کیا مجھے صحیح لگا؟۔۔۔ایک نوکری پیشہ بیوی کی سوچ

image
 
آج صبح سے ہی میرا موڈ سخت خراب تھا۔۔۔آفس بھی جلدی پہنچنا تھا، بیٹے کو بھی بخار اور گھر کے معاملات کی وجہ سے پھر میاں سے کھٹ پٹ۔۔۔لیکن اگر میں اپنا موڈ خراب کرکے منہ بنا کر بیٹھ گئی تو گھر کام اور باہر کا کام کیسے چلے گا۔۔۔جی ہاں آپ صحیح سمجھے۔۔۔میں ان بیویوں میں سے ہوں جو باہر کام کرتی ہیں ، بچے بھی سنبھالتی ہیں، گھر بھی، میاں بھی، سسرال بھی نبھاتی ہیں، میکہ کو بھی سجاتی ہیں، اور سب سے بڑھ کر اخراجات کی ایک طویل فہرست میں اپنا بھرپور حصہ بھی ڈالتی ہیں۔۔۔لیکن جہاں بات آئی اپنی تو بہت کچھ ٹالتی ہیں۔۔۔اب ایک مہینہ بعد میرے دیور کی شادی ہے اور میں یہ سوچ رہی ہوں کہ پرانے کپڑے پہن لیں گے کیونکہ تحفے میں کیش بھی زیادہ دینے ہیں۔۔۔ہم ایک ہی گھر میں رہتے ہیں۔۔۔میری جٹھانیاں ، میں اور میرا دیور۔۔۔میری شادی کو آٹھ سال ہوگئے ہیں اور میں ان آٹھ سالوں سے ہی نوکری سے وابستہ ہوں۔۔۔
 
میں ابھی انہی سوچوں میں تھی کہ کس جوڑے کا دوپٹہ کس سے میچ کروں تاکہ وہ نیا دکھنے لگے کہ اچانک میری جٹھانی کمرے میں آگئیں۔۔۔ان کے پانچ بچے ہیں اور یہ بچے سنبھالتی ہیں جبکہ میاں نوکری پر جاتے ہیں۔۔۔آتے ہی انہوں نے بیڈ پر رکھے جوڑے کو دیکھ کر مسکرا کر کہا ـ’’ماسی کو دے رہی ہو؟‘‘ پہن بھی بہت لیا تم نے۔۔۔چار بار تو سسرالی شادیوں میں اور دو بار تم اپنے میکے میں بھی پہن کر جا چکی ہو۔۔۔اچھا ہے رگڑ لیا اب بھلے دے دو۔۔۔میں نے تھورے شرمندہ انداز میں انہیں دیکھا اور پھر ہمت جمع کرکے بولی۔۔۔بھابھی یہ میں نے شادی میں پہننے کے لئے ہی نکالے ہیں۔۔۔ڈیزائن تبدیل ہوجائے گا تو بالکل الگ لگے گا۔۔۔
 
image
 
میری جٹھانی نے حیرت سے میری طرف دیکھ کر بولا۔۔۔دماغ خراب ہے کیا تمہارے۔۔۔اتنا کماتی ہو، میاں کماتا ہے، دو بچے ہیں اور کیا ٹینشن ہے جو پیسہ خود پر نہیں خرچ کرتیں۔۔۔چار جوڑے نئے بنالو گی تو کیا ہوجائے گا۔۔۔میں تو ایک لاکھ روپے کا ادھار کرواچکی ہوں ان کا۔۔۔میں نے صاف کہہ دیا تھا کہ میرے اور بچوں کے کپڑے اگر مہنگے نا ہوئے تو میں امی کے گھر چلی جاؤں گی۔۔۔
 
ان کی بات سن کر دماغ نے کئی سوال اٹھائے گھر سے باہر کام کرنے والی خواتین اور گھر میں موجود رہنے والی خواتین کے حوالے سے-
 
image
 
مجھے لگا کہ ہم ورکنگ مائیں اور بیویاں اپنے گھر اور بچوں کا خود سے بھی زیادہ خیال رکھتی ہیں-
مجھے لگا کہ ہم گھروں میں رہنے والی خواتین سے زیادہ اچھی طرح پیسے کا احساس کرتی ہیں-
مجھے لگا کہ ہم کبھی اپنے شوہر سے ناجائز فرمائشیں نہیں کرتیں-
مجھے لگا کہ ہم گھر میں رہنے والی خواتین سے زیادہ اپنے شوہروں کی ضروریات کا خیال رکھتی ہیں-
مجھے لگا کہ ہم اپنے بچوں کی زیادہ اچھی پرورش کرتی ہیں اور ان کے لئے بہترین مثال بنتی ہیں-
اور ان سب سے بڑھ کر مجھے لگا کہ ہم کسی بھی قسم کا دکھاوا نہیں کرتے اور نا ہی کسی بھی قسم کے مقابلے کا حصہ بنتے ہیں۔۔۔
 
اب آپ ہی بتائیں۔۔۔کیا مجھے صحیح لگا؟
YOU MAY ALSO LIKE: