اب مہینے کے آخر تک پیسے ختم نہیں ہوں گے، جانئے کیسے؟

image
 
اکثر دیکھنے میں آتا ہے کہ مہینے کے اختتامی دنوں تک پرس خالی ہوجاتا ہے یا دوسرے لفظوں میں کہیں تو پیسے ختم ہوجاتے ہیں، یوں مہینے کا آخری ہفتہ مشکل سے کھینچ تان کر نکالا جاتا ہے اور نئے مہینے کی تنخواہ یا پیسے آنے کا انتظار کیا جاتا ہے۔ مہینے کے پیسے وقت سے قبل اس لئے خرچ ہوجاتے ہیں کیونکہ اکثر لوگ بجٹ نہیں بناتے اور اس کو مدنظررکھتے ہوئے پیسے خرچ نہیں کرتے ۔ اگر بجٹ بنالیاجائے تو انسان کو پیسے بچانے میں بھی مدد ملتی ہے ۔ ہماری ویب کی جانب سے پیش کردہ اس مضمون میں مہینے کیلئے بجٹ بنانے اور اس سے متعلق چند مفید باتیں بتائی جا رہی ہیں، جو کہ یقیناً لوگوں کے بہت کام آئیں گی۔
 
بجٹ بنانے کیلئے:
بجٹ بنانے کیلئے کچھ مراحل اور باتوں کو مدنظررکھنا ضروری ہے جوکہ مندرجہ ذیل ہیں ۔
 
1۔ ماہانہ تنخواہ اور بلز کی ادائیگی:
بجٹ بنانے کے لئے ورک شیٹ بنائیں، اس کے پہلے مرحلے میں یہ دیکھیں کہ آپ کے پاس مہینے میں کتنے پیسے آئیں گے یا آپ کی ماہانہ تنخواہ کتنی ہے۔ یہ سوچ لیں کہ پوری تنخواہ کو خرچ نہیں کرنا بلکہ اس کے حصے کرنے ہیں۔ مثال کے طور پر کہاں کہاں پیسے ادا کرنے ہیں، بلز، جہاں رہتے ہیں وہاں کے سیکورٹی کا بل، صفائی کرنے والے کا خرچہ، انٹرنیٹ کے اخراجات وغیرہ کے پیسے لکھیں۔ اس کے بعد جو پیسے بچیں گے اسے اپنی Net Income سمجھیں۔ اگر بچ جانے والے پیسے کم لگیں تو پھر آپ سوچیں کہ کہیں پارٹ ٹائم جاب کرنی ہے، یا اپنی انکم کو بڑھانے کے دوسرے طریقے اختیار کریں۔
 
image
 
2۔ پیسے کہاں خرچ ہوتے ہیں ؟
بجٹ بنانے کے دوران اس بات کو جاننے کی کوشش کریں کہ آپ کے پیسے کب اور کہاں خرچ ہوتے ہیں۔ خرچ کرنے کی کیٹیگریز بنائیں، تاکہ آپ کو پتا چل سکے کہ کہاں پیسے خرچ کرنے چاہئیں اور کہاں فضول خرچہ ہو رہا ہے۔ ساتھ ہی آپ کو یہ بھی اندازہ ہوگا کہ کن چیزوں پرآپ کا خرچہ زیادہ ہوتا ہے تاکہ پھر ان چیزوں پر ہاتھوں کو کنٹرول کرکے پیسے بچائے جاسکیں۔ چینی، دال آٹا ودیگر سامان پر ماہانہ جو خرچہ ہوتا ہے وہ ہر مہینے مختلف بھی ہوسکتا ہے۔ جب بھی کسی سپر اسٹور میں شاپنگ پر جائیں فضول میں نہ خود ٹرالی بھریں اور ناہی بچوں کو بھرنے دیں۔ روزانہ کتنا خرچہ ہوتا ہے، اسے چاہیں تو پین کی مدد سے ڈائری میں لکھیں یا اپنے موبائل فون میں لکھ لیں۔
 
3۔ مقاصد کا تعین:
یہ بہت ضروری ہے کہ پیسوں کی بچت کے حوالے سے مقاصد طے کئے جائیں، کم مدتی یا طویل مدتی دو طرح کے مقاصد ہوسکتے ہیں ۔ کم مدتی مقاصد ایک سال سے زائد نہ ہوں، بجٹ بنانے کے دوران فضول چیزوں کا خرچہ کم کریں اور کم مدتی مقصد کو پورا کرتے ہوئے پیسے بچائیں ۔ اسی طرح طویل مدتی مقاصد کو بھی مدنظر رکھیں گے تو فضول چیزوں پر زیادہ پیسے خرچ نہ کریں۔ اگر برانڈز کے کپڑے پہنتے ہیں تو پھر ان کے ڈسکاؤنٹ یا سیل کے آنے کا انتظار کریں اور پھر چیزیں ایک ساتھ خرید لیں۔ ہر سال نومبر کے مہینے میں دنیا بھر میں بلیک فرائڈے جو کہ ہمارے یہاں وائٹ یا بلیسڈ فرائڈے کے نام سے سیل آتی ہیں،اس سے فائدہ اٹھائیں ، تمام ہی کپڑے، فرنیچر، کچن آئٹمز اور مشینی آئٹمز کی خریداری کے لئے پیسے جمع کریں اور اس سیل سے فائدہ اٹھاکر اپنے پیسے بچایا کریں۔
 
4۔ منصوبہ بنائیں:
آنے والے دنوں میں جو پیسے خرچ کرنے ہیں اس کا اندازہ لگالیں ۔ تاکہ بجٹ بناتے وقت آپ کو پہلے سے پتا ہو کہ کسی چیزپر کتنا خرچہ آئے گا اور اس کیلئے کتنے پیسے جیب میں ہونے چاہئیں ۔ تاکہ اسے حساب سے بچت کرکے اگلے خرچے کے پیسے نکالے جائیں۔ جو سب سے زیادہ ضروری چیز ہے اسے خریدیں، جس چیز کی اتنی ضرورت نہ ہو اسے طویل مدتی پلان (منصوبے) کا حصہ بنادیں۔
 
image
 
5: عادات میں تبدیلی لائیں:
 جب بجٹ کے دوران ان تمام چیزوں کا اندازہ لگ جائے گا تو آپ کو اس بات کا احساس ہوجائے گا کہ کتنے پیسے کہاں خرچ ہونے ہیں اور کونسی چیزیں فضول خرچی میں آرہی ہیں اور ان پر خرچ نہ کیا جائے یا ہاتھوں کو اس پر کنٹرول کیا جائے۔ آپ کو اپنی نیٹ انکم کا پتا چل جائے گا ساتھ ہی خرچ ہونے والے پیسوں کا بھی اندازہ ہوجائے گا۔ یوں آپ کو اپنی عادات میں تبدیلی لانے کی کوشش کرنے میں آسانی ہوگی ۔ ہر وقت باہر سے کھانا آرڈر منگوانے کی عادت پڑ گئی ہے تو اس عادت کو ختم کریں، سپر اسٹورز میں جاکر ٹرالیاں نہ بھریں بلکہ جس چیز کی ضرورت ہو اسے ہی خریدیں۔ مقاصد کیلئے پیسوں کو بچانے کی کوشش کریں۔
 
6: خرچے کی شیٹ بنائیں اوراسے سنبھال کر رکھیں:
جو خرچہ ہوتا ہے، اس کی بجٹ شیٹ بنائیں اور اسے سنبھال کرریکارڈ میں رکھیں، تاکہ بنائی گئی بجٹ شیٹ کو دیکھتے رہیں اور اندازہ لگاتے رہیں کہ کہاں کتنا خرچہ ہو رہا ہے ۔ ہوسکتا ہے کہ آپ کے اخراجات بڑھ رہے ہوں،یا آپ پیسے بچانے میں ناکام ہورہے ہوں، تو اس ریکارڈ کو دیکھ کر آپ کو اندازہ لگانے میں آسانی ہوگی کہ کہاں کتنا پیسہ خرچ کرنا ہے اور کہاں کنٹرول کرنا ہے۔
YOU MAY ALSO LIKE: