بچے آپ کی توجہ چاہتے ہیں۔۔۔ دن میں بچوں کیلئے وقت نکالنے کے چند آسان طریقے جانئے

image
 
آج کے جدید دور میں ایک دوڑ سی لگی ہوئی ہے ۔ والدین کو وقت ہی نہیں ملتا کہ و ہ بچوں کو مناسب وقت دیں ، ان کے ساتھ بیٹھیں اور کھیلیں ۔ بہت سی ریسرچز سے یہ بات ثابت ہوتی ہے کہ فیملی اور بچوں کو اگر مناسب وقت دیا جائے تو انسان کی ذہنی و جسمانی صحت اچھی ہوجاتی ہے ۔ انسان خود کو کئی فکروں سے آزاد سمجھنے لگتا ہے ۔
 
گزشتہ کچھ عرصے کے دوران آن لائن کلاسز کی وجہ سے بچے جہاں ذہنی دباؤ کا شکار رہے ہیں ، وہیں والدین بھی لاک ڈاؤن اور کورونا کی بگڑتی ہوئی صورتحال کی وجہ سے فکر میں مبتلا دیکھے گئے ہیں ۔ ایسے میں جب ذہنی دباؤ بڑھنے لگتا ہے تو اس بات کی ضرورت محسوس کی جانے لگتی ہے کہ اس ذہنی دباؤ سے نکلنے کیلئے کچھ کیا جائے ۔ اس کا آسان طریقہ یہ ہے کہ آپ اپنے بچوں کیلئے دن میں کم سے کم 30 منٹ ضرور نکالیں ، ان کے ساتھ کھیلیں ، باتیں کریں اور ذہنی فکرات سے دور رہنے کی کوشش کریں۔
 
بچوں کیلئے یہ وقت آپ کیسے نکال سکتے ہیں ، آئیے اس کے کچھ طریقے جانیں ۔
 
ٹائم ٹیبل:
والدین خاص طور پر بچوں کے والد بہت مصروف رہتے ہیں ، ان کے آفس کا کام انہیں ہر وقت تھکائے رکھتا ہے ۔ اس لئے ضرورت اس امر کی ہے کہ ایک ٹائم ٹیبل بنایا جائے ۔ اس میں اپنی تمام مصروفیات کو ایک خاص وقت دے دیا جائے ، اس سے یہ اندازہ ہوجائے گا کہ آپ کے پاس ان اہم کاموں کے بعد کتنا وقت بچ سکتا ہے ۔ اس طرح ٹائم ٹیبل میں بچوں کے ساتھ بیٹھنے اور انہیں وقت دینے کا بھی نکل آئے گا ۔
 
image
 
ٹائم ٹیبل پر عمل:
ٹائم ٹیبل بنا لینا اس وقت فائدہ مندثابت ہوگا کہ جب اس پر عمل بھی کیا جائے ۔ اسلئے چاہے کچھ بھی ہوجائے آپ ٹائم ٹیبل پر سختی سے عمل کرنے کی کوشش کریں ۔ ساتھ ہی فیملی میں سب کو کہہ دیں کہ وہ بھی اپنے کاموں کو رات کے کھانے سے قبل مکمل کرلیں گے ۔ اس طرح سب اپنے کاموں کو وقت پر مکمل کریں اور مل کر بیٹھنے کا ایک وقت آپ کو میسر آجائے گا ۔ یوں آپ بچوں کو کم سے کم 30منٹ ہی صحیح لیکن انہیں وقت تو دے پائیں گے ۔
 
بچوں کے پسندیدہ کام کریں :
اب بچوں کو وقت تو دیں گے لیکن ایسا نہ ہو کہ آپ اور وہ اس فیملی ٹائم سے بور ہونے لگیں ، اس لئے کوشش کریں کہ پہلے بچوں سے پوچھ لیں کہ وہ کیا کھیلنے یا کرنے کے خواہشمند ہیں ۔ اگر وہ آپ کے ساتھ مووی دیکھنے کے خواہشمند ہیں تو آپ ان کے ساتھ بیٹھ کر مووی، کارٹون یا ان کا پسندیدہ شو دیکھیں ۔ بچوں کو صرف ڈانٹ ڈپٹ کیلئے وقت نہ دیں ، ان کے مشاغل کو ان کے ساتھ اپنانے کی کوشش کریں ، یوں وہ آپ کے ساتھ بیٹھ کر اور وقت گزار کر خوش ہوں گے ۔ وہ اگر آپ کے ساتھ کوئی گیم کھیلنا چاہتے ہیں تو ان کے ساتھ گیم کھیلیں، اس طرح اس وقت کو بچے دن بھر یاد کریں گے کہ کب رات کا کھانا کھایا جائے گا اور کب ان کے والد /والدہ انہیں وقت دیں گے ۔
 
اپنا موبائل اور لیپ ٹاپ دور رکھیں:
جو 30منٹ آپ بچوں کو دیں گے ، اس دوران کوشش کریں کہ آپ اپنا موبائل فو ن اور لیپ ٹاپ استعمال نہ کریں تاکہ آپ کسی اور کام میں بزی نہ ہوسکیں ۔ کیونکہ یہ ٹائم صرف بچوں کیلئے ہی نہیں آپ کے اپنے سکون کیلئے بھی ہے ۔ دن بھر کی ذہنی تھکن اور اسکرین ٹائم کے بعد ان 30منٹ موبائل اور لیپ ٹاپ اسکرین سے دور رہنا آپ اور آپ کی ذہنی صحت کیلئے بہت اچھا ہوگا ۔ مووی بھی دیکھیں تو ٹی وی پر دیکھیں ، کوشش کریں کہ پورا ہفتہ صرف مووی ہی نہ دیکھیں ، کسی دن بچوں کے ساتھ لڈو، کیرم یا اس اندازکے انڈور گیمز کھیلیں ، کسی دن کہانیاں پڑھیں یا بچوں سے ان کی باتیں کریں ۔
 
image
 
30 منٹ کے دوران گھر کے دوسرے کام نہ کریں:
ٹائم ٹیبل میں جو 30 منٹ آپ نے بچوں کیلئے نکالے ہیں ، ان 30 منٹ کے دوران گھر کے کوئی دوسرے کام نہ کریں ۔ اس دوران صرف بچوں کو مکمل وقت دیں ۔ اگر کوئی کام ہے بھی تو وہ بچوں کے مقررہ وقت کے بعد کریں ۔ اس طرح روزانہ بچوں کے ساتھ 30 منٹ گزار کر آپ خو د کو ذہنی طورپر توانا محسوس کریں گے اور بچے بھی آپ سے خوش رہیں گے ۔
YOU MAY ALSO LIKE: