|
|
دنیا کے مختلف ممالک کی ثقافت اور پکوان الگ الگ طرح کے
ہیں ، یہی وجہ ہے کہ کسی ملک کی کوئی ڈش مشہور ہوتی ہے اور کسی ملک کو کسی
اور چیز کے حوالے سے جانا جاتا ہے۔ تیکھے یا میٹھے پکوان ہوں، دنیا کے
مختلف ممالک میں اپنی روایات کے مطابق تیار کئے جاتے ہیں ۔ اس مضمون میں ہم
آپ کو دنیا کی چند مشہور میٹھی ڈشز کے بارے میں بتانے جا رہے ہیں،جن کے
بارے میں جان کر آپ زندگی میں ضرور ایک بار اسے کھانا چاہیں گے ۔ |
|
پرتگال کے کسٹرڈ ٹارٹ: |
پرتگال کی میٹھی ڈشز میں سب سے مشہور“کسٹرڈ ٹارٹ“ ہے۔
اسے تیار کرنے کیلئے پف پیسٹری ڈو سے کپ بنایا جاتا ہے اور اس میں کسٹرڈ کی
فلنگ، انڈے کی زردی، میدہ، چینی اور دارچینی ڈال کر تیار کی جاتی ہے۔ اسے
کپ میں بھر کر بیک کیا جاتا ہے۔ یہ کسٹرڈ ٹارٹ وہاں کی روز مرہ روٹین کے
دوران کھایا جاتا ہے ۔ اس کا ذائقہ اتنا اچھا ہوتا ہے کہ ایک بار کھانے کے
بعد ہاتھ نہیں رُکتا اور انسان ایک ہی وقت میں چار سے پانچ کسٹرڈ ٹارٹ کھا
لیتا ہے۔ |
|
|
پاکستان کے گلاب جامن: |
گلاب جامن کو برصغیر پاک و ہند کی ایک مشہور مٹھائی مانا
جاتا تھا ، یہ اب بھی پاکستان اور انڈیا میں شوق سے تیار کئے جاتے ہیں۔ اب
تو گاب جامن کو کیکس ودیگر میٹھی ڈشز کو تیار کرنے میں بھی استعمال میں
لایا جا رہا ہے ۔ گلاب جامن پاکستان کی سب سے مشہور مٹھائی ہے، یہ ہر
حلوائی کی دکان پر لازمی موجود ہوتے ہیں ۔ آج کل تو گھروں میں خواتین خشک
دودھ، بیکنگ سوڈا، عرق گلاب ودیگر اجزا ڈال کر اسے تیار کرلیتی ہیں۔ اس کا
آٹا تیار کرکے اس کی بالز بنائی جاتی ہیں، جنہیں سنہری ہونے تک تلا جاتا ہے
اور پھر اسے پہلے سے تیار کرد ہ شیرے میں ڈال دیا جاتا ہے۔ یوں گلاب جامن
تیار ہوجاتے ہیں۔ |
|
|
برطانیہ کی ٹافی پڈنگ: |
برطانیہ کی مشہور میٹھے پکوان میں اس کا شمار ہوتا ہے۔
اسے تیار کرنے کیلئے پہلے سادہ اسفنج کیک تیار کیا جاتا ہے۔ اس کے اوپر
ٹافی سوس ڈالا جاتا ہے۔ کچھ لوگ اس کے اوپر کسٹرڈ جبکہ کچھ لوگ آئس کریم
ڈالتے ہیں۔ پھر اس کے اوپر کھجوریں چوپ کرکے شامل کی جاتی ہیں۔اس طرح یہ
ٹافی پڈنگ تیار ہوجاتی ہے۔ جب بھی برطانیہ جائیں تو وہاں کی اس میٹھی سوغات
کوضرور چکھئے گا، ویسے یہ ٹافی پڈنگ اب برطانیہ کے علاوہ نیوزی لینڈ اور
آسٹریلیامیں بھی تیار کی جانے لگی ہے اور یہ ڈش آپ کو وہاں بھی بہ آسانی مل
سکتی ہے۔ |
|
|
بیلجیم کے ویفلز: |
بیلجیم کا مشہور اسٹریٹ فوڈ ”ویفلز“ ہیں۔ جب بھی وہاں
جائیں گے تو آپ کو ویفلز کے ساتھ مختلف طرح کی ٹاپنگز اور سیرپ ڈال کر اسے
آپ کے سامنے پیش کیا جائے گا ۔ یہ مختلف ذائقوں میں تیار مل جاتے ہیں۔
انہیں میدہ، بیکنگ پاؤڈر، دار چینی پاؤڈر، چینی، انڈہ ودیگر کی مدد سے تیار
کیا جاتا ہے۔ اگر کسی کو اسٹرابیری پسند ہے تو اسے اسٹرابیری کے ساتھ سرو
کیا جاتا ہے۔ |
|
|
آسٹریلیا کے لیمنگٹن: |
آسٹریلیا میں لیمنگٹن کو بہت شوق سے کھایا جاتا ہے ۔ اسے
چوکورونیلا اسفنج کیک میں چاکلیٹ، کھوپرہ اور لیمنگٹن جیم ڈال کر بنایا
جاتا ہے۔ اس کی ٹاپنگ کو، کوکو پاؤڈر،آئسنگ شوگر، کھوپرہ اور چاکلیٹ ڈال کر
تیار کیا جا تا ہے۔ یہ اب تو دنیا بھر میں آسانی سے مل جاتے ہیں، تاہم
آسٹریلیا کے لیمنگٹن کی بات ہی الگ ہوتی ہے۔ |
|
|
اسپین کے چوروز: |
چوروز کو مخصوص بیٹر کو تیار کرکے اسے پائپنگ بیگ میں ڈالا جاتا ہے ،
پھرلمبائی میں اسے تیل میں ڈال کر تلا جاتا ہے۔ ویسے تو اس کی ابتدا اسپین
سے ہوئی تھی، لیکن اب دنیا میں اسپین کے علاوہ میکسیکو، پرتگال، کولمبیا
اور گوئٹے مالا کو بھی چوروز کے حوالے سے جانا جاتا ہے۔ اس کے اوپر چینی
چھڑکی جاتی ہے اور اسے مختلف ذائقوں کے سوس کے ساتھ سرو کیا جاتا ہے۔ |
|
|
اٹلی کی ڈش تریماسو: |
اٹلی کا مشہور میٹھا پکوان تریماسو ہے۔ اسے کریم چیز، کافی، ڈارک چاکلیٹ،
بسکٹ کی مدد سے تیار کیا جاتا ہے۔ اس ڈش کو ڈنر کے بعد خصوصی طور پر
مہمانوں کے سامنے سرو کیا جاتا ہے ۔ کھانے میں نہایت ہی مزیدار اس میٹھی ڈش
کو اٹلی کی سب سے مشہور ڈش مانا جاتا ہے ۔ |
|