|
|
بارشوں کے موسم میں لوگوں کا دل کرتا ہے کہ وہ گرماگرم پکوان کھائیں ، اس موسم میں
بھوک بھی زیادہ ہی لگتی ہے۔انسان کا دل کرتا ہے کہ کھڑکی سے باہر ہوتی ہوئی بارش کے
مناظر کو دیکھتے ہوئے گرماگرم چائے کا ایک کپ ہاتھ میں ہو اور گھر والوں کے تیار
کردہ پکوان پلیٹ میں موجود ہوں، تاکہ موسم کا مزہ دوبالا ہوجائے۔ |
|
ہمارے یہاں کے کچھ پکوان ایسے بھی ہوتے ہیں ، جنہیں بارش ہوتے ہی پکانے کیلئے
خواتین کچن کی طرف دوڑ پڑتی ہیں ، یا پھر وہ گھر والوں کی خواہش کو مدنظررکھتے ہوئے
یہ پکوان تیار کرنے کیلئے کچن کا رُخ کرتی ہیں ۔ ہمارے یہاں بارش ہوتے ہی جس چیز کا
سب سے پہلے خیال آتا ہے ، وہ ’’پکوڑے‘‘ ہوتے ہیں ، بارشوں کے موسم میں اسے ’’قومی
ڈش‘‘ ہونے کا درجہ حاصل ہوتا ہے۔ یہ ایسی ڈش ہے جو بارشوں کے موسم میں تقریباً ہر
گھر میں ہی شوق سے پکائی اور کھائی جاتی ہے ۔ چونکہ ان دنوں بارشوں کا موسم ہے ، اس
لئے خواتین کو اس مضمون میں نت نئے انداز کے پکوڑے تیار کرنے کی مزیدار سی تراکیب
بتائی جارہی ہیں ، ان مختلف چیزوں سے تیار کردہ پکوڑوں کو اس موسم میں گھر پر رہتے
ہوئے تیار کریں ، خود بھی کھائیں اور گھر والوں کو بھی کھلائیں اور بارش کے اس موسم
کو انجوائے کریں ۔ |
|
پنیر پکوڑا: |
پنیر کو درمیانے سائز کے ٹکڑوں میں کاٹ لیں ، اس پر حسب ذائقہ چاٹ مصالحہ،
گرم مصالحہ اور سرخ مرچ پاؤڈر ڈال کر اسے اوپر نیچے کرلیں ،تاکہ سب جگہ یہ
مصالحے لگ جائیں ۔ کڑاہی میں تیل گرم کرنے کیلئے رکھ دیں۔ ایک بڑے پیالے
میں جتنے آ پ کو پکوڑے تیار کرنے ہیں ،اس حساب سے بیسن نکالیں یا ایک کپ
بیسن لیں ، اس میں دو کھانے کے چمچ، چاول کا آٹا، نمک حسب ضرورت، اجوائن
ایک چائے کا چمچ، لہسن ادرک اور ہری مرچ کو ایک ساتھ پیس لیں اور اس کا ایک
ٹیبل اسپون اس میں شامل کردیں ۔آدھا چائے کا چمچ سرخ مرچ ڈالیں اور مکس
کرلیں ۔تھوڑاتھوڑا کرکے پانی ڈالیں اور اسے ملاتی جائیں ، جب بیٹر تیار
ہوجائے تو چمچ کی مدد سے ایک ایک کرکے پنیر کا ٹکڑا بیٹر میں ڈالیں اور اسے
بیسن کی کوٹنگ کرکے فرائی کرتی جائیں ۔ ہری چٹنی یا ٹماٹو کیچپ کے ساتھ سرو
کریں ۔ |
|
|
جھینگا پکوڑا: |
گھر کے فریزر میں جھینگے موجود ہیں تو نکال لیں اور اس کی مدد سے جھینگے
پکوڑے تیار کریں ۔ سب سے پہلے جھینگوں کو چھیل لیں اور دھولیں ، اس کا پانی
اچھی طرح نکال لیں ، پھر اس میں حسب ذائقہ سرخ مرچ پاؤڈر ، نمک اور ہلدی
پاؤڈر ڈال کر 10منٹ کیلئے میرینیٹ کرلیں ۔ اس میں تھوڑا سا لیموں کا رس بھی
شامل کرلیں ۔ دوسری طرف کڑھائی میں تیل ڈال کر اسے گرم کرلیں ، جھینگوں پر
ایک کھانے کا چمچ لہسن ادرک کا پیسٹ، 2کڑی پتہ،2 ثابت ہری مرچوں کا کاٹ لیں
، ایک پیاز کو سلائس میں کاٹ کر ڈالیں ،آدھا چائے کا چمچ گرم مسالہ ڈالیں،
ایک کپ بیسن ڈالیں اور مکس کریں۔ایک کھانے کا چمچ پانی ڈالیں اور مکس کرکے
چمچ کی مدد سے جھینگوں کے پکوڑوں کو گرم تیل میں ڈال کر تلتی جائیں ۔ سنہری
ہوجائیں تو نکال لیں ۔ |
|
|
مونگ کی دال کے پکوڑے: |
اسے بنانے کیلئے مونگ کی دال کو کئی مرتبہ پانی ڈال کر دھوئیں ، پھر جب
پانی صاف نظر آنے لگے تو اس پانی میں ایک گھنٹے کیلئے بھگودیں ، اگر بہت
نرم پکوڑے بنانا چاہیں تو اسے 2گھنٹوں کیلئے بھگوئیں ۔ پھر اس سے پانی کو
اچھی طرح نکال کر چھان لیں ۔ اسے مکسر یا بلینڈر جار میں ڈالیں ، ساتھ ہی
ثابت کشمیری لال مرچ یا ثابت لال مرچ 2عدد ڈالیں ، بلینڈر کو چلائیں ۔جب
پیسٹ بن جائے تو اسے پیالے میں نکال لیں اب اس میں سلائس کئے ہوئے دو چھوٹے
پیاز، ایک کھانے کا چمچ لہسن ادرک کا پیسٹ اور ایک چائے کا چمچ زیرہ ڈالیں
، ساتھ ہی اس میں آدھا چائے کا چمچ گرم مصالحہ اور حسب ذائقہ نمک شامل کریں
، دو عدد ہری مرچ چوپ کرکے ڈالیں ، اس میں2عدد کڑی پتے اور تھوڑا سا ہرا
دھنیا چوپ کرکے شامل کریں، سب چیزوں کو مکس کریں ۔چمچ کی مدد سے پکوڑے کے
بیٹر کو گرم تیل میں تلتی جائیں ، سنہری ہونے پر نکال لیں ۔ |
|
|
پالک پکوڑا: |
اسے بنانے کیلئے حسب ضرورت یا 200گرام بیسن لیں ، اس میں 100گرام پالک چوپ
کرکے شامل کریں ، ساتھ ہی ڈیڑھ چائے کا چمچ ہلدی، 2عدد ہری مرچیں چوپ کرکے
ڈالیں، ڈیڑھ چائے کا چمچ سرخ مرچ پاؤڈر،نمک حسب ضرورت، تین چوتھائی کپ پانی
ڈال کر بیٹر تیار کرلیں ۔ کڑاہی کو گرم کریں ، چمچ کی مدد سے پکوڑے کا بیٹر
تیل میں ڈالیں ، تلتی جائیں ، سنہری ہونے پر نکال لیں ۔ |
|