کھانے،پینے کی اشیا سے صفائی؟ جانئے ان چیزوں کے بارے میں ، جنہیں کھانے پینے کے علاوہ صفائی کیلئے بھی استعمال میں لایا جاسکتا ہے

image
 
کئی چیزیں ایسی ہیں جنہیں ہم صرف کھانے پینے کیلئے ہی استعمال میں لاتے ہیں ۔ ان اشیا کے اور بھی استعمالات ہوتے ہیں لیکن کچھ لوگ اس بارے میں جانتے ہی نہیں ہیں ۔ اس مضمون میں ہم آپ کو بتاتے ہیں کہ کھانے پینے کی کن چیزوں کے ذریعے مختلف چیزوں کو صاف کیا جاسکتا ہے ۔
 
سوڈا ڈرنک کے ذریعے شیشہ، جیولری اور کپڑے چمکائیں:
سوڈا ڈرنکس کو تو لوگ پینے کیلئے ہی استعمال کرتے ہیں ، تاہم اسے کئی چیزوں کو صاف کرنے کیلئے استعمال میں لایا جاسکتا ہے ۔ باتھ روم کا شیشہ اگر پانی کے دھبوں سے خراب ہوگیا ہے تو اسے سوڈا ڈرنک سے صاف کریں، وہ چمک اٹھے گا، اسی طرح جیولری کو بھی سوڈا ڈرنک سے صاف کریں ، وہ نکھر جائے گی۔ اس کے علاوہ اگر کپڑوں پر داغ دھبے ہوں تو سوڈا ڈرنک میں تھوڑا سا پانی ملاکر اسے داغ پر رگڑیں ، اس سے بھی کپڑوں کے داغ صاف ہوجاتے ہیں۔ سوڈا ڈرنکس ایک اچھے کلینزر جیسا کام دکھاتے ہیں، انہیں ٹائلز، باتھ روم وغیرہ کو صاف کرنے کیلئے بھی استعمال میں لایا جاتا ہے ۔
image
 
کیلے کے ذریعے مکھیوں سے چھٹکارا:
گھر میں پھل اور سبزیاں موجود ہوں اور مکھیاں (فروٹ فلائی) ان کے اردگرد نہ منڈلائیں ، ایسا نہیں ہوسکتا۔ ان مکھیوں سے چھٹکارا پانے اور ماحول کو صاف رکھنے میں کیلا اہم کردار ادا کرتا ہے ۔ اس کے لئے ایک شیشے کی بوتل لیں، اس میں ایک یا آدھا کیلا کاٹ کر رکھ دیں ۔ ساتھ ہی اس میں تھوڑا سا ڈش واش سوپ بھر دیں ۔ پھر اس کے اوپر ایک کاغذ کو، کون کے انداز میں بناکر اس پر رکھ دیں۔ کیلے کی خوشبو سے پھلوں پر منڈلانے والی مکھیاں اس طرف آئیں گی اور وہ اس جار میں گرتی جائیں گی، اس طرح آپ کے گھر سے مکھیوں کا خاتمہ ہوجائے گا۔
image
 
لیموں کا رس اور مائیکرو ویو صاف:
لیموں کے رس کے ذریعے مائیکرو ویو کو چمکایا جا سکتا ہے ۔ کسی کپڑے میں لیموں کا رس لیں اور اسے مائیکرو ویو کے بیرونی اور اندرونی حصوں پر رگڑیں ۔ چاہیں تو مائیکرو ویو میں لیموں کے رس کا پیالہ 3 منٹ کیلئے رکھ کر اسے چلادیں، اس کے بعد کسی تولئے سے اندرونی حصوں کو صاف کرلیں۔ لیموں کا رس جب بھاپ بن کر اڑے گا تو وہ مائیکرو ویو کے اندرونی حصوں پر موجود چکنائی کے داغ دھبوں کو صاف کرنے میں مددگار ہوگا ۔
image
 
کیچپ، تانبے اور اسٹین لیس اسٹیل کے برتن اور شوپیس کو چمکا دے:
تانبے یا اسٹین لیس اسٹیل سے بنی مختلف چیزیں ہمارے استعمال میں ہوتی ہیں ، کچن کے کچھ پتیلے، کیتلی وغیرہ تانبے اور اسٹیل سے بنائی جاتی ہیں ، جبکہ کچھ شوپس بھی گھروں میں موجود ہوتے ہیں جو کہ ان دھاتوں سے بنائے گئے ہوتے ہیں ۔ کراچی کی نمی والی آب و ہوا کی وجہ سے اگر یہ چیزیں خراب ہوگئی ہیں تو پھر کسی کپڑے یا برش پر ٹماٹو کیچپ لگائیں اور اسے رگڑیں ۔ کچھ دیر کیلئے انہیں ایسے ہی چھوڑدیں۔اس کے بعد اسے صاف کرلیں۔
image
 
پیاز سے گِرل کی صفائی:
گِرل خراب ہوگئی ہے تو اسے کسی کیمیکل سے صاف کرنے کے بجائے پیاز سے چمکائیں ۔ آدھا پیاز لے کر اسے کسی چیز کی مدد سے پکڑ کر رگڑیں۔ اچھی طرح رگڑتے رہیں جب تک کہ اس سے چکنائی وغیرہ صاف نہ ہوجائے۔
image
 
لکڑی کے فلور کو چائے سے چمکائیں:
لکڑی کے فلور وقت کے ساتھ ساتھ اپنی رنگت کھو دیتے ہیں، ان کی صفائی کا آسان طریقہ یہ ہے کہ پونچھا لگانے والی بالٹی میں بلیک ٹی (کالا قہوہ) ڈالیں ۔ اور پھر اس سے پونچھا لگائیں ۔ چائے میں موجود ٹینک ایسڈ فلور کو صاف کرنے اور اس کی رنگت کو برقرار رکھنے میں مدد دیتا ہے ۔ یاد رکھیں کہ چائے کو ہارڈ ووڈ فلور کے اوپر ہی صفائی کرنے کیلئے استعمال کریں۔ لیمینیٹ والے فلور اس سے ہرگز صاف نہ کریں۔
image
YOU MAY ALSO LIKE: