بچوں کے کپڑے خریدتے وقت یہ باتیں ذہن میں رکھیں ورنہ ، پیسے ضائع ہوسکتے ہیں!

image
 
بچوں کیلئے خریداری کرنا ماں باپ کیلئے نہایت ہی مشکل کام ہوتا ہے ۔ یہ حقیقت ہے کہ بچوں کیلئے جو کپڑے آج خرید کر لائے جائیں وہ تین ماہ بعد چھوٹے ہوسکتے ہیں ۔ کیونکہ بڑھتے ہوئے بچوں کی نشونما تیزی سے ہورہی ہوتی ہے، جس کی وجہ سے ان کیلئے خریدے جانے والے نئے کپڑے تک وارڈروب میں پڑے پڑے ہی چھوٹے ہوسکتے ہیں۔ ساتھ ہی بچوں کے مشاغل اور سرگرمیاں ایسی ہوتی ہیں کہ اگر کپڑے ذرا بھی ہلکے مٹیریل سے تیار کردہ ہوں تو وہ پھٹ جاتے ہیں ۔ اس لئے بچوں کی خریداری کرتے ہوئے احتیاط کی ضرورت ہوتی ہے ، تاکہ آپ کی خریدی ہوئی چیزیں ضائع نہ ہوسکیں اور بچے بھی انہیں بروقت پہن سکیں ۔
 
بچوں کی جلد کو مدنظر رکھیں:
جب بھی بچوں کیلئے کپڑوں کی خریداری کرنے کیلئے نکلیں تو یہ بات ذہن میں ضروررکھیں کہ بچوں کی جلد حساس ہوتی ہے اور اگر انہیں نامیاتی (organic) یا قدرتی چیزوں سے تیار کردہ کپڑے نہ پہنائے جائیں تو ان کی جلد پر خارش بھی ہوسکتی ہے۔ ان کی جلد کو کچھ کپڑے بالکل سوٹ نہیں کرتے اور انہیں کھجلی ہوجاتی ہے ۔ بچوں کی جلد چونکہ حساس ہوتی ہے اس لئے synthetic طریقوں سے تیار کردہ کپڑے پہننے سے انہیں الرجی ہوسکتی ہے ۔ اس لئے کوشش کریں کہ بچوں کیلئے ہلکے کاٹن سے تیار کردہ کپڑے خریدیں ، تاکہ اس میں سے ہوا کا گزر ہوسکے ۔ بچوں کیلئے چمکیلے بھڑکیلے کپڑے نہ خریدیں، کیونکہ انہیں پہننے کے بعد بچوں کو خارش ہوسکتی ہے اور خریدے جانے والے کپڑے بچے پہننا بھی پسند نہیں کریں گے۔
 
آرام دہ ہوں:
بچے چونکہ کھیلتے کودتے ہیں ، اچھلتے ہیں ، اس لئے ان کے کپڑے ایسے ہونے چاہئیں کہ وہ ان کپڑوں میں اپنی تمام سرگرمیاں جاری رکھ سکیں ۔ ایسا نہ ہو کہ کپڑے پہننے کے بعد بچے کھیل کود نہ کرسکیں اور ان کے کپڑے ان کے کھیل کی راہ میں رکاوٹ بنیں ۔ کوشش کریں کہ ان کیلئے ہلکے ، آرام دہ اور کھنچ جانے والے stretchable کپڑے خریدیں ۔ ان کپڑوں پر ایسے ٹیگز (tags) نہ لگے ہوئے ہوں ، جو انہیں چھب سکتے ہوں ۔ لہذا جب بھی ان کے کپڑے خریدیں تو یہ دیکھ لیں کہ ان کپڑوں پر لگے ہوئے ٹیگ بچوں کو پریشان تو نہیں کریں گے یا کپڑا انہیں چھبے گا تو نہیں ۔ اگر کپڑے آرام دِہ ہوں گے تو بچے پورا دن اسے پہن کر ہنسی خوشی دن گزارتے ہیں ، روتے بھی نہیں ہیں ۔
 
image
 
ہوشیاری سے خریداری:
بچوں کی نشونما مستقل جاری ہوتی ہے ، اس لئے ان کے جسامت وغیرہ میں تبدیلی آتی رہتی ہے ۔ اس لئے جب بھی بچوں کی شاپنگ کریں تو تھوڑا ہوشیاری سے کام لیں ۔ ایسے کپڑے خریدیں جن میں بٹنز لگے ہوئے ہوں ، جن میں فولڈ کرنے کا آپشن ہو ، پہلے فولڈ انداز میں پہنا لیا جائے اور پھر جب بچوں کا قد دو تین مہینوں میں بڑھتا ہوا محسوس ہونے لگے تو اس فولڈ کو کھول دیا جائے ۔ کچھ کپڑے اسی انداز میں بنائے جاتے ہیں جن میں الگ سے کپڑا فولڈ یا تہہ ہوا ہوتا ہے ، ساتھ ہی ان میں بٹنز کا آپشن بھی موجود ہوتا ہے تاکہ بوقت ضرورت انہیں کھول کر کپڑے کو ڈھیلا یا لمبائی میں بڑا کرلیا جائے۔ اس انداز کے کپڑے خریدنے سے بچوں کے کپڑے مزید کچھ عرصے تک پہنائے جاسکیں گے ۔
 
ایک ہی لباس مختلف انداز کے ساتھ:
بچوں کے کپڑے خریدتے وقت یہ بات بھی ذہن میں رکھیں کہ انہیں مختلف انداز سے پہنایا جاسکے ۔ ایک ٹی شرٹ خریدیں تو اس کے ساتھ میچنگ ڈھیلا ٹراؤزر اور جینز دونوں خریدیں ۔ تاکہ مکس اینڈ میچ کرتے ہوئے کپڑوں کو پہنایا جاسکے اور بچوں کے کپڑوں میں یکسانیت محسوس نہ ہو۔ ٹراؤزر ، شارٹ پینٹ ، جینز اور شرٹس کو اسی طرح مکس اینڈ میچ (mix and match) انداز میں خریدیں ، اس طرح ہوشیاری سے کی گئی خریداری کی وجہ سے کم خرچے میں بچوں کے زیادہ انداز کے ملبوسات خرید لئے جائیں ۔ اس طرح بچے ابتدا سے ہی ایک ہی شرٹ کو مختلف انداز سے پہننا بھی سیکھ سکیں گے ۔
 
image
 
لوگو یا ٹیگ دیکھیں:
چند ماہ کے بچوں کیلئے کپڑے خرید رہے ہوں تو اس بات کو ذہن میں رکھیں کہ ملبوسات قدرتی فیبرک سے ہی تیار کئے گئے ہوں ۔ اگر کوئی دکاندار اس بات پر بضد ہو کہ یہ کپڑے قدرتی فیبرک سے بنائے گئے ہیں تو آپ ان سے کہیں کہ وہ آپ کو اس کا ٹیگ یا لوگو دکھا دے ۔ اگر وہ سچ کہہ رہا ہو گا تو ان کپڑوں پر ”گلوبل آرگینک ٹیکسٹائل اسٹینڈرڈ“ کا لوگو موجود ہوگا۔ جس سے یہ بات ثابت ہوجائے گی کہ خریدا جانے والا لباس کسی کیمیکل سے نہیں گزارا گیا اور وہ بچوں کیلئے بہترین انتخاب رہے گا۔
 
عمر کے حساب سے خریداری:
بچوں کیلئے خریداری کرتے وقت ان کی عمر اور مندرجہ ذیل باتوں کو مدنظررکھیں:
 
0سے 11مہینے:
اگربچہ 0 سے 11 ماہ کی عمر کا ہے تو پھراس کے لئے آرام دہ کاٹن اور لینن کے کپڑے خریدیں ۔ اس عمر کے بچوں کیلئے کپڑوں کا ڈھیر نہ لگائیں ، کم کپڑے خریدیں ، کیونکہ یہ تیزی سے نشونما ہونے کی عمر ہوتی ہے ۔ ہلکے رنگوں کے کپڑے خریدیں ، ایسے کپڑے جن پر کھلونے، پرندے، چھتری وغیرہ بنی ہوئی ہوں ، ایسے کپڑے بچوں کو پہنائے جائیں تو اچھے لگتے ہیں ۔
 
 
1 سے 3 سال:
اس عمر کے بچوں میں ایک تجسس ہوتا ہے ، وہ نت نئی چیزوں میں گھسنے لگتے ہیں۔ ساتھ ہی انہیں اچھے شوخ رنگ اور ان پر بنائے گئے مناظر بہت اچھے لگتے ہیں ، اسلئے گہرے رنگوں اور کارٹون وغیرہ کے ڈیزائن والے آرام دہ کپڑے ان کیلئے خریدیں ۔ اس کے علاوہ اس عمر کے بچے خود کھانا سیکھ رہے ہوتے ہیں، اس لئے وہ کپڑوں پر زیادہ کھانا گِراتے ہیں، اس لئے ان کیلئے ایسے کپڑے خریدیں جو بار بار دھوکر پہنائے جاسکیں اور وہ جلدی خراب نہ ہوں ۔
 
4 سے 5 سال:
اس عمر کے بچوں کیلئے کھنچ جانے والے کپڑے بہترین انتخاب ہوتے ہیں ، کپڑے فولڈ کئے جانے والے ہوں تاکہ تیزی سے بڑھتے ہوئے قد کی وجہ سے اس فولڈکو کھول کر استعمال کیا جاسکے ۔ الاسٹک والے کپڑے پہنائیں تاکہ پہننے اور اتارنے میں انہیں آسانی ہو ۔
 
6 سے 11 سال :
اس عمر کے بچے خود اپنی شاپنگ کرنے کے خواہشمند ہوتے ہیں ، اس لئے ان کی خواہش کو بھی ضرور مدنظررکھیں ، شاپنگ پر انہیں ساتھ لے کر جائیں ۔ کپڑے کا سائز تھوڑا بڑا خریدیں تاکہ انہیں کچھ عرصے تک پہنایا جاسکے ۔ مکس اینڈ میچ کی پالیسی کو اپناتے ہوئے ان کی شاپنگ کریں ۔ اس عمر کے بچے باہر جاکر کھیلنا چاہتے ہیں اس لئے ان کے کپڑے اچھی کوالٹی کے ساتھ ساتھ پہننے میں آرام دہ بھی ہوں اور پہلی مرتبہ میں ہی اچھلنے کودنے سے نہ پھٹ جائیں ۔
 
image
 
YOU MAY ALSO LIKE: