دنیا کے 5 بےوقوف ترین چور جو آسانی سے پکڑے گئے

image
 
آپ نے اکثر ایسے چوروں کے بارے میں سنا ہوگا جو کہ چوری کے بعد ایسا کوئی سراغ نہیں چھوڑتے جس سے وہ پکڑے جائیں- اس سے ان چوروں کی کامیاب منصوبہ بندی کا بھی اندازہ لگایا جاسکتا ہے- تاہم آج ہم آپ کو دنیا کے 5 ایسے بےوقوف ترین چوروں کے بارے میں بتائیں گے جو نہ صرف آسانی سے پکڑے گئے بلکہ آپ کو ان کی بےوقوفیوں کی داستان پڑھ کر ہنسی بھی آئے گی-
 
اسلحہ کے طور پر کھیرے کا استعمال کرنے والا بےوقوف چور
یہ کہانی ایک ایسے بے وقوف چور کی ہے جس نے چند سال قبل کھیرے کو بطورِ اسلحہ استعمال کرتے ہوئے گلاسکو کے ایک بک میکر کو لوٹنے کی کوشش کی- گیری روف نے سیاہ رنگ کے موزے میں چھپے کھیرے کو ایک خاتون ورکر پر تان کر اس سے نقد رقم کا مطالبہ کیا اور خاتون پر یہ ظاہر کیا کہ موزے میں پستول ہے- لیکن خاتون نے رقم دینے سے انکار کردیا جبکہ اس وقت وہاں پر ایک آف ڈیوٹی پولیس آفیسر بھی موجود تھا جس کو اس بات کا یقین ہوگیا کہ چور کے ہاتھ میں کوئی پستول نہیں بلکہ صرف ایک سبزی ہے جو کسی کے لیے نقصان دہ نہیں جس پر آفیسر نے پھرتی کے ساتھ اس چور کو قابو کرلیا- گیری نے آغاز میں اسے مذاق قرار دیا تاہم اعتراف کے بعد اسے عدالت نے جیل بھیج دیا-
image
 
چور جو چوری کے دوران سو گیا
2014 میں لنکشائر کا ایک بزرگ جوڑا چھٹیاں منا کر جب اپنے گھر واپس لوٹا تو اس نے اپنے بیڈروم میں ایک اجنبی کو سوتا ہوا پایا- مارٹن ہولٹبی (Martin Holtby) اور پیٹ ڈائی سن (Pat Dyson) یہ سب دیکھ کر چونک گئے- یہ اجنبی دراصل ایک لوکساز چوزنوسکی (Lukasz Chojnowski) نامی چور تھا جو اس جوڑے کے گھر چوری کے ارادے سے داخل ہوا تھا لیکن اس نے یہی رہنا شروع کردیا- یہ بے وقوف چور اس گھر میں اپنے لیے کھانا بناتا، برتن دھوتا، کپڑے دھوتا، گھر کی صفائی کرتا اور یہی سوتا بھی تھا- اس بزرگ جوڑے کا کہنا تھا کہ جب ہم چھٹیاں گزارنے جارہے تھے تو ہمارا گھر اتنا صاف نہیں تھا جتنا کہ ہمیں واپس آکر ملا- اس چور کا تعلق پولینڈ سے تھا اور یہ بےگھر تھا اس وجہ سے اس نے بزرگ جوڑے کے گھر میں ہی رہائش اختیار کرلی-
image
 
چوری شدہ فون سے چور کی سیلفی
یہ بے وقوف چور ان میں چوروں میں سے ایک تھا جو سیلفی کی وجہ سے پکڑے جاتے ہیں- ایشلے کیسٹ (Ashley Keast) نے درحقیقت چوری شدہ سم کارڈ کا استعمال کرتے ہوئے اسی گھر میں اپنی سیلفی لی جہاں وہ چوری کر رہا تھا- اس سے بڑھ کر یہ کہ ایشلے نے یہ سیلفی واٹس ایپ پر شئیر بھی کردی اور اسے یہ احساس بھی نہ ہوا کہ وہ خود اپنی تصویر اپنے ان ساتھیوں کو بھیج رہا ہے جن کے گھر کو اس نے لوٹا ہے- جس کے بعد پولیس نے ایشلے کو اس کے گھر سے گرفتار کرلیا اور چوری کا سامان بھی برآمد کرلیا- ایشلے کو اس چوری کے جرم میں دو سال 8 ماہ کی سزا سنائی گئی-
image
 
فیس بک پروفائل پر لگائی جانے والی تصویر
فلوریڈا کی پولیس کو میک ایئر ووڈ (Mack Yearwood) کو تلاش کرنے میں زیادہ جدوجہد نہیں کرنی پڑی جو کہ 2016 میں ہونے والی ایک واردات کے سلسلے میں مطلوب تھا۔ میک نے اس اشتہار کو بڑے فخر کے ساتھ اپنی فیس بک پروفائل پکچر کے طور پر استعمال کیا جو پولیس نے اس کی تلاش کے لیے جاری کیا تھا- میک کے ایک دوست نے فیس بک پر اس کی اس نئی تصویر کی تعریف کی جس کے جواب میں میک نے اس کا شکریہ ادا کیا- پولیس نے اس فیس بک اکاؤنٹ کی مدد سے ہی میک کو جلد ہی ڈھونڈ نکالا اور اسے گرفتار کر لیا-
image
 
چور نے اپنا موبائل نمبر کیشیر کو دیا
18 سالہ روبن زیریٹ ( Ruben Zarate ) نے شکاگو کی ایک مفلر شاپ میں چوری کی کوشش کی لیکن جلد ہی اسے احساس ہوا کہ یہاں تمام رقم ایک تجوری میں رکھی گئی ہے- تب روبن نے فیصلہ کیا کہ وہ بعد میں یہاں چوری کی کوشش کرے گا وہ بھی آسانی کے ساتھ- روبن کو لگا کہ اس دکان کے ملازم بہترین ہیں اور اس لیے اس نے اپنا موبائل نمبر ملازمین کو دے ڈالات تاکہ وہ روبن کو چوری کے لیے مناسب وقت سے متعلق آگاہ کردیں تاکہ وہ آ کر چوری کرلے- اور یہی موبائل نمبر روبن کو پکڑوانے کا سبب بن گیا-
image
YOU MAY ALSO LIKE: