پور سے تھا-
 
قیام پاکستان کے اعلان کے ساتھ ہی ان کے گاؤں میں فسادات پھوٹ پڑے تھے اور ان کے گاؤں میں موجود مسلمانوں کو چن چن کر ہلاک کرنے کا عمل شروع ہو گیا تھا- اس موقع پر شیر محمد صاحب کا کہنا تھا کہ ہم نے ایسے دن بھی دیکھے جب کہ ہم بیس بیس جنازے ایک ہی دن میں پڑھا کرتے تھے-
 
image
 
ان حالات کو دیکھتے ہوئے ان کے گھر والوں نے پاکستان ہجرت کا فیصلہ کیا زاد راہ کے طور پر ان کے پاس صرف ایک تولہ سونا ، دو کلو چاندی اور کچھ سو روپے تھے جو کہ ان کے والد نے اپنے ساتھ رکھ لیے تھے جب کہ میری والدہ نے اپنے ہمراہ کھانے پینے کے سامان کے ساتھ کچھ مصالحہ جات بھی رکھ لیے تھے-
 
راستے میں سونا ، چاندی اور نقدی ہندؤ اور سکھ حملہ آوروں نے چھین لی تھی اور ہم خالی ہاتھ رہ گئے تھے ان کا اگلا نشانہ ہمارے قافلے میں موجود جوان لڑکیاں تھیں جن کی عزتیں لوٹنے کے لیے انہوں نے کئی بار ہمارے قافلے پر حملے کیے-
 
مگر اس وقت میں شیر محمد کی والدہ نے ان غنڈوں کا مقابلہ لال مرچوں سے کیا اور ان کی آنکھوں میں لال مرچیں ڈال کر جوان لڑکیوں کی عزتوں کی حفاظت کی پیدل چلتے چلتے جب دریائے جمنا تک پہنچے تو اس کا پانی خون کے سبب سرخ ہو چکا تھا- دو دن تک بے سروسامانی کے عالم میں بھوکے پیاسے دریائے جمنا کے کیمپ میں وقت گزارا یہاں تک کہ ہمیں پاکستان لے جانے والی ٹرین آگئی-
 
image
 
ٹرین واہگہ بارڈر کے کنارے پہنچی تو ٹرین کے ہندو ڈرائیور نے گاڑی روک دی اور اس کو پاکستان لے جانے سے انکار کر دیا ایسے وقت میں قافلے میں موجود ایک مسلمان علاو الدین نے ٹرین کو چلا کر پاکستان میں داخل کیا اور ہمیں ملتان پہنچا دیا جہاں پر مہاجرین کا بے تحاشا رش تھا- جس سبب ہم نے بورے والہ کا رخ کیا جہاں پر مسلمانوں نے ہمارا استقبال کیا اور ہم سب کے کھانے پینے اور رہائش کا اہتمام بہت خلوص اور محبت سے کیا-
 
یہ تمام واقعات بیان کرتے ہوئے شیر محمد کی آنکھوں میں آنسو تھے اور ان آنکھوں کو صاف کرتے ہوئے انہوں نے شکر گزاری کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ ہم اس آزاد ارض وطن کے لیے رب کا جتنا شکر ادا کریں کم ہے ۔
YOU MAY ALSO LIKE: