|
|
عام طور پر قدرت نے انسان کے اندر ایک ایسا قدرتی مکینزم رکھا ہے جو کہ انسانی آنکھ
کو بیرونی گرد و غبار سے محفوظ رکھتے ہیں ان میں پلکیں پپوٹے اور آنسو شامل ہوتے
ہیں جن سے آنکھیں دھلتی رہتی ہیں- مگر اس کے باوجود بعض اوقات کچھ بیرونی ذرات
حادثاتی طور پر آنکھ میں داخل ہو جاتے ہیں جن کی رگڑ کے باعث نہ صرف آنکھ میں شدید
تکلیف ہوتی ہے بلکہ بار بار اس میں خارش کی وجہ سے آنکھ جیسے نازک حصے میں زخم پڑنے
اور یہاں تک کہ آنکھ کے ضائع ہو جانے کا بھی خطرہ پیدا ہو جاتا ہے- ایسی صورتحال
میں فوری طور پر کیا اقدامات کرنے چاہیے ہیں ان کے بارے میں ہم آپ کو بتائیں گے- |
|
1: ہاتھوں کو اچھی طرح صابن سے دھوئيں |
اگر آنکھ میں کچھ چلا جائے تو انسان کا ہاتھ بے ساختہ اپنی آنکھ کی جانب
بڑھتا ہے مگر اپنے ہاتھوں سے آنکھ کو صاف کرنے سے قبل سب سے پہلے ہاتھوں کا
صاف ہونا ضروری ہوتا ہے کیوں کہ آنکھ ایک نازک حصہ ہوتا ہے اور ہاتھوں میں
موجود جراثیم آنکھ کی تکلیف میں اضافے کا باعث بھی ہو سکتے ہیں- اس لیے اس
صورت میں سب سے پہلے ہاتھوں کو اچھی طرح سے صابن سے دھو لینا چاہیے اس کے
بعد ہاتھوں سے آنکھ پر تازہ پانی کے چھینٹے ماریں تاکہ اگر کوئی گرد و غبار
آنکھ میں داخل بھی ہوا ہے تو وہ صاف ہو جائے- |
|
|
2: آنکھوں کو رگڑنے کے بجائے بار بار
جھپکیں |
آنکھوں کو ہاتھوں سے رگڑنے کی وجہ سے اس بات کا اندیشہ ہوتا ہے کہ آنکھ میں
موجود ذرہ اور اس کی رگڑ آنکھ میں زخم ڈالنے کا باعث بن جائے اس کے بجائے
بہتر یہ ہے کہ آنکھ کو بار بار جھپکیں- اس کی وجہ سے آنکھ سے نکلنے والا
پانی اس ذرے کو قدرتی طور پر بہا لے جائے گا اور باہر نکال دے گا اور آنکھ
کے اس پانی کے سبب قدرتی طور پر آنکھ میں ہونے والی جلن اور خارش کو بھی
آرام مل جائے گا- |
|
|
3: آنکھ کو تیزی سے اوپر نیچے گھمائیں
|
اگر آنکھ میں کچھ چلا جائے تو اس صورت میں آنکھ کے ڈھیلوں کو تیزی سے حرکت
دیں ڈھیلوں کی اس حرکت سے آنکھ میں موجود ذرہ سامنے آجائے گا اور ان کی
حرکت کے سبب آنکھ سے باہر آجائے گا- اس سبب رگڑ کا عمل نہ ہونے کے سبب آنکھ
کو کم سے کم نقصان پہنچنے کا اندیشہ ہوتا ہے- |
|
|
4: کان صاف کرنے کی تیلی یا کیو ٹپ کی مدد
|
اگر ان تمام تدابیر سے بھی آنکھ میں موجود ذرہ باہر نہ آرہا ہو تو اس صورت
میں کیو ٹپ کی مدد سے اس ذرہ کو نکالا جا سکتا ہے- اس کے لیے جس آنکھ میں
ذرہ گیا ہو اس کے پپوٹے کو اوپر کی جانب دھیرے سے اٹھائیں اور نرمی سے اس
آنکھ میں کان صاف کرنے والی تیلی کا روئی والا حصہ پھیریں- اس روئی کے ساتھ
وہ ذرہ چپک جائے گا اور آنکھ صاف ہو جائے گی- |
|
|
5: کچھ دیر کے لیے آنکھ کو پانی میں بھگو
دیں |
کسی بھی کھلے منہ والے برتن میں صاف پانی لے لیں اس کے لیے کھلے منہ والے
پیالے کا استعمال کیا جا سکتا ہے اور اس کے اندر متاثرہ آنکھ کو بھگو لیں
اور بار بار جھپکیں اس طرح اندر باہر جاتے ہوئے پانی سے آنکھ صاف ہو جائے
گی اور تکلیف دہ ذرہ نکل جائے گا- |
|
|
6: کسی دوست کی مدد حاصل کریں |
آنکھ کا معاملہ ایک نازک معاملہ ہوتا ہے اور آنکھ چونکہ عضو بصارت ہے اس
وجہ سے آنکھ میں ہونے والی تکلیف کا جائزہ انسان خود بہت مشکل سے لے سکتا
ہے- اس وجہ سے اس امر کا اہتمام ضروری ہے کہ آنکھ میں ہونے والی تکلیف کا
علاج کرنے کے لیے کسی دوست یا فریبی فرد سے مدد لے لیں جو کہ اس ذرے کو
نکالنے میں زیادہ بہتر مدد کر سکتا ہے- |
|