درختوں سے پیار کا انوکھا اظہار ، گھروں کی تعمیر بنا درختوں کو کاٹے کیسے کی گئی؟ دیکھئے منفرد تصاویر

image
 
درخت کو انسانوں کا دوست یا زمین کا زیور مانا جاتاہے ۔ یہ انسانوں کو آکسیجن فراہم کرتے ہیں، سایہ اور پھل فراہم کرتے ہیں اور ساتھ ہی ساتھ یہ ماحول کو آلودگی سے بھی بچاتے ہیں ۔ تاہم جیسے جیسے آبادی بڑھ رہی ہے ، مختلف مقامات پر درختوں کو کاٹ کر بلڈنگز/ رہائشی عمارات بنائی جارہی ہیں، جہاں لوگ دھڑادھڑ آباد ہورہے ہیں ۔جبکہ تصویر کا دوسرا رُخ یہ بھی ہے کہ دنیا میں کئی ایسے لوگ بھی ہیں ، جنہوں نے گھر کی تعمیر کے دوران درمیان میں آنے والے درختوں کو کاٹا نہیں بلکہ انہیں اپنے مقام پر ہی رہنے دیا ۔ ان کے گھروں میں موجود درخت اس بات کا ثبوت ہیں کہ یہ لوگ درختوں سے پیار کرتے ہیں ، انہیں اندازہ ہے کہ درختوں پر بھانت بھانت کے پرندوں کے گھونسلے ہوتے ہیں ، جوکہ درخت کاٹنے کی صورت میں بے گھر ہوجائیں گے ۔
 
 ایک طرف ان کی درختوں سے محبت تو دوسری طرف ان میں پرندوں کے بے گھر ہونے کا احساس اس بات کا ثبوت ہے کہ دنیا میں اچھے لوگ اب بھی موجود ہیں ، جو اپنے اشرف المخلوقات ہونے کا پورا حق اداکرتے ہیں ۔ وہ اپنے اردگرد کے ماحول، درختوں اور چرند پرند کا بھی خیال رکھتے ہیں ۔ آئیے آپ کواس مضمون میں ان چند گھروں کی تصاویر دکھاتے ہیں ، جن کے مالکان نے گھروں کی تعمیر کے دوران درختوں کو کاٹا نہیں بلکہ انہیں اپنے مقام پر ہی رہنے دیا۔
 
اس گھر کو دیکھیں ، جس کے دروازے کی تعمیر کے وقت یہ آم کا درخت یقینا رکاوٹ کا باعث بن رہاہوگا ۔ تاہم گھر کے مالک نے اسے اسی طرح رکھنے کا فیصلہ کیا ۔ یہ گھر کراچی کے رہائشی ابرار احمد کا ہے ، جنہوں نے آم کے درخت کو کٹائی سے بچانے کے لئے داخلی راستے میں ہی رہنے دیا ، جوکہ کراچی کے دیگر شہریوں کیلئے ایک مثال ہے۔ ان دنوں جو لوگ گھروں کی تعمیر کررہے ہیں ، انہیں بھی اپنے گھر کے درمیان میں آنے والے درختوں کی حفاظت کو یقینی بنانے کیلئے اسی طرح کے اقدامات کرنے کی ضرورت ہے ۔ تاکہ شہر میں ہریالی برقرار رہے اور ماحول بھی آلودگی سے پاک رہ سکے ۔
 
image
 
ٹیکساس، امریکا میں موجود اس گھر کو دیکھیں جسے ’’الٹر اسٹوڈیو آرکی ٹیکچر“ نے ڈیزائن کیا ۔ انہوں نے گھر کے مالک کی ہدایات پر عمل کرتے ہوئے اس گھر کی تعمیر کے دوران یہاں موجود درختوں کو ان کے مقام پر ہی رہنے دیا۔ درختوں کو بچانے کیلئے چھت کو اس مقام سے کھلا چھوڑ دیا گیا ۔ تاکہ درخت اپنی جگہ موجود رہیں ۔ اس گھر میں سوئمنگ پول کے پاس بھی ایک شاہ بلوط کے درخت کو اس کی جگہ پر ہی رہنے دیاگیا ، جوکہ درختوں سے محبت کی ایک بہترین مثال ہے۔
 
image
 
اس گھر کو دیکھیں ، جس کے مالک نے اس درخت کو کاٹنے کے بجائے گھر کی دیوار کو خوبصورتی سے گولائی میں بنواکر اسے کھلا چھوڑ دیا ت اکہ درخت کا تنا اور اس کی شاخوں کو کوئی نقصان نہ پہنچ سکے ۔ اگر انسان کو کسی چیز سے لگاؤ ہو تو وہ اس کیلئے گنجائش نکال ہی لیتاہے ۔ بالکل ایسا ہی اس گھر کے مالک نے درخت کو اس کے مقام پر رکھ کر اس کی گنجائش نکال کراس سے اپنی محبت کاثبوت دیا ہے ۔
 
image
 
اٹلی کی ایک آرکیٹیکچر فرم ”کوک اوسٹیریا اینڈ پیزیریا“ نے اس جدید گھر کو تعمیر کرنے کے دوران درخت کو اس خوبصورتی سے اس کی جگہ پر رہنے دیا کہ دیکھنے والے ان کی مہارت پر داد دینے پر مجبورنظر آئے ۔ انہوں نے گھر کے درمیانی ہال میں موجود اس درخت کو اردگرد شیشے لگاکر اس کی جگہ پر محفوظ کرلیا ۔ ساتھ ہی چھت پر درخت کو مناسب روشنی فراہم کرنے کیلئے شیشے کے پینل لگائے تاکہ اس کی مدد سے درخت کو مناسب روشنی مل سکے ۔
 
image
 
اس گھر کو دیکھیں، جس کی تعمیر کے دوران سیڑھیوں کے مقام پر درخت موجود تھا ۔ تاہم مالک نے نہایت ہی خوبصورتی سے اس درخت کو اس کے مقام پر رہنے دیا اور اس کی جگہ چھوڑ کر سیڑھیوں کے اسٹیپ بنوا لئے ۔ یہ درخت مکان مالک کی درختوں سے محبت کا منہ بولتا ثبوت ہے۔
 
image
 
تہران میں موجود اس رہائشی عمارت ”نیاواران ریزی ڈینشیل کمپلیکس“ کو دیکھیں ۔ جس کو تعمیر کرتے وقت یہاں موجود پرانے درختوں کو درمیان میں رہنے دیا گیا اور اس کے اردگرد گولائی میں عمارت تعمیر کرلی گئی ۔ مالک چاہتا تو اپنی عمارت کو مکمل کرنے کیلئے ان درختوں کو کاٹ سکتا تھا لیکن اس کی درختوں سے محبت نے ایسا کرنے نہ دیا ۔ اس نے درختوں کو ان کے مقام پر چھوڑ کر گولائی کے انداز میں بلڈنگ تعمیر کروالی ۔ یوں اس رہائشی عمارت میں آج بھی یہ درخت اپنی جگہ پر موجود ہیں۔
 
image
 
اس رہائشی عمارت کو دیکھیں ، جسے تعمیر کرتے وقت مالک نے درخت کو انتہائی خوبصورتی سے اس کی جگہ پر موجود رہنے دیاہے۔ نیچے کی جانب سے یہ درخت گھر کے باہر موجود ہے۔ تاہم اوپر اس کی دوشاخوں کو بچانے کیلئے بالکنی میں سوراخ کردئیے گئے لیکن اس کی شاخوں کونہیں کاٹا گیا جوکہ مالک کی درختوں سے محبت کا انوکھا اظہار ہے۔
 
image
 
YOU MAY ALSO LIKE: