کورونا اور بارش سے متاثرین کو پیسے ملیں گے؟

image
 
اس وقت بھی اندرون سندھ کے کئی دیہات بارش سے شدید متاثر ہیں، لوگوں کے گھر پانی میں بہہ گئے ہیں، ان کی چھتیں اُڑ گئی ہیں، ساتھ ہی گھر کا سازوسامان تک بارش کے پانی کی نذر ہوگیا ہے۔ طوفانی بارش کی وجہ سے ہونے والی تباہی سے لوگ اب تک نہیں نکل پائے۔ دوسری طرف کورونا متاثرین بھی شدید مشکلات کا شکار دکھائی دیتے ہیں، لوگوں کے مسائل کو طویل عرصے تک جاری رہنے والے لاک ڈاؤن نے مزید بڑھا دیا ہے۔ لاک ڈاؤن کے نتیجے میں کاروبار ٹھپ اور کئی لوگوں کا روزگار ختم ہوچکا ہے۔ جس کی وجہ سے لوگوں کو مالی مشکلات کا بھی سامنا ہے، جسے بارش کے بعد ہونے والی تباہی نے مزید بڑھا دیا ہے۔لوگوں کے پاس اتنی رقم نہیں ہے کہ وہ اپنے گھروں کی دوبارہ تعمیر شروع کرسکیں۔
 
لوگوں کی ان ہی مشکلات کو دیکھتے ہوئے سندھ حکومت کی جانب سے کرونا وائرس کے متاثرین، بارش اور لاک ڈاؤن سے متاثر ہونے والے افراد میں رقم کو تقسیم کرنے کا ایک سلسلہ شروع کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے، تاکہ ان متاثرین کی مشکلات کا ازالہ ممکن ہوسکے۔
 
image
 
لوگوں میں رقم تقسیم کا فیصلہ گزشتہ دنوں چیف سیکریٹری سندھ سید ممتاز علی شاہ کی زیر صدارت ہونے والے ”معاشرتی تحفظ و معاشی استحکام“ کے اجلاس میں کیا گیا ہے۔ جس کے مطابق اگلے ہفتے سے کراچی ڈویژن کے 10یونین جونسل سے متاثرہ افراد کے اعدادوشمار اکٹھا کرنے کاعمل شروع کیا جائے گا، اکتوبر تک پورے صوبے کے اعداد وشمار اکھٹے کرلئے جائیں گے، جس کے تحت سندھ سوشل رجسٹری نمبر دیا جائے گا،اس کے بعد موبائل سے ایس ایم ایس کے ذریعے رجسٹریشن کا آغاز کیا جائے گا۔ جس کی تصدیق کے بعد نومبر میں کورونا، بارش اور لاک ڈاؤن سے متاثرہ افراد کو پیسے دینا شروع کئے جائیں گے۔
 
اجلاس میں یہ فیصلہ بھی سامنے آیا کہ جلد ہی ایک کمیٹی بارش سے متاثرہ اضلاع کی معلومات ڈپٹی کمشنرز سے حاصل کرے گی اور آئندہ 10روز میں بارش سے متاثرہ افراد میں بھی رقم تقسیم کرنے کا عمل شروع کردیا جائے گا۔ چیف سیکریٹری کا کہنا ہے کہ صوبائی حکومت نے بجٹ میں سوشل پروٹیکشن پر توجہ دی ہے اور حکومت نے سوشل پروٹیکشن کیلئے 34ارب روپے رکھے ہیں۔ یہ رقم مختلف طریقو ں سے عوام تک پہنچائی جائے گی۔ساتھ ہی متاثرین کو چھوٹے قرضوں کی فراہمی بھی کی جائے گی تاکہ وہ اپنے کاروبار کو شروع کرسکیں۔
 
 یہ بھی یاد رہے کہ وزیر اعلیٰ سندھ نے بھی 700ملین کی رقم بارش سے متاثر ہونے والے لوگوں کی خدمت کیلئے مختص کی ہے، تاکہ لوگوں کو کھانے کی فراہمی، مچھروں سے محفوظ رہنے کیلئے حفاظتی نیٹ، بارش سے تباہ ہونے والے گھروں کے لوگوں کو ٹینٹ کی فراہمی کو ممکن بنایا جاسکے۔
 
image
 
اجلاس میں متاثرین میں رقم تقسیم کرنے کا فیصلہ تو کرلیا گیا ہے، لیکن لوگوں کو اس حوالے سے آگاہی دینے کی ضرورت ہوگی تاکہ اصل حقداروں تک رقوم کی فراہمی کو ممکن بنایا جاسکے۔ ساتھ ہی اس ضمن میں مختص کی گئی رقم کی مکمل جانچ پڑتال کی جائے کہ آیا پوری رقم لوگوں میں تقسیم کی بھی گئی ہے یا نہیں،کیونکہ اکثر اس طرح کے فنڈز میں لوگ کرپشن کرتے ہیں اور پوری رقم لوگوں میں تقسیم ہی نہیں کی جاتی۔
YOU MAY ALSO LIKE: