لاہور کی شان ، مزیدار پکوان ۔۔۔ جانئے لاہور کے 11 مشہور کھانوں کے بارے میں!

image
 
کہا جاتا ہے کہ ” لاہور، لاہور ہے ۔۔ لاہور پنجاب کا دل ہے “ یہ بات اس وقت سچ محسوس ہوتی ہے کہ جب لاہورکے کھانوں کی بات کی جائے۔ لاہوریوں کے چٹخارے دار کھانے دنیا بھر میں مشہور ہیں ، یہی وجہ ہے کہ جو بھی بیرون ملک سے پاکستان آتا ہے ، وہ لاہور کے مشہور کھانوں کو کھائے اور آزمائے بغیر واپس نہیں جاتا ۔ اس مضمون میں ہم لاہور کے کچھ مشہور کھانوں اور مشروبات وغیرہ کے بارے میں بتانے جارہے ہیں ۔ جنہیں دیکھ کر آپ کا بھی دل انہیں کھانے کے لئے ضرور للچائے گا ۔
 
پھجے کے پائے :
لاہوری پکوانوں کی بات آئے اور پھجے کے پائے کا ذکر نہ آئے یہ نہیں ہوسکتا ۔ پھجے کے پائے سے لاہورکی پہچان ہے ۔ ٹیکسالی گیٹ کے نزدیک موجود پھجے کے پائے کی دکان پر صرف مقامی نہیں بلکہ غیر مکی فوڈ بلاگرز بھی شوق سے آتے ہیں اور یہاں کے گرما گرم پائے نان یا تِل والے کلچوں کے ساتھ کھاتے ہیں ۔ یہ دیسی بکرے کے پائے ہوتے ہیں ۔ لوگ صبح سے لے کر رات گئے تک یہ پائے خرید سکتے ہیں ، ایک شخص کو یہاں پیٹ بھر کر ناشتہ کرنے کیلئے اپنی جیب سے کم سے کم 500 روپے خرچ کرنے پڑیں گے ۔ پائے کے اوپر تازہ ہری مرچ اور دھنیا کاٹ کر ڈالا جاتا ہے ، جس سے اس کا ذائقہ دوبالا ہو جاتا ہے ۔ اکثر لاہوری صبح ناشتے میں یہ پائے کھانا پسند کرتے ہیں ۔
 
image
 
امرتسی ہریرہ:
لکشمی چوک کے قریب نسبت روڈ پر واقع ایک دکان میں ملنے والا امرتسی ہریرہ لاہور کے مشہور ذائقوں میں سے ایک ہے ۔ یہ عموماً صبح ناشتے یا دوپہر کے کھانے میں شوق سے کھایا جاتا ہے ۔ لاہور میں ویسے تو ہریسے کی کئی دکانیں ہیں ،لیکن یہاں کا ہریسہ سب سے زیادہ مشہور ہے ۔ اس بات کا اندازہ یوں لگایا جاسکتاہے کہ یہ دن میں ہی یہ بِک جاتا ہے اور رات کے کھانے کیلئے یہ دستیاب ہی نہیں ہوتا ۔
 
image
 
حلوہ پوری / پوری چنا :
ناشتے کی بات آئے اور حلوہ پوری کا ذکر نہ آئے یہ نہیں ہوسکتا ۔ کئی لاہوری اکثر ناشتے میں حلوہ پوری کھانا بھی پسند کرتے ہیں، ویسے تو یہ ڈش ہر جگہ بہ آسانی دستیاب ہے ، تاہم لاہور کی گوالمنڈی کی حلوہ پوری زیادہ مشہور ہے ، یہاں اسپیشل ”آٹا پوری“ اور
”میٹھا پورا“ زیادہ کھائی جاتی ہے ۔ اگر کوئی لاہور آیا اور اس نے یہاں کی حلوہ پوری نہ کھائی تو اس نے جیسے بہت کچھ مِس کردیا ۔اس کے علاوہ دہلی گیٹ کے قریب ملنے والی پوری چنا بھی لوگوں کو بہت بھاتی ہے ، چنے کے سالن میں مکس اچار اور پیاز ڈال کر دیا جاتا ہے ، جس سے اس کا ذائقہ دوبالا ہو جاتا ہے ۔ پوری کو دیسی گھی میں تیار کیا جاتا ہے ، جس کا ذائقہ ہی الگ ہوتا ہے ۔ ایک پلیٹ چنا پوری کھانے کیلئے آپ کو اپنی جیب سے 150 روپے نکالنے پڑیں گے ۔ لکشمی چوک پر ملنے والے طوبیٰ کے چنے ، مرغ چنے ، کلچہ اور کشمیری روٹی بھی مشہور ہے ۔ اگر فیملی کے ساتھ یہاں آکر ناشتہ کیاجائے تو کئی لاہوریوں کا دعویٰ ہے کہ اس ناشتے کا ذائقہ آپ کو زندگی بھر یاد رہے گا ۔
 
image
 
فیقے کی لسی اور کاجی:
لاہور کی لسی بھی اپنی مثال آپ ہوتی ہے ۔ یہاں کی مشہور فیقے کی لسی گوالمنڈی میں ملتی ہے ۔ اس دکان کی سب سے زیادہ مشہور لسی کا نام ” پیڑے والی لسی " ہے ، جسے پینے کے لئے لوگ دور دور سے یہاں آتے ہیں ۔ جن لوگوں کو میٹھی لسی نہیں پسند ہوتی ان کیلئے ”نمکین لسی“ تیار کی جاتی ہے اور انہیں پیش کی جاتی ہے ۔ اس کے علاوہ مختلف طرح کے شربت بھی ملتے ہیں، ایک مشہور شربت جسے مقامی لوگ ”کاجی“ کے نام سے پکارتے ہیں ، وہ بھی یہاں بہت مشہور ہے ۔ چقندر کے اس جوس کیلئے گلاس میں پہلے برف توڑ کر ڈالی جاتی ہے اور پھر اس میں مسالہ ڈالا جاتا ہے پھر اس میں چقندر کا شربت شامل کردیا جاتا ہے۔ 50روپے میں ایک گلاس شربت دیا جاتا ہے ۔
 
image
 
محمدی نہاری :
نہاری کو بھی اکثر لاہوری ناشتے میں کھانا پسند کرتے ہیں ۔ کچھ لاہوری اس کے ساتھ نان کھاتے ہیں جبکہ کچھ لوگ شیرمال کے ساتھ نہاری کھانا پسند کرتے ہیں ۔ یہاں سب سے زیادہ پسند کی جانے والی نہاری مزنگ چونگی میں واقع محمدی نہاری ہے۔ نہاری دراصل کئی مسالوں کو ڈال کرگاڑھے شوربے والی تیار کی جاتی ہے ، یہ زیادہ تر بکرے اور گائے کے گوشت سے تیار کی جاتی ہے۔ اسے شیرمال، نان یا روٹی کے ساتھ سرو کیا جاتا ہے ۔ یہ گرماگرم ہی کھائی جاتی ہے ۔
 
image
 
بٹ کڑاہی :
کڑاہی کی بات کی جائے تو لاہور میں سب سے زیادہ مشہور ”بٹ کڑاہی“ ہے ۔ پنجابی کڑاہی کا ذائقہ اگر آپ کی زبان پر ایک بار لگ جائے تو انسان کا دل چاہتاہے کہ بار بار اس کڑاہی کو کھانے کیلئے لاہور کا رُ خ کیا جائے ۔ جسے بھی بٹ کڑاہی جانے کا شوق ہے انہیں بتا دیں کہ یہ لکشمی چوک کے قریب ملتی ہے ، یہاں کی کڑھائی کی خاص بات یہ ہے کہ یہ مکھن میں تیار کی جاتی ہے، جس سے اس کا ذائقہ مزید بڑھ جاتا ہے۔
 
image
 
توا چکن:
یہاں عارف چٹخارہ پر ملنے والا توا چکن بھی بہت مشہور ہے ۔ چکن کے پیسز کو پہلے بڑے سے توے پر ایک ساتھ ڈال دیا جاتا ہے ، پھر اس پر تازہ کٹی ہوئی ہری مرچ ڈالی جاتی ہے ۔ساتھ ہی اس پر دیسی گھی، لیموں اور کریمی تیار کردہ مسالہ ڈالا جاتا ہے اور پھر اسے توے پر پکایا جاتا ہے ۔ جب مسالہ چکن میں رچ بس جاتا ہے اورمرغی کا گوشت گل جاتاہے تو اس پر نان رکھ کر اسے پلیٹ میں نکال دیا جاتا ہے۔ یہاں بون لیس مسالہ چکن ، بریسٹ پیس اور لیگ پیس الگ الگ ملتے ہیں ، انسان اپنی پسند کے مطابق توا چکن خرید کر کھا سکتا ہے ۔
 
image
 
لاہوری چرغہ :
لاہور آئیں اور لاہوری چرغہ نہ کھائیں تو سمجھیں آپ نے کچھ نہ کھایا ۔ خاص مصالحوں سے تیار کردہ چٹخارے دار لاہوری چرغے کو گوالمنڈی کا سب سے زیادہ پسند کئے جانے والے اسٹریٹ فوڈ کا درجہ بھی حاصل ہے ۔ اسے نان، پراٹھا یا پوری کے ساتھ کھایا جاتا ہے ۔
 
image
 
کتلامہ، دہی بڑے اور فروٹ چاٹ :
کتلامہ کو لاہوری " غریبوں کا پیزا " کہتے ہیں ۔ یہ بھی لاہورکا مشہور اسٹریٹ فوڈ ہے ۔ یہ ایک بڑی نارنجی رنگ کی روٹی ہوتی ہے ، جس پر کئی دالیں اور مصالحے لگائے جاتے ہیں اور پھراسے تلا جاتا ہے ۔ اس کے علاوہ اسٹریٹ فوڈ میں دہی بڑے اور فروٹ چاٹ بھی بہت پسند کی جاتی ہے ۔
 
image
 
فالودہ اور پینی:
یوسف کا فالودہ لاہور میں بہت مشہور ہے ۔ یہ پرانی انارکلی میں واقع ہے ، اس فالودے کو ربڑی اور قلفی کی مدد سے تیار کیا جاتا ہے ۔ اس کے علاوہ اسٹریٹ فوڈ کے طور پر ”پینی “ بھی مشہور ہے ۔ یہ لڈو کی طرح ہوتا ہے اور مختلف گلیوں میں ٹھیلے پر بہ آسانی مل جاتا ہے ۔ اسے گڑ، بادام،سوجی وغیرہ کی مد دسے تیار کیا جاتا ہے ۔
 
image
 
YOU MAY ALSO LIKE: