ہم نیند میں باتیں کیوں کرتے ہیں اور ان پر کیسے قابو پایا جاسکتا ہے؟

image
 
نیند میں باتیں کرنا ایک عام سی بات ہے اور اکثر افراد کو اس مسئلے کا سامنا ہوتا ہے- اگرچہ نیند میں بات کرنا بے ضرر ہوتا ہے اور اسے کسی بھی طبی علاج کی ضرورت نہیں ہوتی ہے، لیکن یہ آپ کے ساتھ سونے والے دیگر افراد کے لیے ضرور پریشانی کا باعث بن سکتا ہے اور ان کی نیند کو مثاتر کرسکتا ہے جس سے وہ ایک مکمل اور بھرپور نیند سے محروم ہوسکتے ہیں۔ آج ہم آپ کو بتائیں گے لوگ نیند میں باتیں کیوں کرتے ہیں اور ان پر کیسے قابو پایا جاسکتا ہے؟
 
جینیاتی مسئلہ
اگرچہ ماہرین اب تک اس حوالے سے کوئی حتمی رائے تو قائم نہیں کرسکے کہ لوگ نیند میں باتیں کیوں کرتے ہیں تاہم مختلف تحقیق کے دوران یہ بات ضرور سامنے آئی ہے کہ یہ مسئلہ جینیاتی بھی ہوسکتا ہے- فن لینڈ اور جاپان میں ہونے والی ایک تحقیق سے معلوم ہوا کہ اکثر جڑواں بچے نہ صرف نیند میں باتیں کرتے ہیں بلکہ انہیں ڈراؤنے خواب اور نیند میں چلنے کی عادت بھی ہوتی ہے- اس کے علاوہ بعض محققین کا یہ بھی ماننا ہے کہ جن والدین کو نیند میں باتیں کرنے کی عادت یا بیماری ہوتی ہے ان کے بچوں میں بھی یہ عادت پائی جاتی ہے-
image
 
نیند کی کمی
اگر آپ اپنی نیند پوری نہیں کرتے تو بھی آپ کو اس مسئلے کا سامنا کرنا پڑ سکتا ہے- طبی ماہرین کے مطابق جب لوگ دباؤ کا شکار ہوتے ہیں یا پھر بھرپور نیند سے محروم رہتے ہیں تو وہ نیند میں باتیں کرنے لگتے ہیں- درحقیقت جب ہم ٹھیک طرح سے آرام نہیں کرتے تو ہمارا دماغ متاثر ہوجاتا ہے جس سے ہماری نیند کے معیار پر بھی اثر پڑتا ہے-
image
 
نیند کی خرابی
آپ کو جان کر حیرت ہوگی کہ نیند میں باتیں کرنا اپنے آپ میں خود نیند کی خرابی ہے جسے somniloquy کہا جاتا ہے- اس کا شکار کوئی بھی کبھی بھی ہوسکتا ہے لیکن وہ لوگ جو نیند کی دیگر خرابیوں کا شکار ہوتے ہیں ان میں اپنے ساتھ سونے والوں کو پریشان کرنے کا خطرہ مزید بڑھ جاتا ہے- ڈاکٹروں کا خیال ہے کہ نیند میں باتوں کا نیند میں چہل قدمی اور خوابوں کے درمیان تعلق ہے۔
image
 
دواؤں کے اثرات
ایسی بہت سی دوائیں ہیں جن کے نیند پر منفی اثرات مرتب ہوتے ہیں- ان اثرات میں نیند میں باتیں کرنا بھی شامل ہوتا ہے- بعض دواؤں کے اثرات کی وجہ سے مریض صرف نیند میں باتیں ہی نہیں کرتے بلکہ نیند میں ہاتھ پاؤں بھی چلاتے ہیں یہاں تک کہ بستر سے چھلانگ بھی لگا دیتے ہیں- یہ دوائیں عموماً ڈپریشن کو کنٹرول کرنے کے لیے استعمال جاتی ہیں-
image
 
مسئلے پر قابو کیسے پایا جائے؟
اس مسئلے کا حل تو اب تک تلاش نہیں کیا جاسکا لیکن چند تبدیلیاں کر کے آپ اپنی نیند میں باتیں کرنے کی عادت پر قابو ضرور پا سکتے ہیں- جیسے کہ:
اس وقت کھانا کھانے سے گریز کریں جب آپ کا سونے کا وقت قریب ہو
آپ کا بستر اور تکیہ آرام دہ ہو
ایسے مشروبات سے پرہیز کریں جو کیفین پر مشتمل ہوں
اپنے روزانہ سونے کے اوقات کو ہمیشہ ایک جیسا رکھیں
image
YOU MAY ALSO LIKE: