کوکونٹ برفی ہو یا چم چم ، رس ملائی ہو یا قلاقند۔۔۔ جانتے ہیں کہ کس مٹھائی کو کتنے دن تک استعمال کرسکتے ہیں؟

image
 
کسی بھی خوشی کے موقع پر ”منہ میٹھا“ کرنا ہمارے یہاں کی روایت کا ایک اہم حصہ ہے۔ یہی وجہ ہے کہ آئے دن مٹھائیاں یا کیک ہمارے گھروں میں منگوائے جاتے ہیں ، گھر میں کوئی مہمان آرہا ہو یا ہم کسی کے گھر جا رہے ہوں ، خالی ہاتھ تو کبھی نہیں جاتے، کوشش کرتے ہیں کہ ہاتھ میں کیک یا مٹھائی کا ڈبہ ضرور لے کر جائیں۔
 
ہمارے یہاں طرح طرح کی مٹھائیاں ملتی ہیں ، کسی مٹھائی کو تیار کرنے میں کھویا ڈالا جاتا ہے تو کوئی ڈیری مصنوعات سے تیار کی جاتی ہیں ۔ یوں حلوائی یا مٹھائی کی دکانوں سے آنے والی یہ مٹھائیاں روزانہ کی بنیاد پر تیار کی جاتی ہیں ۔ ویسے تو دنیا بھر کی فوڈ اٹھارٹیز نے قوانین بنا رکھے ہیں، جس کے تحت دکانداروں کو مٹھائی کے ڈبے پر مینوفیکچرنگ ڈیٹ ڈالنی لازمی ہوتی ہے۔ پاکستان میں بھی بڑی مٹھائی کی دکانوں سے اگر مٹھائی خریدی جائے تو اس پر تاریخ کی اسٹمپ لگائی گئی ہوتی ہے۔جس سے اندازہ ہوجاتا ہے کہ مٹھائی کب تیار کی گئی تھی یا کتنی پُرانی ہے۔
 
کس مٹھائی کا کتنے دنوں تک استعمال؟
ہماری روایتی مٹھائیوں میں کھویا، گھی، میدہ، خشک میوہ جات اور چینی ڈالی جاتی ہے۔ وہ مٹھائیاں جن میں کھویا ڈالا جاتا ہووہ بوندی لڈو کے مقابلے میں جلدی خراب ہوجاتی ہیں ۔ اس لئے کھوئے سے تیار کردہ مٹھائی کو اسی دن استعمال کرلیا جائے تو بہتر رہتا ہے، جبکہ بوندی لڈو کو دو تین دن بعد بھی کھایا جاسکتا ہے۔
 
اگر گھر میں ریفریجریٹر نہیں ہے تو کمرے کے درجہ حرارت میں قلاقند، روز قلاقند یا چاکلیٹ قلاقند اس طرح کی مٹھائی کو رکھا ہے تو بہتر یہی کہ آپ اسی دن ان مٹھائیوں کو کھا لیں، دوسرے دن استعمال کرنے سے گریز کریں۔ کیونکہ یہ دودھ سے تیار کی جاتی ہیں اور جلدی خراب ہوجاتی ہیں۔ اگر فریج میں انہیں رکھا جائے تو چار دن تک اگر وہ کھٹی نہ پڑی ہوں تو کھائی جاسکتی ہیں۔
 
image
 
بنگالی چم چم، بادام پیڑہ، رس گلہ، رس ملائی، ربڑی رس ملائی، شاہی ٹوسٹ، چم چم، گلاب جامن وغیرہ کو ریفریجریٹر میں رکھیں تو دو دن تک انہیں استعمال میں لایا جاسکتا ہے۔
 
ملک کیک، کوکونٹ لڈو، موتی چور کے لڈو، موتی پاک وغیرہ کو تیار کردہ تاریخ کے 4 دن کے بعد تک استعمال میں لایا جاسکتا ہے۔ تاہم انہیں بھی ریفریجریٹر میں رکھا جائے تو بہتر ہے۔ بیسن کے لڈو، شکر پارہ، انجیر کیک یا مٹھائی، کاجو قتلی کو تیار کرنے کے بعد 7دن کے اندر کھایا جاسکتا ہے۔ تاہم اسے بھی ٹھنڈی جگہ پر رکھنا ضروری ہے، ورنہ یہ بھی خراب ہوسکتے ہیں۔
 
ڈرائی فروٹ لڈو، ملتانی حلوہ اس طر ح کے حلوہ جات ایک ہفتے تک کھالئے جائیں تو بہتر ہے ، انہیں بھی ٹھنڈے مقام پر رکھیں تو یہ ٹھیک رہتی ہیں۔
 
image
 
یاد رکھیں کہ مٹھائی بھی ایکسپائر ہوجاتی ہیں ، اگر اس کا ذائقہ، رنگ اور خوشبو تبدیل ہوجائے تو اسے ہرگز نہ کھائیں ۔ اگر اس میں کھٹا پن محسوس ہو تب بھی اسے ہرگز استعمال نہ کریں۔ اگرچہ وہ ایک دن قبل ہی تیار کی گئی ہو لیکن اس کا ذائقہ آپ کو پہلے دن کی طرح نہ لگے تو پھر اسے نہ کھائیں۔ ایکسپائر مٹھائیاں کھانے سے پیٹ خراب یہاں تک کے لوگوں کو فوڈ پوائزن بھی ہوسکتا ہے۔ اس لئے احتیاط کرنا ضروری ہے۔
YOU MAY ALSO LIKE: