|
|
آئس کریم کا نام سنتے ہی بچے ہوں یا بڑے، دونوں کی خوش ہوجاتے ہیں ۔ذائقے میں میٹھی
اور کھانے میں ٹھنڈی یہ آئس کریمز دنیا بھر کے لوگوں کی پسندیدہ ہے۔ لوگ گرمی ہو یا
سردی، ہر موسم میں ہی اسے کھاتے دکھائی دیتے ہیں ۔ جیسے مختلف ممالک کی ثقافت،
روایات اور پکوان الگ الگ ہوتے ہیں ، بالکل ایسے ہی ان ممالک میں پسند کی جانے والی
آئس کریم کی ساخت اور اس کے اجزا تھوڑے مختلف ہوتے ہیں ۔ اس مضمون میں ہم آپ کو
دنیا کے چند ممالک میں کھائی جانے اور پسند کی جانے والی آئس کریمز کے بارے میں
بتارہے ہیں ، جنہیں جاننا یقیناآپ کیلئے دلچسپی کا باعث ہوگا۔ |
|
قلفی: |
پاکستان ، انڈیا ،بنگلہ دیش ، سری لنکا، نیپال ، برما اور کئی خلیجی
ریاستوں میں ’’قلفی‘‘ بہت پسند کی جاتی ہے۔یہ دودھ سے بنائی جاتی ہے ، یہ
اچھی طرح جمی ہوئی ہوتی ہے ۔ اس کے اجزا پھینٹ کر تیار نہیں کئے جاتے،یہی
وجہ ہے کہ یہ کھانے میں تھوڑی سخت سی ہوتی ہے۔قلفی کو 16ویں صدی سے برصغیر
میں تیار کیا جارہا ہے۔ یہ مختلف ذائقوں میں تیار کی جاتی ہے ، عموماً یہ
ملائی، گلاب، الائچی، زعفرانی اور پستہ فلیورز میں تیار اور پسند کی جاتی
ہے ۔ اس کے علاوہ کچھ ممالک میں اسے مزید کئی پھلوں پر مشتمل ذائقے جیسے
سیب، نارنجی،اسٹرابیری یا بادامی، مونگ پھلی وغیرہ کے ذائقوں میں بھی تیار
کیا جاتا ہے۔ لکڑی کی ڈنڈی کے اردگرد موجود یہ ٹھنڈی قلفی کھانے میں بہت
لذیذ ہوتی ہے ۔ |
|
|
موچی: |
جاپان میں موچی(Mochi)آئس کریم کو بہت پسند کیاجاتا ہے ، اسے وہاں دئیفوکو
(Daifuku)کے نام سے بھی جانا جاتاہے۔کسی مٹھائی کے پیڑے کی مانند نظر آنے
والی اس آئس کریم کا بیرونی حصہ چاول کے آٹے سے تیار کیا جاتا ہے اور اس کے
اندر ڈیری مصنوعات کی مدد سے تیار کردہ آئس کریم بھردی جاتی ہے اور اس پر
کارن فلور یا آلو کی مدد سے تیار آٹے کو چھڑک دیا جاتا ہے ، تاکہ یہ ایک
دوسرے سے چپک نہ سکیں ۔اس آئس کریم کو سب سے پہلے جاپانی نژاد امریکن بزنس
وومن فرانسز ہشیموتو نے تیار کرکے متعارف کروایا تھا۔ یہ چھوٹے ڈمپلنگ کی
مانند تیار کئے جانے والے پیڑے پر مشتمل ہوتی ہے۔ موچی کے کئی ذائقے اور
رنگ ہوتے ہیں ۔اکثر اس میں ونیلا، چاکلیٹ اور اسٹرابیری کی فلنگ استعمال
کیاجاتی ہے ، تاہم کچھ لوگ اس میں کونا کافی، گرین ٹی ودیگر انوکھے ذائقے
بھی شامل کرکے بناتے اور فروخت کرتے ہیں ۔ |
|
|
سوفٹ سروز: |
ہمارے یہاں اسے کون آئس کریم کے نام سے جانا اور فروخت کیا جاتا ہے۔ تاہم
اس کا اصل نام سوفٹ سروز(Soft Serves)ہے، یہ سب سے پہلے امریکا میں متعارف
کروائی گئی تھی۔ یہ آئس کریم زیادہ گاڑھی نہیں ہوتی، اس کے اوپر والے حصے
میں لہریہ انداز میں ڈیری مصنوعات سے تیار کردہ آئس کریم ڈالی جاتی ہے ،
جبکہ نیچے کی جانب بسکٹی ویفل کون موجود ہوتی ہے ۔1930کے بعد سے اس آئس
کریم کو امریکا بھر میں بیچنا شروع کیا گیا۔یہ پیکٹ میں بیچی نہیں جاتی،
بلکہ اس کی مشین آپ کو کسی بھی تفریحی پارک، شاپنگ مال، کارنیوال،ریسٹورنٹ
ودیگر مقامات پر موجود نظر آئے گی، خالی ویفل سے بنی کون میں مشین کی مدد
سے آئس کریم بھر کر بیچی جاتی ہے ، مشین ایک خاص درجہ حرارت پر کام کرتے
ہوئے اس آئس کریم میں ہوا کا عنصر بھی شامل کرتی ہے ، جس سے یہ دوسری آئس
کریموں کے مقابلے میں سوفٹ سی محسوس ہوتی ہے ، یہ آئس کریم بھی ونیلا،
چاکلیٹ ودیگر مختلف ذائقوں میں تیار کرکے بیچی جاتی ہے ۔ |
|
|
جیلاٹو: |
اٹلی میں سب سے پہلے تیار کی جانے والی جیلاٹو(Gelato)آئس کریم اب دنیا کے
مختلف ملکوں میں بھی بہ آسانی دستیاب ہے ۔ اس آئس کریم کو تیار کرنے کیلئے
دودھ اورچینی کو ملاکر مکسچر تیار کیا جاتا ہے ، اس میں سوفٹ سروز یا دوسری
آئس کریموں کی نسبت 75فیصد کم ہوا شامل کی جاتی ہے ، اس لئے یہ گاڑھی ہوتی
ہے۔اسے 16ویں صدی میں اٹالین شیف فرانسیسکو پروکوپیو نے سب سے پہلے تیار
کیا تھا اور اسے اپنے پیرس میں موجود ایک کیفے میں بیچنے کی نیت سے متعارف
کروایا۔اس کے بعد یہ یورپ کے کئی ممالک میں بنائی اور کھائی جانے لگی۔اب یہ
اٹلی کے 5ہزار سے زائد آئس کریم پارلرز کے علاوہ برطانیہ، فرانس، جرمنی
ودیگر میں بڑی مقدار میں فروخت کی جاتی ہے اور اسے اپنے منفرد اور مختلف
ذائقوں کی وجہ سے بہت پسند کیاجاتاہے۔ اسے کپ یا ویفل کون میں لگاکریا ڈال
کر بیچا جاتا ہے۔ |
|