آپ کا بچہ دانتوں میں برش کرنے سے بھاگتا ہے؟ یہ7 طریقے آزمائیں گے تو بچے برش کرنے سے کبھی نہیں بھاگیں گے

image
 
روزانہ صبح کے وقت والدین کو ایک مشکل درپیش ہوتی ہے ، وہ اپنے بچوں کو“برش کروانا“ ہوتا ہے ۔ والدین بچوں کے پیچھے بھاگتے ہیں اور بچے برش کرنا ہی نہیں چاہتے ۔ ایسے میں والدین کی کوشش ہوتی ہے کہ انہیں کوئی ایسا طریقہ پتا چل جائے ، جس کی مدد سے وہ برش کرلیں ۔ اب آپ خود سوچیں کہ وہ کونسے بچے ہوں گے جو کہ دانتوں میں سخت برش کو رگڑنا چاہیں گے؟ یہی وجہ ہے کہ بچے برش کرنے سے دور بھاگتے ہیں ۔ بچوں کے برش کرنے کے عمل کو آسان بنانے کے 7 طریقے جانیں، ان طریقوں کو آزمائیں گے تو بچوں کو برش کرنا اچھا لگنے لگے گا ۔
 
 ٹوتھ پیسٹ کا ذائقہ:
 بچو ں کو اگر برش کروانے میں دلچسپی بڑھانی ہے تو کوشش کریں کہ ان کی مرضی سے برش اور ٹوتھ پیسٹ خریدیں ۔ ٹوتھ برش ان کے پسندیدہ کارٹون کیریکٹر کا خریدیں ۔ ساتھ ہی جو ذائقہ انہیں پسند ہو اس ذائقے کا ہی ٹوتھ پیسٹ خریدیں ۔ تاکہ وہ اپنے پسندیدہ کارٹون کیریکٹر کو دیکھ کر خوشی خوشی دانتوں پر برش پھیریں، ساتھ ہی ان کا پسندیدہ ذائقہ ہوگا تو انہیں ٹوتھ پیسٹ استعمال کرنے میں کوئی مسئلہ بھی پیش نہیں آئے گا ۔
 
رنگ برنگی ٹوتھ پیسٹ:
بچوں کیلئے خصوصی طور پر تیار کردہ ٹوتھ پیسٹ مختلف رنگوں میں دستیاب ہوتے ہیں ، اس لئے بچوں کو جو رنگ پسند ہو ، اس رنگ کا ٹوتھ پیسٹ خرید لیں ، یوں بچوں کی دلچسپی ٹوتھ پیسٹ میں بڑھے گی ۔ کسی بھی رنگ کا ٹوتھ پیسٹ خریدیں ۔ بس یہ دیکھ لیں کہ وہ فلورائیڈ فری ہو، اس میں فلورائیڈ نہ ہو، تاکہ بچے اگر اسے نگل بھی لیں تو انہیں کوئی نقصان نہ پہنچے ۔
 
image
 
میوزک یا پسندیدہ برش والی نظم چلائیں:
بچے چند سیکنڈز ٹوتھ برش کرکے چھوڑ دیتے ہیں ، اگر آپ کا بچہ بھی ایسا کرتا ہے تو پھر بچوں کی دلچسپی بڑھانے کیلئے ان کا پسندیدہ میوزک یا برش سے متعلق کوئی نظم وغیرہ لگادیں ، کم سے کم 2 منٹ تک چلائیں اور بچوں سے کہیں کہ نظم کے ختم ہونے تک برش کرنا ہوگا یہ ایک گیم ہے ، یوں اس میوزک یا نظم کو دو منٹ چلائیں اور پھر روک دیں، تاکہ بچے آرام سے 2 منٹ تک دانتوں کو اچھی طرح برش کرلیں ۔
 
برش کرنے کو گیم بنا دیں یا کوئی کہانی بنائیں:
اگر کسی بھی کام میں بچوں کیلئے تفریحی عنصر شامل کردیا جائے تو وہ کام بچے خوشی سے کرتے ہیں ۔ برش کرنے کو بھی کھیل بنادیں اور بچوں کے سامنے ان کے کھلونوں کو برش کرکے بتائیں کہ اگر برش کیا جائے تو جراثیم سے مقابلہ کرنا آسان ہوجاتا ہے ، برش کرنے سے جراثیم مر جاتے ہیں اور انسان صحت مند رہتا ہے ، ان تمام باتوں کو کھیل کھیل میں ہی بچوں کو سکھائیں تاکہ وہ برش کرنے کی طرف متوجہ ہوسکیں ۔
 
انعام دیں:
بچوں کو کسی بھی چیز پر انعام ملتا ہے تو وہ خوش ہوتے ہیں، اس لئے بچوں کو بتائیں کہ برش کرنے کے بعد انہیں انعام ملے گا ۔ یوں بچوں میں دانت برش کرنے کا حوصلہ بڑھے گا اور وہ خوشی خوشی برش کریں گے تاکہ انہیں انعام مل سکے۔
 
image
 
حوصلہ بڑھائیں :
جب بھی بچہ برش کرے آپ اس کی تعریف کریں، اس کا حوصلہ بڑھائیں ، تاکہ اس کا اعتماد بڑھے اور وہ برش کرنے کی عادت اپنے اندر پروان چڑھالے ۔
 
فیملی برش ٹائم بنالیں:
بچے اپنے والدین سے سیکھتے ہیں ، اس لئے اگر والدین ان کے سامنے روزانہ برش کریں گے تو وہ انہیں دیکھ کر برش کرنا شروع کردیں گے ۔ یوں کوشش کریں کہ ابتدا میں ”فیملی برش ٹائم“ بنالیں اور ایک ساتھ سب مل کر برش کریں تاکہ بچوں کو یہ ایک گیم لگے اور بچوں کو برش کرنا اچھا لگنے لگے۔
YOU MAY ALSO LIKE: