ارادے مضبوط ہوں تو کامیابی اسی طرح قدم چومتی ہے، صرف چھ ہزار سے کاروبار شروع کرنے والی کم عمر بسمہ خان لاکھوں روپے کمانے میں کیسے کامیاب ہوئی؟ ایک مثالی کہانی

image
 
عام طور پر یہ تصور کیا جاتا ہے کہ کم عمر بچے ناتجربہ کار ہوتے ہیں اس وجہ سے وہ دنیا کے معاملات کو نہیں سمجھ سکتے اس وجہ سے کسی بھی کام کے حوالے سے ان پر اعتماد کرنا مشکل ہی سمجھا جاتا ہے اور والدین ان کو کاروبار کرنے کی اجازت تو کسی صورت نہیں دیتے- مگر اب وقت تبدیل ہوتا جا رہا ہے اور آج کے بچوں نے خود کو بڑی عمر کے افراد سے زيادہ قابل اور سمجھدار ثابت کر دیا ہے-
 
ایسی ہی ایک لڑکی بسمہ خان بھی ہیں جنہوں نے صرف ایک سال قبل جب وہ صرف 17 سال کی تھیں انتہائی قلیل سرمائے سے اپنا بزنس شروع کیا تھا اور آج پاکستان کی کم عمر ترین اپنے بل بوتے پر لکھ پتی بننے کا اعزاز ان کے پاس ہے-
 
تفصیلات کے مطابق عیدی کے طور پر ملنے والے چھ ہزار روپے سے بسمہ خان نے بالوں کے لیے ہئير آئل بنایا اور اس کی فروخت انہوں نے سوشل میڈیا کی مدد سے شروع کر دی- اس کے لیے انہوں نے بی کے کئیر کے نام سے اپنا ایک سوشل میڈیا اکاونٹ بنا لیا -
 
image
 
اس کی فروخت سے حاصل ہونے والے منافع سے انہوں نے اپنی کمپنی لانچ کر دی اور کام کو سخت محنت اور توجہ سے بڑھانا شروع کر دیا- اس موقع پر انہوں نے صرف تیل کی فروخت پر ہی اکتفا نہیں کیا بلکہ انہوں نے اپنے ڈيزائن کردہ کپڑوں کا برانڈ بھی لانچ کر دیا- جس نے ان کی کامیابی کو چار چاند لگا دیے اور ان کا کاروبار تیزی سے ترقی کرنے لگا-
 
ان کامیابیوں نے بسمہ خان کو اس قابل کر دیا تھا کہ وہ نہ صرف اپنے تعلیمی اخراجات خود پورے کرنے لگی تھیں بلکہ اس کے ساتھ ساتھ انہوں نے غریب اور مستحق لوگوں کی مدد کے لیے بی کے فاونڈیشن کے نام سے ایک ادارہ بھی بنا ڈالا-
 
image
 
اس ادارے کو چلانے کے لیے انہوں نے اپنے منافع کا ایک حصہ مختص کر دیا اوراس بات کو یقینی بنایا کہ وہ اس منافع سے صرف خود فائدہ نہ اٹھائيں بلکہ اس سے غریب اور مستحق لوگوں کی مدد بھی کریں-
 
بسمہ خان کی یہ کامیابی درحقیقت ان لوگوں کے لیے ایک مثال ہے جو کہ کم سرمائے سے کسی قسم کے کاروبار کی کامیابی کے لیے مایوسی کا شکار ہیں- اس کے ساتھ ان لڑکیوں کا بھی حوصلہ بڑھاتی ہے جو کہ گھر کے اندر بیٹھ کر کام کرنے کی خواہشمند ہیں اور اپنے پیروں پر کھڑی ہونا چاہتی ہیں-
YOU MAY ALSO LIKE: