چھوٹا گھر ہے تو کیا ہوا ؟ پھول پودے تو رکھیں ، چھوٹے گھر میں ہریالی لانے کے چند طریقے جانئے !

image
 
آج کل زمین کے گھر اتنے مہنگے ہوگئے ہیں کہ اب وہ بہت سے لوگوں کی پہنچ سے باہر ہیں ۔ پہلے زمانے میں گھروں میں بڑے بڑے صحن ہوتے تھے ، جہاں لوگ پھول پودے اور درخت لگاتے تھے ۔ وقت کے ساتھ ساتھ یہ شوق لان کی صورت میں بس امیروں کے گھروں میں ہی رہ گیا ہے ۔ اب صرف بڑے گھروں میں ہی سبزہ اور ہریالی نظر آتی ہے ۔
 

کچھ لوگ پھول پودوں کے دلدادہ ہوتے ہیں لیکن ان کے گھر اتنے بڑے نہیں ہوتے کہ وہ اپنے گھر میں پھول پودوں کے ذریعے ہریالی لاسکیں ۔ وہ یہی کہتے دکھائی دیتے ہیں کہ ” بھائی ! اللہ بڑا گھر دے گا تو یہ شوق پورے کرلیں گے ۔“ جبکہ ایسا ہرگز نہیں ہے کہ چھوٹے گھر میں ہریالی نہیں لائی جاسکتی ۔ جان لیں کہ گھر میں ہریالی لانے کے اس شوق کو چھوٹے گھر میں ہی پورا کیاجاسکتاہے ، اس کے چند طریقے اس مضمون میں بتائے جا رہے ہیں ، آئیے آپ بھی جانئے ۔

 
ٹیبل پر رکھنے والے پھول پودے :
یہ بات سچ ہے کہ پھول پودے گھر میں موجود ہوں تو یہ گھر کی آب و ہوا کو صاف رکھنے میں بھی معاون ہوتے ہیں اور ساتھ ہی یہ گھر میں ہریالی لاکر گھر کی سجاوٹ کو بھی بڑھاتے ہیں ۔ ویسے گھروں کے ڈرائنگ روم ، لاؤنج وغیرہ میں سینٹر ٹیبلز موجود ہوتی ہیں ۔ اس کے علاوہ مختلف کمروں میں بھی بیڈ کے ساتھ سائیڈ ٹیبلز موجود ہوتی ہیں ۔ ان ٹیبلز کے درمیان میں چھوٹے پودے لگائے جاسکتے ہیں ۔ دیوار کے ساتھ موجود ٹیبل پر کیکٹس ، بونسائی یا اس جیسے دوسرے پودوں کو رکھاجاسکتاہے ۔ کوشش کریں کہ چھوٹے گملے خریدیں ۔ زیادہ بڑے گملے ٹیبلز پر اچھے نہیں لگیں گے ۔ اس کے نیچے چاہیں تو مٹی سے بنی ہوئی ایک بڑی پلیٹ رکھ دیں تاکہ مٹی وغیرہ اسی پلیٹ پر ہی گرے اور ٹیبل خراب نہ ہو ۔
 
image
 
بوتلوں میں لگائی جانے والی بیلیں ، پودے :
کئی پودوں یا بیلوں کو گڈ لاک پلانٹ یا منی پلانٹ (money plant) کے نام سے جانا جاتا ہے ۔ ان کے بارے میں کہا جاتا ہے کہ گھر میں ان کی بیل یا پودا موجود ہو تو قسمت چمک جاتی ہے اور پیسے آنے لگتے ہیں ۔ خیر ایسا ہوتا ہو یا نہ ہوتا ہو ، اس سے فی الحا ل کوئی سروکار نہیں ہونا چاہئے ۔ کیونکہ ان بیلوں اور گڈ لک پلانٹس کو بوتلوں میں ڈال کر کھڑکیوں کے پاس، کچن میں یا گھر کے دیگر مختلف حصوں میں رکھاجاسکتاہے ، چاہیں تو زمین کے کسی حصے میں بوتلیں رکھیں اور اس بیل کو کسی رسی کی مدد سے اوپر کی جانب باندھ لیں، اس طرح پوری دیوار پر یہ بیل پھیلی ہوئی محسوس ہوں گی ۔ یہ بیلیں یا پلانٹس وقت کے ساتھ ساتھ بڑھتے بھی رہتے ہیں ، اس لئے اگر ان کا خیال رکھا جائے تو یہ جلد ی نہیں مرجھاتے ۔
 
image
 
پودوں کو لٹکائیں :
گھر اتنا چھوٹا ہے کہ گھر میں پودے زمین کے کسی حصے میں نہیں رکھ سکتے تو کمروں، راہداریوں ودیگر جگہوں پر لٹکانے والے پلانٹس لگالیں ۔ خوبصورت مکرامے یا کروشئے سے تیار کردہ پودوں کو لٹکانے کے ڈیکوریشن آئٹمز خرید لیں ۔ اُس میں پودوں کو رکھ کر لٹکا دیں ۔ کسی بھی لوہے کے ڈنڈے کو گھر کے کسی حصے میں لگا لیں اور اس پر پودے لٹکادیں ۔ اس طرح بھی گھر میں جگہ گھیرے بغیر ہی ہریالی نظر آنے لگے گی ۔
 
image
 
اسٹینڈ پر پودے رکھیں ، کم جگہ گھیریں گے :
وہ لوگ جنہیں مختلف سبزیوں کو گھروں میں اُگانے کا شوق ہے اور وہ سمجھتے ہیں کہ ان کا گھر چھوٹا ہ ے اوریہاں سبزیاں نہیں اُگائی جاسکتیں ۔ ایسے لوگوں کیلئے آئیڈیا حاضر ہے ۔ گھر کی بالکنی یا راہداری میں لوہے کے بنے ہوئے اسٹینڈ رکھیں ، اس پر تصویر میں دکھائے جانے والے انداز کے گملے رکھ دیں ، تین منزلہ اسٹینڈ پر 6 مختلف سبزیوں کو اگُانے کیلئے گملے رکھنے کی گنجائش بن سکتی ہے ۔ لہذا شوق ہے تو سب کچھ ممکن ہے ، یہ آئیڈیا زیادہ جگہ نہیں گھیرے گا اور اس کی مدد سے گھر کے کسی بھی حصے میں کم جگہ پر سبزیاں اُگائی جاسکتی ہیں ۔ ان پودوں کی وجہ سے بھی گھر میں ہریالی بڑھے گی اور دوسری طرف آپ کا سبزیاں اُگانے کا شوق بھی پورا ہوجائے گا
 
image
YOU MAY ALSO LIKE: