خبردار! بلوچستان کو کراچی سے ملانے والا ”حب پُل“ مخدوش حالت میں۔۔۔۔ کسی بھی وقت گرِ سکتا ہے!

image
 
حال ہی میں ایک ویڈیو منظر عام پر آئی ہے جوکہ کسی شہری کی جانب سے حب کے ایک پُل کے سامنے کھڑے ہوکر بنائی گئی ہے۔ اس ویڈیو میں بخوبی دیکھاجاسکتا ہے کہ بلوچستان کو کراچی سے ملانے والا ”حب پُل“ مخدوش حالت میں موجود ہے۔ اس کے نیچے موجود ستون (pillers) ٹوٹ پھوٹ گئے ہیں۔ ان کی حالت اس قدر خراب ہے کہ اگر کسی وقت 50 یا اس سے زائد گاڑیاں اسے پُل سے گزرنے کیلئے آجائیں تو پھر خدانخواستہ یہ پُل اتنے وزن کی تاب نہ لاکر گِر سکتاہے اور کئی قیمتی جانیں اس حادثے کا شکار ہوسکتی ہیں۔
 
یہ بات حقیقت ہے کہ حکام ِبالا ابتدا میں ان معاملات پر ذرا بھی توجہ نہیں دیتے، شہری اپنی مدد آپ کے تحت ویڈیوز بناکر یا تصاویر کھینچ کر ان معاملات کی جانب لوگوں کی توجہ مبذول کرواتے دکھائی دیتے ہیں ، اگر وہ ویڈیوز وائرل ہوجائیں اور عدالت یا کسی اور بڑے محکمے کے افسران کی نظروں میں آجائیں تو فوراً ان پر ایکشن ہوجاتاہے، لیکن اگر ویڈیو وائرل نہ ہو تو پھر کوئی ایکشن نہیں لیاجاتا۔ پھر جب خدانخواستہ کوئی حادثہ ہوتا ہے تو مختلف فلاحی تنظیمیں، حکومتی عہدیداران وغیرہ اس معاملے پر توجہ دیتے ہیں، جائے وقوعہ پر پہنچتے ہیں او ر پھر کمیٹی بناکر اس واقعے کی تحقیقات کا حکم دیا جاتاہے، جو بعد میں کسی کام کا نہیں ہوتا۔
 
 
اس وقت ضرورت اس امر کی ہے، شہری کی جانب سے بنائی جانے والی اس ویڈیو کو سیریس لیاجائے اور اس مسئلے کو فوراً دیکھا جائے، کیونکہ حب پُل سے روزانہ سیکڑوں گاڑیاں مختلف اوقات میں گزرتی ہیں، ان گاڑیوں میں بیٹھے لوگوں کو اندازہ بھی نہیں ہوتا کہ وہ جس پُل سے گزررہے ہیں، اس کے پِلرز(ستون) نہایت مخدوش حالت میں ہیں، اس لئے وہ بے فکر ہوکر وہاں سے گزرتے ہیں۔ چونکہ یہ پُل بلوچستان کو کراچی سے ملاتا ہے، لہذا اس کی اہمیت بھی بہت ہے۔
 
اس ویڈیو کو پی ٹی آئی کے ایم این اےڈاکٹر عامر لیاقت حسین نے بھی ٹوئٹر پر شیئر کیا، ساتھ ہی انہوں نے لکھا کہ کسی بھی وقت بدترین حادثہ پیش آسکتاہے، متعلقہ حکام توجہ فرمائیں۔ تاہم اس کے بعد سندھ حکومت کے ترجمان مرتضیٰ وہاب شاہ نے ٹوئیٹ کیا کہ پل کی حالت ٹھیک ہے ، ویڈیو کسی ایک اینگل سے بنائی گئی ہے۔
 
اگر حکام ِبالا کو حب چوکی پر موجود اس پُل کی حالت ٹھیک لگتی ہے تو پھر جس اینگل سے ویڈیو بنائی گئی ہے ، اس میں نظرآنے والے ”حب پُل“ کے پلرز کی مخدوش حالت کو ٹھیک کرنے کی فوری ضرورت ہے، مرمت کے لئے اگر پُل کو کچھ دنوں کیلئے بند کردیا جائے اور لوگوں کو اطلاع فراہم کردی جائے تو انہیں آسانی ہوگی۔ یہاں ان لوگوں کو خبردار کرتے چلیں جو لوگ اس پُل سے گزرتے ہیں، وہ ان دنوں سفر کرتے ہوئے احتیاط کریں تاکہ وہ کسی حادثے کو شکار نہ ہوسکیں۔
YOU MAY ALSO LIKE: