کیا میں شادی کرنے کے لیے تیار ہوں؟ کچھ ایسے سوالات جو شادی سے قبل ہر مرد کو ضرور خود سے پوچھنے چاہئیں

image
 
شادی کے متعلق بجا طور پر یہ کہا جاتا ہے کہ یہ وہ لڈو ہوتا ہے جو کھائے وہ بھی پچھتائے اور جو نہ کھائے وہ بھی پچھتائے- عام طور پر ہر غیر شادی شدہ انسان کے لیے شادی ایک خواب کی مانند ہوتی ہے اور خاص طور پر مردوں کے لیے تو شادی کا مطلب بہت ہی خاص ہوتا ہے کیوں کہ زیادہ تر لڑکوں کو یہ محسوس ہوتا ہے کہ شادی کے نتیجے میں ایک پیار کرنے والی لڑکی ان کی زندگی میں شامل ہو جائے گی جو ان کی ہر ضرورت کا خیال رکھے گی صبح ہاتھ میں چائے کا کپ لے کر پیار سے جگاۓ گی ۔ اس کے بعد دفتر کے لیے تیار کروا کر دروازے تک چھوڑنے آئے گی اور شام کو لذیذ کھانے پکا کر اچھے کپڑے پہن کر تیار ہو کر ان کا انتظار کرے گی- شادی کے بعد ہر دن عید اور ہر رات شب برات ہو گی مگر حقیقی زندگی کے مسائل کا جب ان کا سامنا کرنا پڑتا ہے تو ان کو شادی ایک خواب سے زيادہ عذاب محسوس ہونے لگتی ہے- اس وجہ سے یہ ضروری ہے کہ جس طرح لڑکیوں کو شادی سے قبل امور خانہ داری میں ماہر کیا جاتا ہے اسی طرح لڑکوں کو بھی شادی سے قبل کچھ حوالوں سے تیاری کی اشد ضرورت ہوتی ہے اس وجہ سے آج ہم نے ایک سوالنامہ ترتیب دیا ہے جس کے جوابات کی تیاری کے بعد ہی کسی لڑکے کو شادی کا فیصلہ کرنا چاہیے-
 
1: کیا آپ ایک گھر کی ذمہ داری اثھانے کے اہل ہیں ؟
شادی کرنے کا مطلب یہ ہے کہ آپ ایک نئی زندگی شروع کرنے جا رہے ہیں اور ایک نئے گھر کی ضروریات کی تکمیل درحقیقت آپ کی اولین ذمہ داری ہو گی- اس حوالے سے معاشی طور پر استحکام اس گھر کے سکون کے لیے سب سے اہم شرط ہے کیا آپ اس قابل ہیں کہ ان اخراجات کی تکمیل کر سکیں ؟
 
2: کیا آپ پرانے رشتوں کے ساتھ نئے رشتوں کے درمیان توازن برقرار رکھنے کے اہل ہیں ؟
عام طور پر ہمارے گھروں میں مشترکہ خاندانی نظام ہوتا ہے گھر میں ماں باپ بہن بھائيوں کی موجودگی کے ساتھ ساتھ بیوی کے روپ میں ایک نئے فرد کا اضافہ ہو جائے گا- کیا آپ ان رشتوں میں توازن برقرار رکھنے کے ہنر سے واقف ہیں کیا آپ ماں اور بیوی کے تصادم کے نتیجے میں عدل کے ساتھ فیصلہ کرنے کی صلاحیت رکھتے ہیں- کیا آپ نئے رشتے کی کشش میں پرانے رشتوں کو فراموش تو نہیں کر دیں گے ؟
 
image
 
3: کیا آپ حقوق و فرائض کے بارے میں پوری طرح آگاہ ہیں ؟
میاں بیوی کا تعلق اسی وقت پرسکون ہو سکتا ہے جب کہ اس میں حقوق و فرائض کی بجا آوری دونوں فریقین کی جانب سے بہترین انداز میں ہو جس طرح آپ کی بیوی آپ کے حقوق ادا کرنے کی پابند ہے اسی طرح آپ کے بھی کچھ فرائض ہیں جو کہ بیوی کے حوالے سے آپ پر واجب ہیں- اس کے نان نفقہ کی ذمہ داری کے ساتھ ساتھ اس سے محبت اور اس کا خیال رکھنا بھی آپ کا فرض ہے کیا آپ اپنی ذات سے باہر نکل کر دوسرے فرد کا خیال رکھنے کے اپنے فرض سے آگاہ ہیں؟
 
4: کیا آپ مجازی خدا بننے کے اہل ہیں ؟
شوہر کو عورت کا مجازی خدا قرار دیا جاتا ہے اور بیوی پر اس کے شوہر کا عزت و احترام لازم قرار دیا گیا ہے- مگر سوال یہ ہے کہ کیا آپ نے خود کو اس قابل ثابت کرنے کے لیۓ کوئی کوشش کی ہے ؟ کیا آپ نے اپنے اندر وہ اخلاقی برتری پیدا کی ہے جس کے باعث آپ کو مجازی خدا قرار دیا جا سکے ؟ کیا آپ غلطیوں کو معاف کرنے والے اور مہربانی کرنے والے ہیں ؟ کیا آپ عورت کی عزت و احترام کے قائل ہیں؟
 
image
 
5: کیا آپ گھر کے سربراہ کی حیثيت سے قربانیاں دینا جانتے ہیں ؟
گھر کے سربراہ کی حیثیت ایک سایہ دار درخت کی مانند ہوتی ہے جو خود تو تکلیف میں رہتا ہے مگر اپنے نیچے بیٹھنے والوں کو سایہ دیتا ہے- شادی کے بعد آپ کی حیثيت گھر کے سربراہ کی ہو جائے گی کیا آپ اس حیثیت کے اہل ہیں ؟ کیا آپ اپنے قریبی لوگوں کے لیے قربانی دینے کے ہنر سے واقف ہیں ؟
YOU MAY ALSO LIKE: