جانئے عورتیں، مردوں کے مقابلے میں زیادہ لمبی زندگی کیوں جیتی ہیں ؟

image
 
امریکا کے سینٹرز فار ڈیزیز کنٹرول اینڈ پریوینشن نے مردوں اور عورتوں کی عمر اور ان کی زندگی جینے پر تحقیق کی ہے۔ جس کے نتائج کے مطابق دنیا بھر میں مردوں کی اوسط عمر 76 سال اور عورتوں کی اوسط عمر 81 سال ہے۔ تحقیق میں یہ بات سامنے آئی ہے کہ عورتوں کی صحت عمومی طور پر اچھی رہتی ہے، اس لئے وہ مردوں کے مقابلے میں زیادہ طویل عرصے تک زندہ رہتی ہیں اور ان کی عمر مردوں سے زیادہ ہوتی ہے۔
 
ورلڈ ہیلتھ آرگنائزیشن کے Hale index میں مردوں اور عورتوں کی عمروں کا تجزیہ کیا گیا ہے۔ اس میں بتایا گیا ہے کہ عورتیں اور مرد کتنے عرصے تک جی سکتے ہیں۔ انہوں نے امریکی معاشرے پر کی جانے والی تحقیق میں بتایا ہے کہ امریکی خواتین 70 سال تک بغیر موذی مرض کا شکار ہوئے زندگی جی لیتی ہیں۔ اس دوران ان کی صحت اچھی رہتی ہے اور انہیں کوئی جان لیوا بیماری نہیں ہوتی، جبکہ امریکی مرد 67 سال تک بغیر کسی موذی مرض میں مبتلا ہوئے زندگی جی لیتے ہیں۔
 
آسٹریلیا کی یونیورسٹی آف نیو ساؤتھ ویلز کے نیورو سائیکاٹری کے پروفیسر ڈاکٹر برمندرشیدو کا کہنا ہے کہ یہ بات پہلی مرتبہ سامنے نہیں آئی ہے کہ عورتوں کی اوسط عمر مردوں سے زیادہ ہوتی ہے ، اس سے قبل بھی یہ بات مختلف ریسرچز کے ذریعے سامنے آ چکی ہے ۔ ان کا کہنا ہے کہ زندگی جینے کی اوسط عمر کا جو فاصلہ ہے، وہ ہر معاشرے میں یکساں ہے، اس میں غریب اور امیر بھی شامل ہیں، یعنی امیر لوگوں اور غریب لوگوں کی اوسط عمر میں بھی یہی اوسط فرق پایا گیا ہے ۔
 
image
 
مرد کیوں طویل زندگی نہیں جی پاتے؟
ڈاکٹر برمندر کا کہنا ہے کہ مرد اس لئے طویل زندگی نہیں جی پاتے کیونکہ وہ کمانے کی غرض سے باہر نکلتے ہیں اور انہیں گھر چلانے کے لئے مختلف حالات کا سامنا کرنا پڑتا ہے۔ وہ ذہنی وجسمانی تھکن اور ڈپریشن کا شکار ہوتے ہیں۔ پھر ان میں سگریٹ نوشی کی عادت پائی جاتی ہے ۔ کچھ مرد شراب نوشی کی طرف متوجہ ہوجاتے ہیں ، کچھ تمباکو والے گٹکے اور اس طرح کی چیزوں کے عادی ہوجاتے ہیں ، ان کا وزن بڑھنے لگتا ہے ، انہیں وجوہات کی بنا پر مختلف بیماریاں گھیرنے لگتی ہیں اور وہ ان بیماریوں میں مبتلا ہوکر زندگی کی بازی ہار جاتے ہیں ۔ اس کے علاوہ مرد جب کمانے لگتے ہیں اور باہر نکلتے ہیں تووہ مختلف حادثات کا شکار ہوجاتے ہیں، جیسے کار ایکسیڈنٹ، ڈکیتی کے دوران مزاحمت کرنے پرقتل کردئیے جاتے ہیں ، یا ان کے ساتھ اسی طر ح کے حادثات پیش آتے ہیں ۔ یوں بھی وہ بغیر کسی موذی بیماری میں مبتلا ہوئے بغیر زندگی کی بازی ہار جاتے ہیں۔
 
ڈیوک یونیورسٹی اور یونیورسٹی آف ساؤتھ کوریا میں کی جانے والی بائیولوجی کی ریسیرچز میں یہ بات سامنے آئی ہے کہ مردوں کے ٹیسٹواسٹیرون ہارمون کا جسم میں لیول بڑھ جائے تو وہ کئی طبی مسائل کا شکار ہوجاتے ہیں ، جس کی وجہ سے بھی وہ طویل زندگی نہیں جی پاتے ۔ ان ہارمونز کے لیول میں زیادتی کی وجہ سے مردوں کا مدافعتی نظام کمزور ہوجاتا ہے اور وہ دل کی مختلف بیماریوں کا آسان شکار بن جاتے ہیں، جن کے سبب بعد میں ان کی موت واقع ہوجاتی ہے۔
 
image
 
عورتیں زیادہ مضبوط کیوں؟
مختلف ریسرچز میں یہ بات سامنے آئی ہے کہ ابتدا سے ہی زندگی گزارنے کے دوران عورتیں مختلف حادثاتی کیفیات سے گزرتی ہیں، بچوں کی پیدائش اور حمل جیسے مشکل ترین حالات سے گزرنے کے بعد وہ مضبوط ہوجاتی ہیں ، اس لئے جب وہ چھوٹی بیماریوں یا مسائل کا شکار ہوتی ہیں تو اس سے زیادہ متاثر نہیں ہوتیں اور وہ آسانی سے ان مسائل کو جھیل لیتی ہیں اور ان کی زندگی رواں دواں رہتی ہے۔ جبکہ مردوں کی زندگی میں خواتین جیسی حادثاتی کیفیات نہیں ہوتیں اور وہ اس کو جھیلنے اور اس سے گزرجانے کے عادی نہیں ہوتے، لہذا جب ان کے سامنے کوئی حادثاتی کیفیت یا مسئلہ آتا ہے تو وہ اس سے نکلنے میں اکثر ناکام ہوجاتے ہیں اور ان کی زندگی کا دورانیہ مختصر ہو جاتا ہے۔
YOU MAY ALSO LIKE: