اپنی گاڑی کو چوری سے بچانے کے لیے کچھ ایسے اقدامات جو ہر پاکستانی کو کرنے چاہئیں

image
 
گاڑی کو رکھنا انسان کے شوق کے ساتھ اس کی ضرورت بھی ہوتی ہے ہر انسان کو اپنی سواری سے محبت ہوتی ہے اور اس کی خواہش ہوتی ہے کہ یہ سواری ہمیشہ اس کے ساتھ رہے- گاڑی کا چوری ہو جانا ہمارے معاشرے میں بڑھتی ہوئی چوری کی وارداتوں کے سبب ایک عام سی بات ہے- مگر جس انسان کی گاڑی چوری ہوتی ہے وہ اس ذہنی اور دلی اذیت کا اندزہ لگا سکتا ہے کہ جب محنت کی کمائی ہوئی چیز اس طرح کوئی اور ہتھیا لے- مگر یہ بھی حقیقت ہے کہ گاڑی کے چوری ہونے میں کہیں نہ کہیں ہماری اپنی لاپرواہی کا بھی حصہ ہوتا ہے اور اس چوری سے کچھ حفاظتی اقدامات کرنے سے بچا جا سکتا ہے- آج ہم آپ کو ان ہی اقدامات کے بارے میں بتائيں گے-
 
1: گاڑی کو محفوظ جگہ پر پارک کریں
گاڑی کو پارک کرنے کے لیے ہمیشہ ایسی جگہ کا انتخاب کریں جو کہ محفوظ ہو ایسی جگہ جو تنہا اور سنسان ہو اس جگہ پر گاڑی کو پارک کرنے سے پرہیز کریں- عام طور پر ہر کالونی میں گاڑی کی پارکنگ کو محفوظ بنانے کے لیے ایسے سیکیورٹی گارڈ ہوتے ہیں جو کہ پارک کی ہوئی گاڑیوں کی حفاظت کا خیال معمولی معاوضے کے عوض کرتے ہیں تو آپ بھی گاڑی پارک کرتے ہوئے ایسی ہی جگہ کا انتخاب کریں اس طریقے سے آپ ایک بڑے نقصان سے محفوظ رہ سکتے ہیں-
image
 
2: پارکنگ کے بعد گاڑی پر کور چڑھانا نہ بھولیں
چور کے پاس چوری کے لیے محدود وقت ہوتا ہے اس لیے وہ عام طور پر ایسی گاڑیوں کا انتخاب کرتے ہیں جو کہ کور کے بغیر ہوتی ہیں- اس کے ساتھ ساتھ کور چڑھانے سے آپ گاڑی کے سائڈ مرر اور دیگر حصوں کو بھی چوری سے بچا سکتے ہیں- لہٰذا ہمیشہ گاڑی کو پارک کرنے کے بعد اس کے اوپر مکمل کور ضرور چڑھا دیں تاکہ آپ کی گاڑی اور اس کا سامان محفوظ رہے-
image
 
3: پارکنگ کی جگہ اور شیڈول تبدیل کرتے رہیں
پیشہ ور چور چوری کی واردات سے قبل گاڑی کے حوالے سے مکمل ریکی کرنے کی کوشش کرتے ہیں اور ان کے لیے یہ ایک آسان ہدف ہوتا ہے کہ وہ کسی ایسی گاڑی کا انتخاب کریں جو ہمیشہ کسی خاص جگہ پر ایک خاص وقت تک پارک رہتی ہے- اس وجہ سے وہ واردات کے وقت کا تعین کر سکتے ہیں اس وجہ سے گاڑی کی پارکنگ کی جگہ اور اس کے شیڈول میں تبدیلی کرتے رہیں تاکہ چوروں کی منصوبہ بندی کو ناکام بنایا جا سکے-
image
 
4: قیمتی اشیا گاڑی میں چھوڑنے سے پرہیز کریں
بعض اوقات جلد بازی کے سبب ہم گاڑی کی چابیاں یا اپنے پرس یا موبائل فون گاڑی میں ہی بھول جاتے ہیں- ہماری یہ غلطی درحقیقت چور کو دعوت دینے کے مترادف ہوتی ہے اور وہ گاڑی کو چوری کرنے کی کوشش کر سکتا ہے یا پھر شیشہ توڑ کر ان اشیا کو چوری کرنے کا ارادہ کر سکتا ہے- اس وجہ سے کبھی بھی کوئی قیمتی چیز گاڑی کو پارک کرتے ہوئے گاڑی کے اندر نہ رہنے دیں یہ گاڑی کو غیر محفوظ بناتی ہیں-
image
 
5: گاڑی کے اندر جی پی ایس ٹریکر لازمی لگائيں
گاڑی کے اندر ٹریکر کی موجودگی گاڑی کی لوکیشن سے آگاہ کرنے میں اہم کردار ادا کرتی ہے- اس کے لیے یا تو گاڑی میں باقاعدہ ٹریکر لگوایا جا سکتا ہے یا پھر اپنا کوئی پرانا ٹیبلٹ بھی اس کام کے لیے استعمال کیا جا سکتا ہے اور اس کو گاڑی میں کسی جگہ چھپا کر رکھا جا سکتا ہے- اگر تمام احتیاطوں کے باوجود بھی خدا نخواستہ گاڑی چوری ہو جائے تو یہ ٹریکر گاڑی کی لوکیشن کے بارے میں رہنمائی کر سکتا ہے اور اس طرح چور تک پہنچا جا سکتا ہے-
image
YOU MAY ALSO LIKE: