مزیدار پیسٹریاں بنا کر مشہور ہونا چاہتے ہیں تو یہ کریں!

image
 
اکثر لڑکیوں کو تو کوکنگ کا شوق ہوتا ہی ہے ، لیکن کچھ گھرانوں کے لڑکے بھی کوکنگ اور بیکنگ میں ماہر ہوتے ہیں ، ویسے بھی ہمارے یہاں کہا جاتا ہے کہ مردوں کے ہاتھ میں زیادہ ذائقہ ہوتاہے ۔ آج کل نوجوان نت نئی فیلڈز میں جانا چاہتے ہیں اور نام کمانا چاہتے ہیں ۔ ہمارے یہاں کوکنگ چینلز آنے کے بعد سے شیف کو بھی سلیبریٹی کا درجہ مل گیا ہے ، یہی وجہ ہے کہ اب کوکنگ اور بیکنگ کا شوق رکھنے والے نوجوان اس فیلڈ میں کیرئیر بنانا چاہتے ہیں اور شیف ذاکر، سعادت اور شیف محبوب کی طرح ٹی وی اسکرین پر لوگوں کو کھانے اور مزیدار پیسٹریاں بنانا سکھانا چاہتے ہیں۔ وہ لوگ جو میٹھا یا پیسٹری تیار کرنے میں مہارت حاصل کرنا چاہتے ہیں اور اس فیلڈ کی پڑھائی مکمل کرکے اسے بطور کیرئیر اپنانا چاہتے ہیں ، ان کیلئے اس مضمون میں اہم باتیں بتائی جارہی ہیں ،جن پر عمل کرکے وہ ماسٹر پسیٹری شیف بن سکتے ہیں ۔
 
پیسٹری شیف کی ذمہ داریاں:
ایک پیسٹری شیف کی ذمہ داریوں میں مختلف ذائقوں والے کیکس بنانا، پائیز بنانا اور نت نئے انداز کی بیکڈ میٹھی ڈشز اور مٹھائیاں بنانا شامل ہوتا ہے۔ بڑے ریسٹورنٹس میں جاب کرنے والے شیفس کو بڑے پیمانے پر یہ چیزیں بنانی ہوتی ہیں ، اس کے علاوہ بیکریوں میں کام کرنے والے شیفس کو بھی نت نئے انداز کے کیکس متعارف کروانے ہوتے ہیں ،جس کیلئے وہ تجربے کرتے دکھائی دیتے ہیں، تاکہ لوگوں کو ان کے تیار کردہ کیکس ودیگرآئٹمز پسند آجائیں ۔
 
ایک پیسٹری شیف کی ذمہ داریوں میں گروسری سے متعلقہ اجزا منگوانا، ان کو چیک کرنا، بیکنگ میں استعمال ہونے والی تمام مشینوں کو دیکھنا ، بیکنگ کا حساب کتاب رکھنا، کیکس، بسکٹس، پائیز اور مٹھائی وغیرہ کے اجزا تیار کرنا، بن، بسکٹ وغیرہ کے آٹے گوندھنا، کیکس کی ٹاپنگ تیار کرنا، ان کی سجاوٹ کرنا، اسٹاف سے کام کروانا، اپنی نگرانی میں تمام چیزوں کے ذائقے چیک کرنا اور ان کو اصل مقام تک پہنچانا شامل ہوتا ہے ، ساتھ ہی وہ اپنی مہارت کو اپنی ٹیم کے ساتھ شئیر کرتے ہیں اور ان تک اپنا تجربہ منتقل کرتے ہیں ۔
 
image
 
تعلیمی قابلیت:
اگر بیکر بننا چاہتے ہیں تو اس کیلئے ہائی اسکول لیول کا ڈپلوما یا میٹرک کی تعلیم ضروری ہے ۔اس کے بعد وہ بیکر کی تعلیم کسی بھی کلنری انسٹیٹیوٹ سے حاصل کرسکتے ہیں ، انہیں ڈپلوما کے دوران چیزوں کو ناپنا، ان کی پیمائش کے طریقے، ٹولز کا استعمال ، مختلف پکوان اور کیکس کی تراکیب سکھائی جاتی ہیں ، ساتھ ہی انہیں مختلف بسکٹ، بیکری آئٹمز کی ڈو گوندھنے کے طریقے سکھائے جاتے ہیں ، انہیں کیک کی مختلف ٹاپنگز، گلیز اور فروسٹنگ کرنا سکھایا جاتا ہے۔
 
اسسٹنٹ پیسٹری شیف بننے کیلئے ضروری ہے کہ بیچلر کی ڈگری ہو، انہیں کلنری آرٹس اور پیسٹری شیف کی ڈگری حاصل کرنے کیلئے کسی انسٹی ٹیوٹ میں داخلہ لینا ہوگا، جہاں انہیں اولین پیسٹری شیف کی ذمہ داریوں کے ساتھ ساتھ کچن میں موجود اسٹاف کو سپروائز کرنا سکھایاجاتاہے۔ کچن کی صفائی، نئی مشینوں کا استعمال بھی انہیں سکھایا جاتاہے۔
 
ایگزیکٹو پیسٹری شیف بننے کیلئے کلنری آرٹ اور پیسٹری شیف پر مشتمل گریجویشن کی ڈگری چاہئے ہوتی ہے ۔ اس کی تعلیم حاصل کرنے کے دوران انہیں بیکنگ کی ابتدائی تعلیم کے علاوہ بیرون ممالک کے میٹھے پکوان اورکیکس وغیرہ تیار کرنا سکھایا جاتا mہے ، ان شیفس کو بڑے ہوٹلز ، ریسٹورنٹ اور بیکریوں میں بڑے پپمانے پر کام کرنے کی ٹریننگ فراہم کی جاتی ہے ۔ یہ شیف اپنی نئی تراکیب بھی آزماتے ہیں ،جو ان کی سگنیچر پیسٹری یا ڈش کے نام سے مشہور ہوجاتی ہے ۔اس کے لئے ان کے پاس سرٹیفائڈ ایگزیکٹو پیسٹری شیف، سرٹیفائڈ ماسٹر پیسٹری شیف جیسے کورسز کی ڈگریاں موجود ہونی بھی ضروری ہیں ۔
 
image
 
وہ نوجوان جو پیسٹری شیف بننا چاہتے ہیں وہ کسی بھی اچھے کلنری انسٹیٹیوٹ سے سرٹیفیکٹ یا ڈگری پروگرام میں داخلہ لے کر اپنی پڑھائی مکمل کرلیں ، کلنری آرٹس بیکنگ اور پیسٹری آرٹس میں کئی ادارے ڈگریاں فراہم کررہے ہیں ۔ا ن کیلئے بیچلرز آف پروفیشنل اسٹڈیز پروگرام ان کلنری آرٹس کی ڈگری لینا بہتر رہے گا۔ پڑھائی کے دوران ہی وہ تجربے کیلئے مختلف بیکریوں ، ہوٹلوں میں انٹرن شپس ضرور کریں ، تاکہ انہیں فیلڈ میں کام کرنے کا تجربہ مل سکے، اور پھر وہ ڈگری مکمل کرنے کے بعد مناسب جاب کرلیں ۔ 2015 میں امریکا میں 176,610 لوگ بطور بیکر ملازمت کررہے تھے، جن کی تعداد بڑھتی دکھائی دے رہی ہے ، اب نئے ریسٹورنٹس اور ہوٹلوں کے آنے کے بعد پیسٹری شیف کی مانگ میں اضافہ ہوا ہے ، لہٰذا اس فیلڈ میں جاکر لوگ ناصرف اپنے ذوق و شوق کی تسکین کرسکتے ہیں نت نئے انداز کی پیسٹریاں اور کیکس بناسکتے ہیں ، بلکہ اچھے خاصے پیسے بھی کماسکتے ہیں ۔
YOU MAY ALSO LIKE: