سردی کے ساتھ انڈے ہوئے مہنگے مگر مارکیٹ میں جعلی انڈوں کی موجودگی کا انکشاف، جعلی انڈوں کو کیسے پہچانا جائے طریقہ سامنے آگیا

image
 
سردی کے موسم کے آتے ہی انڈوں کے استعمال میں اضافہ ہو جاتا ہے لوگ نہ صرف انڈوں کا استعمال ناشتے میں کرتے ہیں بلکہ مختلف طرح کی ڈشز مثلا سوپ ، حلوہ وغیرہ میں بھی انڈوں کا استعمال بڑھ جاتا ہے- جیسے جیسے انڈوں کی ڈیمانڈ میں اضافہ ہوتا ہے ویسے ویسے اس کی قیمت بھی بڑھنے لگتی ہے مگر کچھ مفاد پرست لوگوں نے اب ان انڈوں کی جگہ جعلی انڈے بنا کر فروخت کرنے شروع کر دیے ہیں- ایک نجی چینل کی رپورٹ کے مطابق کراچی کے علاقے ڈیفنس میں جعلی انڈوں کی فروخت کی اطلاع ملی جس کے بعد حکام نے چھاپا مار کر نہ صرف جعلی انڈوں کو برآمد کیا بلکہ اس کے ساتھ ساتھ انہوں نے جعلی انڈوں کی پہچان بھی بتائی تاکہ صارفین انڈوں کی خریداری میں احتیاط کر سکیں-
 
جعلی انڈوں کے اجزا
جعلی انڈے کی تیاری کے لیے جو اجزا اور کیمیکل استعمال کیے جاتے ہیں وہ مضر صحت ہوتے ہیں اور انسانی جان کے لیے خطرناک قرار دیے گئے ہیں جو انسان کو جگر ، معدے اور اعصابی بیماریوں میں مبتلا کرنے کا باعث بن سکتے ہیں- انڈے کی زردی کے لیے ریسن نامی کیمیکل کا استعمال کیا جاتا ہے جب کہ خول کی تیاری میں پیرافکسن ویکس ، کیلشیم کاربونیٹ اور جپسم کا استعمال کیا جاتا ہے- یہ تمام اشیا کھانے پینے کے لیے سخت مضر صحت قرار دی جاتی ہیں-
 
جعلی انڈے کی شناخت کی نشانیاں
1: جعلی انڈوں کا خول
جعلی انڈوں کا خول چونکہ کیمکلز کی مدد سے تیار کیا جاتا ہے اس وجہ سے یہ عام انڈے کے مقابلے میں کافی سخت ہوتا ہے اور اس کو عام انڈے کی طرح ایک ضرب سے توڑنا مشکل ہوتا ہے-
 
image
 
2: جعلی انڈوں کو ہلا کر دیکھیں
جب جعلی انڈوں کو ہلا کر دیکھیں تو اس میں پانی جیسی چیز اندر ہلتی ہوئی محسوس ہوگی جب کہ اصلی انڈوں کے اندر اس طرح کا کچھ نہیں ہوتا ہے اس کو ہلانے پر ایسا کچھ محسوس نہیں ہوتا ہے اور اس کی سفیدی اور زردی ایک ساتھ جڑی ہوتی ہے علیحدہ ہلتی نہیں ہے-
 
3: جعلی انڈوں کی زردی
جعلی انڈوں کی زردی اصلی انڈوں کے مقابلے میں زیادہ پیلی ہوتی ہے اس کی وجہ ان مصنوعی رنگوں کا استعمال ہے جو اس زردی کی تیاری میں کیا جاتا ہے- اس کے علاوہ یہ زردی بہت پھیلی ہوئي بھی ہوتی ہے جس کو اگر ابالا جائے تو یہ بہت سخت ہو جاتی ہے-
 
image
 
4: جعلی انڈوں کا سائز
جعلی انڈوں کا سائز عام انڈوں کے مقابلے میں تھوڑا بڑا ہوتا ہے مگر دیکھنے میں یہ ہو بہو عام انڈے کی طرح ہی نظر اتے ہیں مگر اگر ایک ساتھ رکھا جائے تو یہ سائز میں تھوڑے بڑے ہی ہوتے ہیں-
 
کراچی پولیس اب تک یہ جاننے کی کوشش کر رہی ہے کہ یہ جعلی انڈے کس جگہ بنائے جا رہے ہیں مگر ٹی وی رپورٹ کے مطابق اب تک ان کو اس بات کا پتہ نہیں چل سکا کہ یہ انڈے کہاں تیار کیئے جا رہے ہیں-
YOU MAY ALSO LIKE: