ہمارا پاکستان۔۔۔پاکستان سے متعلق چند دلچسپ حقائق۔۔ جنہیں پڑھ کر آپ کو پاکستانی ہونے پر فخر محسوس ہوگا

 
image
 
جس ملک میں ہم رہتے ہیں، اس ملک کو کئی حوالوں سے دنیا بھر میں مقبولیت حاصل ہے، لیکن بہت سے پاکستانیوں کو اس بارے میں پتابھی نہیں ہے۔ یہی وجہ ہے کہ کئی لوگ اکثر اپنے ملک کی بُرائی کرتے دکھائی دیتے ہیں جوکہ ایک نامناسب سی بات ہے، قومیں اس وقت زندہ رہتی ہیں، جب وہ اپنے ملک کی عزت کو بڑھاتی ہیں، ناکہ اس پر تنقید کرنے کا سلسلہ دراز کرکے اس کے امیج کو خراب کرتی ہیں۔
 
بطور پاکستانی ہمیں فخر ہونا چاہئے کہ پاکستان کے پاس دنیا کے کئی انوکھے اعزازات ہیں۔ اس مضمون میں پاکستان سے متعلق چند دلچسپ حقائق کے بارے میں بتایا جارہاہے، جنہیں پڑھ کر آپ کو پاکستانی ہونے پر فخر محسوس ہوگا۔
 
پہلا نظریاتی ملک:
پاکستان وہ پہلا ملک ہے، جو کہ ایک خاص نظرئیے یعنی دو قومی نظرئیے اور اسلامی تصوارت کی بنا پر وجودمیں آیا۔ مسلمانوں کو اپنے رہنے کیلئے ایک ایسے ملک کی ضرورت تھی جہاں وہ شعائر اسلام کی پابندی بلاروک ٹوک کرسکیں۔ یہی وجہ ہے کہ پھر مسلمانوں کیلئے اسلام کے نام پر ایک علیحدہ ملک بنانے کی جدوجہد کی۔دنیا کا دوسرا نظریاتی ملک اسرائیل ہے، جو کہ 1948میں وجود میں آیا۔ لیکن پاکستانی قوم کو دنیا کی پہلی نظریاتی قوم ہونے کا اعزاز ہمیشہ حاصل رہے گا۔
 
image
 
دنیا کی سب سے گہری بندرگاہ:
صوبہ بلوچستان کے ساحلی مقام گوادر بندرگاہ کو دنیا کی سب سے بڑی اور گہری بندرگاہ (Deep sea port)ماناجاتاہے۔ 1958تک یہ عمان کے قبضے میں تھا، اس کے بعد اُس وقت کے وزیر اعظم فیروز نون خان نے5.5بلین ڈالر دے کر خرید لیا، جس میں سے ایک بلین ڈالر کی رقم پرنس کریم آغاخان نے دی۔
 
image
 
 دنیا کا آٹھواں عجوبہ، شاہراہ قراقرم
شاہراہ قراقرم کا پُرانا نام سلک روٹ تھا، اس کی مجموعی لمبائی 1300کلو میٹر ہے، یہ حسن ابدال سے شروع ہوکر پنجاب، خیبر پختونخوا اور گلگت بلتستان جاتی ہے اورپھر خنجراب پاس کے بعد چین میں داخل ہوجاتی ہے۔ شاہراہ قراقرم کا شمار دنیا کی بلند ترین سڑکوں میں ہوتاہے، جو خنجراب پاس پر سمندر کی سطح سے 4ہزار714میٹر کی بلندی سے گزرتی ہے۔ انتہائی دشوار گزار راستوں کو کاٹ کر بنائی گئی اس منفرد شاہراہ کو دنیاکاآٹھواں عجوبہ بھی ماناجاتاہے۔
 
image
 
دنیا کی دوسری سب سے بڑی نمک کی کان“کھیوڑہ“
ضلع پنجاب میں واقع یہ کان اسلام آباد سے 160کلومیٹر کے فاصلے پر واقع ہے۔ یہ جنوبی ایشیا کی قدیم ترین نمک کی کان ہے اور دنیا کادوسرا بڑا خوردنی نمک کا ذخیرہ ہے۔ یہاں سے سالانہ3لاکھ 25ہزار ٹن نمک نکالا جاتاہے۔ کہاجاتاہے کہ یہاں 6.687بلین ٹن نمک موجودہے۔ یہ کان 110مربع کلومیٹر رقبہ پر پھیلی ہوئی ہے، ا س میں 19منزلیں بنائی گئی ہیں، جس میں 11منزلیں زیرِ زمین ہیں ۔کان کے مختلف حصوں میں کچھ عمارات بھی بنائی گئی ہیں، ان میں سب سے مشہور نمک کی اینٹوں سے بنائی گئی مسجد ہے، جس میں بجلی کے قمقمے نصب کئے گئے ہیں۔جنہیں دیکھنے کیلئے سیاحوں کی بڑی تعداد یہاں آتی ہے۔
 
image
 
نوجوانوں کی بڑی تعداد رکھنے والا ملک:
2018میں پاکستان میں نوجوانوں کی تعداد تاریخ کی بلند ترین سطح پر پہنچ گئی تھی، اس وقت سے پاکستان کا شمار نوجوانوں کی تعداد کے حساب سے ایشیا میں دوسرے نمبر پر ہے۔ پاکستان کی 64فیصد عوام 30یا اس سے کم عمر لوگوں پر مشتمل ہے، یہی وجہ ہے کہ پاکستان ایشیا میں افغانستان کے بعد دوسرا ملک ہے، جہاں نوجوانوں کی تعدادزیادہ ہے۔
 
image
 
اسلامی دنیا کی پہلی ایٹمی قوت:
پاکستان دنیا کی وہ واحد اسلامی ریاست جسے ایٹمی ملک ہونے کا درجہ حاصل ہے۔ایوب خان کے دور میں پاکستان کا پہلا کمرشل نیوکلیئر پاور ری ایکٹر قائم کیاگیاتھا۔پاکستان نے ایٹمی قوت ہونے کا پہلا کا مظاہرہ28مئی 1998میں ایٹم بم دھماکے کرکے کیا۔
 
image
 

تعداد کے حساب سے دنیا کی چھٹی بڑی فوجی قوت:

پاکستانی فوج تعداد کے اعتبار سے دنیا کی چھٹی سب سے بڑی فوج ہے۔ 2017میں ورلڈ بینک کی جانب سے جاری کردہ رپورٹ کے مطابق پاکستانی افواج کی مجموعی تعداد 9لاکھ 35ہزارتھی جو اب بڑھ کر 12لاکھ 4ہزار تک جاپہنچی ہے۔ 2019میں گلوبل فائر پاور کی جانب سے جاری کردہ اعدادوشمار کے مطابق پاکستان کا دفاعی بجٹ 7ارب ڈالرز ہے۔

 
 
image
 

قومی ترانہ دھن اور میوزک کے اعتبار سے پہلے نمبر پر:

دھن اور میوزک کے اعتبار سے پاکستان کا قومی ترانہ دنیا میں پہلے نمبر ہے۔ ویب سائٹ ”دی ٹاپ ٹین“ کے مطابق دھن اور میوزک کے حساب سے پاکستان پہلے، انڈیادوسرے اور روس تیسرے نمبر پر ہے۔

 
image
 
ایشیا کا سب سے اونچا ریلوے اسٹیشن، کان مہتر زئی:
پاکستان میں ایشیا کا سب سے اونچا ریلوے اسٹیشن ”کان مہترزئی“ موجود ہے۔کوئٹہ میں موجود اس ریلوے اسٹیشن کا کوڈkzz ہے اور یہ پاکستان ریلوے کے زیر نگرانی ہے۔جب کوئٹہ میں برف باری ہورہی ہو تو یہ ریلوے اسٹیشن بھی سفید برفیلی چادر سے جیسے ڈھک سا جاتاہے، جوکہ دیکھنے میں ایک خوابناک سا منظرلگتاہے۔
 
image
 

دنیا کی سب سے بڑی ایمبولینس سروس:

اکثر پاکستانی مشکل وقت میں سب کی مدد کرنے کیلئے تیار دکھائی دیتے ہیں، اس کی ایک مثال پاکستان کی ایدھی ایمبولینس سروس ہے، جس کے بانی عبدالستار ایدھی تھے۔ انہوں نے اس سروس کی بنیاد1951میں رکھی تھی اور اپنے انتقال (2016)تک انہوں نے اسے بخوبی سنبھالا، اب ان کی اہلیہ اور بیٹا اس سروس کا انتظام سنبھالے ہوئے ہیں۔ ایدھی ایمبولینس سرور کو گنیز بک آف ورلڈ ریکارڈ کی جانب سے دنیا کی سب سے بڑی ایمبولینس سروس ہونے کا خطاب بھی دیاگیاہے۔

 
image
 

دنیا کا اونچا ترین پولو گراؤنڈ:

ضلع چترال کی شندور ویلی میں واقع پولو گراؤنڈ کو دنیاکا سب سے اونچا پولو گراؤنڈ مانا جاتاہے، اس گراؤنڈ میں ہر سال شندور پولو فیسٹیول کا انعقاد کیاجاتاہے، جس میں ہزاروں لوگ شریک ہوتے ہیں۔
 

image
 
 دنیا کا دوسرا بلند ترین پہاڑ:
”کے ٹو“کا شمار دنیا کے اونچے ترین پہاڑوں کی فہرست میں دوسرے نمبر پر ہوتاہے۔ یہ سطح سمندر سے 28ہزار251فٹ بلند ہے۔اسے پہاڑ کو سر کرنے کیلئے دنیابھر سے کوہ پیما پاکستان کا رُخ کرتے ہیں۔ اب تک ملکی و غیر ملکی 300 کئی کو پیما اس کو سر کرنے میں کامیاب ہوئے ہیں، جبکہ 77کوہ پیما اس مشکل چوٹی کو سر کرنے میں ناکام بھی رہے ہیں اور اپنی جانوں سے ہاتھ دھوبیٹھے ہیں۔
 
image
 

کم عمرترین نوبیل انعام یافتہ ملالہ یوسف زئی:

پاکستان کی بیٹی ملالہ یوسف زئی کو 2014میں تعلیمی شعبے میں بہترین خدمات اداکرنے کے نتیجے میں نوبیل انعام سے نوازا گیاتھا، اس وقت ان کی عمر17سال تھی، یوں پاکستان سے تعلق رکھنے الی اس لڑکی کو دنیاکی کم عمر ترین نوبیل انعام یافتہ ہونے کا اعزاز حاصل ہے۔

 
image
YOU MAY ALSO LIKE: