سیکھئے شہزادی کیٹ مڈلٹن کے وہ طریقے، جو وہ ملبوسات کو دوبارہ پہننے کیلئے اختیار کرتی ہیں تاکہ لباس پُرانا نہ لگے

شہزادی کیٹ مڈلٹن ویسے تو روزانہ نت نئے انداز اور ڈیزائنرز کے ملبوسات خرید اور پہن سکتی ہیں ۔ لیکن ان کی ایک اچھی عادت یہ ہے کہ وہ اپنے ملبوسات کو بارہا مختلف تقریبات کے دوران دوبارہ پہنتی دکھائی دیتی ہیں ، جس سے وہ دوسروں کو یہ سبق دے رہی ہوتی ہیں کہ ملبوسات کو دوبارہ پہننے میں کوئی مضائقہ نہیں بلکہ یہ تو ایک اچھی عادت ہے ۔ تاہم کیٹ مڈلٹن جب بھی کسی لباس کو دوبارہ پہنتی ہیں تو اس کیلئے چند طریقے اختیار کرلیتی ہیں ، جس کے بعد وہ لباس پہنتی ہیں تو وہ منفرد انداز کا لگنے لگتا ہے ۔ اس مضمون میں ہم آپ کو برطانوی شہزادی کی جانب سے اختیار کردہ وہ چند طریقے بتا رہے ہیں ، جن پر اگر آپ بھی عمل کرلیں تو ایک ہی لباس کو مختلف انداز میں دوبارہ پہن سکتے ہیں ۔
 
1۔ مفلر یا اسکارف کا استعمال:
اس تصویر کو دیکھیں ، جس میں کیٹ مڈلٹن نے چیک والا ڈریس پہن رکھا ہے ۔ دائیں طرف والی تصویر 2012 میں سینٹ اینڈریو اسکول کی ایک تقریب کے دوران کھینچی گئی تھی ، جبکہ کیٹ نے یہی ڈریس اسکاٹ لینڈ کے دورے کے موقع پر سال 2019 میں دوبارہ پہنا ۔ دوسری مرتبہ انہوں نے اس ڈریس میں انوکھا پن لانے کیلئے اس کے ساتھ ہرے رنگ کا مفلر گردن کے گرد لپیٹ لیا اور یہ سبق دیا کہ اگر کسی خاتون کو ایک ڈریس دوبارہ پہننا ہو تو اسی طرح مفلر یا اسکارف کو تبدیل کرکے پہن سکتی ہیں ۔
image
 
2۔کیپ /اسکارف کا استعمال:
سرخ رنگ کے اس لباس میں کیٹ کی دائیں طرف والی تصویرملکہ کی ڈائمنڈ جوبلی کی 2012 میں منعقد ہونے والی تقریب کے دوران کھینچی گئی تھی ۔ جبکہ کیٹ نے یہی سرخ لباس 2015 میں ایک چیریٹی تقریب کے دوران دوبارہ پہنا ، تاہم اس بار انہوں نے سر پر ہیٹ نہیں پہنا بلکہ بالوں کو کُھلا چھوڑا ۔ یوں صرف ہیٹ پہننے کی وجہ سے ان کا لُک تبدیل سا نظر آرہا ہے ۔ ہمارے یہاں چونکہ ہیٹ پہننے کی تو روایت نہیں ہے لیکن ہیٹ کی جگہ اسکارف کا استعمال کیا جاسکتا ہے ۔
image
 
3۔ اسٹیٹمنٹ نیکلس:
دائیں طرف والی آف وائٹ ڈریس کی تصویر 2012 میں دی تھرٹی کلب کے ڈنر کے موقع پر لی گئی تھی، جس میں انہوں نے اسٹیٹمنٹ نیکلس گلے میں پہن کر اور بالوں کو پونی ٹیل میں باندھ کر شرکت کی ۔ دوسری مرتبہ اس ڈریس کو انہوں نے فلم ”منڈیلا“ کے پریمئر کے موقع پر 2013 میں پہنا ۔ تاہم اس بار کیٹ نے گلے میں اسٹیٹمنٹ نیکلس نہیں پہنا بلکہ کانوں میں بندے پہنے اور بالوں کو کھلا چھوڑ دیا ۔ یوں ان کا لُک دونوں مرتبہ مختلف سا محسوس ہو رہاہے ۔ خواتین بھی اسٹیٹمنٹ نیکلس اور بندوں کو مختلف مواقع پر ایک ہی لباس کے ساتھ پہن کر ہر مرتبہ منفرد لُک اختیار کرسکتی ہیں ۔
image
 
4۔ کوٹ:
شادی کے فوراً بعد لی گئی ڈچز آف کیمبرج کی تصویر کو دیکھیں جس میں انہوں نے نیلے رنگ کے ڈریس کے ساتھ کالے رنگ کا کوٹ پہن رکھا ہے ۔ اس ڈریس کو انہوں نے بعد میں پرنس فلپ کی90 ویں سالگرہ پر دوبارہ پہنا لیکن اس بار انہوں نے نیلے رنگ کے کوٹ کے ساتھ پہنا ، جس کے درمیان میں سفید بٹنز لگے ہوئے تھے۔ یوں اگر کسی کو مختلف انداز کے ساتھ کپڑے پہننے ہیں تو وہ بھی اسی طرح کوٹ کا استعمال کرکے ایک ہی لباس کو مختلف اسٹائل کے ساتھ پہن سکتے ہیں ۔
image
 
5۔ بیلٹ کا استعمال:
ڈچز آف کیمبرج کسی لباس کو دوبارہ پہنتے وقت نیا لُک دینے کیلئے بیلٹ کا بخوبی استعمال کرتی ہیں ۔ اس تصویر کو دیکھیں، بائیں جانب موجود تصویر 2011 میں کرسمس ڈے کی تقریب کے دوران کھینچی گئی تھی ،جس میں ڈچز نے جامنی رنگ کا کوٹ اور ہم رنگ ہیٹ سر پہ پہنا ہوا تھا ۔ جبکہ دائیں جانب موجود تصویر 2012 میں لی گئی، جس میں شہزادی نے اسی جامنی کوٹ کے ساتھ کالے رنگ کا بیلٹ استعمال کرکے اسے منفرد سا لُک دیا ، یوں وہ دونوں تصاویر میں ایک ہی لباس پہنی ہوئی ہیں لیکن دونوں تصاویر پہلی نظر میں مختلف دکھائی دے رہی ہیں ۔
image
 
6۔کلچ بیگ کا استعمال:
ملبوسات کے ساتھ وہ مختلف کلچ بیگ استعمال کرتی ہیں ۔ تاکہ ان کے لباس میں یکسانیت نہ ہو ۔ کیٹ کی اس تصویر کو دیکھیں، بائیں جانب موجود تصویرسنگاپور گارڈن کے دورے کے موقع پر 2012 میں کھینچی گئی تھی، جس میں انہوں نے سفید رنگ کے اس لباس کے ساتھ کالے رنگ کا کلچ ہاتھ میں تھام رکھا تھا ۔ انہوں نے گلے میں چین نہیں پہنی ، تاہم اسی لباس کو انہوں نے2016 میں اس وقت دوبارہ پہنا جب وہ انڈیا اور بھوٹان کے دورے کیلئے روانہ ہورہی تھیں ، اس سفید لباس کے ساتھ انہوں نے کریم رنگ کا کلچ ہاتھ میں تھاما ہوا تھا، ساتھ ہی انہوں نے گلے میں چین اور پینڈنٹ پہنا ہوا تھا ۔ یوں کسی بھی لباس کے ساتھ مختلف رنگوں اور انداز کے کلچ بیگز کا استعمال کرکے بھی اپنے لُک کو منفرد دکھایا جاسکتا ہے ۔
image
YOU MAY ALSO LIKE: