ضمیر کے گورکن لیکن کب تک؟؟

پرنس ہیری برطانیہ کے ولی عہد شہزادہ چارلس اورآنجہانی لیڈی ڈیاناکے دوسرے صاحبزادے اوربرطانیہ کی متوقع بادشاہت میں تیسرے نمبرپر ہیں ،پرنس ہیری15ستمبر1984ءمیں پیداہوئے اوران کی والدہ انہیں عام انسان دیکھناچاہتی تھی چنانچہ لیڈی ڈیانانے شاہی روایات توڑتے ہوئے ہیری کوعوامی پارکوں،کھیل کودکے میدانوں،میکڈونلڈاورسینماگھروں میں لے جاناشروع کیا،ہیری بارہ برس تک اپنی ماں کے ساتھ لندن کی عام زندگی دیکھتے رہےلیکن1997ءمیں اپنی ماں کے انتقال کے بعد دوبارہ شاہی خاندان کی روایات میں دفن ہوگئے۔1988ءمیں سکول کی تعلیم کیلئے ایٹن آئے توانہوں نے آزادی کاذائقہ چکھنے کیلئے سپورٹس کاسہارالیا،وہ فٹ بال،سکینگ اورگھڑسواری میں دلچسپی لینے لگے،پرنس2005ءمیں ملٹری اکیڈمی سینڈ ہرسٹ میں داخل ہوئے،انہوں نے 44ہفتے کی عسکری ٹریننگ کی بعدبرطانوی فو ج میں بطور سیکنڈ لیفٹیننٹ ونڈسرمیں بلیوزاور رائل رجمنٹ جوائن کرکے تمام خطرناک اورمشکل آپریشنزمیں حصہ لیا۔
پرنس ہیری اکتوبر2007ءکے آخرمیں برطانوی اخبارات کی”کورسٹوریز”اور ٹیلی ویژن کی خبروں میں بھی بری طرح”ان” ہوگئے۔پرنس ہیری کی مشکلات کاپس منظربہت دلچسپ تھا۔پرنس ہیری نے مشرقی برطانیہ نورفوک میں ملکہ برطانیہ کی بہت بڑی جاگیرکے علاقے نائم سینڈرنگ ہیم کےایک شاہی محل کے ساتھ ایک طویل جنگل میں،اکتوبر کے آخری ہفتے میں لاعلمی میں پرندوں کے شکارپرپابندی کے علاقے میں ایک خاص قسم کی نایاب براؤن رنگت کی مادہ مرغی اوراس کے نرجوخواراک کی تلاش میں پروازکررہے تھے،پردوفائرکئےاور یہ دونوں پرندے زخمی ہو کرگرگئے،سینڈرنگ ہیم کے قرب وجوارمیں اس وقت دوعام شہری اورجنگلی حیات کاایک وارڈن موجودتھے،ان لوگوں نے فوراًپولیس کواطلاع دی، پولیس فوری طورپرسینڈرنگ موقع پرپہنچی اوراس نے زخمی پرندوں کوقبضے میں لیکرعلاج کیلئے بھیج دیا،جس کے بعدشہزادے سے ابتدائی تفتیش شروع ہوگئی،شہزادے نے اس واقعے سے لاتعلقی ظاہرکی لیکن پولیس نے اسے تفتیش کاحصہ بنالیا،یہ واقعہ دوسرے دن اخبارات کی شہ سرخی بن گیا،شاہی خاندان کاترجمان یہ اعلان کرنے پرمجبورہوگیا،اگرشہزادہ قصوروار ثابت ہواتواس کے خلاف قانونی کاروائی کی جائے گی “برطانوی قانون میں اس پرندے کونقصان پہنچانے کی سزاچھ ماہ قید اورپانچ ہزارپائونڈ جرمانہ ہے،برطانوی قانونی ماہرین نے قومی پریس کوبتایاکہ اگرشہزادے کے خلاف جرم ثابت ہوگیاتواسے نہ صرف یہ سزابھگتناپڑے گی بلکہ اسے فوج سے بھی فارغ کردیاجائےگا۔پھردنیا کے تمام باخبر میڈیا نے اس کاروائی کومانیٹربھی کیااوربرطانیہ کی عدالتی کاروائی کوتحسین کے کلمات سے بھی نوازا۔

آپ پرنس ہیری کے خلاف چھپنے والی تمام رپورٹس کوآج بھی پڑھ لیں،ان میں چارچیزیں نمایاں ہیں،اوّل برطانیہ میں کوئی رکن اسمبلی،کوئی لارڈ، کوئی جرنیل اورشاہی خاندان کاکوئی فردقانون سے بالاترنہیں،دوم عام شہری سے لیکر جنگلی حیات کے وارڈن تک برطانوی خاندان کے خلاف شکایت کرسکتاہے اورپولیس تفتیش کیلئے شاہی محل میں بھی داخل ہوسکتی ہے، سوم برطانیہ کے شاہی خاندان کے چھوٹے سے چھوٹے جرائم بھی میڈیا میں آجاتے ہیں اورخاندان کا کوئی فردمیڈیاپراثر انداز ہونے کی کوشش نہیں کرتااورچہارم اگرشاہی خاندان کے کسی فردکے خلاف جرم ثابت ہو جائے توبرطانوی عدالتیں فیصلہ سناتے دیرنہیں لگاتیں اوراس فیصلے پرفوراًعمل درآمدہوتاہے۔میں برطانوی معاشرے کی ان خوبیوں کا مطالعہ کرتے ہوئے پاکستانی معاشرے کاجائزہ بھی لے رہاتھا۔

برطانیہ ہماراآقاتھا،وہ ہم پرڈیڑھ سوسال حکومت کرتارہالیکن بعدازاں ہمیں محسوس ہواہم مسلمان ہیں اورمسلمان نظریات، خیالات اورروایات میں برطانیہ کے کافروں سے بہت آگے ہیں چنانچہ ہم نے1947ءمیں کافروں سے آزادی حاصل کرلی لیکن2007ءمیں ہمارے کافرآقاؤں کی اخلاقیات اورقانون پروری کایہ عالم دنیانے ملاحظہ کیاکہ وہاں دوپرندوں کوزخمی کرنے پرنہ صرف پولیس شاہی شکارگاہ میں داخل ہوگئی بلکہ شہزادہ درجنوں مرتبہ شامل تفتیش رہااورشہزادہ میڈیا سے بھی منہ چھپاتارہاجبکہ انہی دنوں ہم جیسے اہل ایمان کے ملک میں پی ایچ ڈی کی مشکوک ڈگری کے ساتھ وزارتِ قانون کا قلمدان سنبھالےوزیرقانون ایک مخصوص چارٹر طیارے کے ذریعے ملک بھرکی بارکونسلزمیں کروڑوں روپے بانٹ کر زرداری حکومت کی خدمت سرانجام دےرہاتھااورجوآج بھی انصاف کے نام پرایوانِ اقتدارمیں آنے والی جماعت میں قانون انصاف کے مشیرکے نام پراقتدارکے مزے لوٹ رہاہے۔

میں سوچ رہا تھا،ایک طرف”کافروں”کے شہزادے دوپرندے زخمی کرنے کے جرم میں قانون کے شکنجے میں آجاتے ہیں جبکہ دوسری طرف اللہ کی محبوب ترین قوم کے حکمران خود کوقانون اورآئین سے بالاترثابت کر دیتے ہیں،قوم نے عدلیہ کی آزادی کیلئے قربانیاں دیں لیکن آج حکمرانوں کے تمام مقدمات کوگہری نیندسلادیاگیاہے۔ہم اقتدارمیں رہتے ہوئے صرف ایک شخص کو بچانے کیلئے پاکستان کے تمام ادارے تباہ کردینے کی جارحانہ کوشش کرگزرتےہیں، ہم قانون اور آئین کی دھجیاں بکھیردیتے ہیں،ہم اللہ کے سامنے کیامنہ لے کر جائیں گے!کیا قیامت کے دن یہ لوگ ہمارامنہ نہیں چڑائیں گے”۔
ہمارے حکمرانوں کوکون بتائے دنیاکے تمام مذاہب کی کوئی نہ کوئی ایک بڑی خصوصیت ہے مثلاً ہندومت عاجزی کامذہب ہے (بلاشبہ مودی اپنے دھرم کابھی سب سے بڑامجرم ہے)،بودھ بے لوث ہوتے ہیں مگرروہنگیامیں انہوں نے خوداپنے ہاتھوں منہ پرکالک مل لی ہے اورعیسائیت قربانی اور یہودیت بالا دستی کادرس دیتی ہے جبکہ اسلام عدل کانام ہے،اگرہم اسلام سے عدل اورمسلمانوں سے انصاف نکال دیں توپیچھے سوکلو گرام گوشت کاڈھیررہ جاتاہے لیکن آپ ہماری بد قسمتی دیکھئے آج یہودی،عیسائی،بودھ کے پیروکارجانوروں تک سے انصاف کررہے ہیں،ان کے معاشروں میں ملکہ سے لیکرفریادی تک کویکساں حقوق حاصل ہیں،وہا ں دوزخمی پرندے زنجیرعدل ہلادیتی ہیں لیکن اللہ کی محبوب قوم کے حکمران ہرروز انصاف ،قانون اورعدل سے جوتے صاف کرتے ہیں،اگران کے خلاف کوئی فیصلہ آجائے تواس کی دھجیاں اڑادینے میں ایک لمحہ تاخیر نہیں کرتے۔

ذرادل پرہاتھ رکھ کربتائیے آج اگربرطانیہ کی عدالتیں شاہی خاندان کومحلات خالی کرنے کاحکم دیں توکیاملکہ کے پاس کوئی دوسراراستہ ہوگا؟اب آپ اللہ کے نام پربننے والے پاکستان کودیکھئے،ہماری سپریم کورٹ کے احکامات کی کس قدرتحقیرہورہی ہے۔اس کے فیصلوں پرعمل درآمد کی بجائے دوسرے تاخیری حربوں سے کام لیکراپنے اقتدارکودوام دیاجاتاہے۔ایک طرف جعلی ڈگری یافتہ کی تقرری قانون کے ساتھ کھلاکھلواڑہے،عین اس وقت ایوانِ اقتدارمیں مولاناطارق جمیل عدل وانصاف کے موضوع پرلیکچر دے رہے ہوتے ہیں۔

حضرت علی نے چودہ سوسال پہلے فرمایاتھا”دنیامیں کفرکی حکومت قائم رہ سکتی ہے لیکن بے انصافی کی نہیں”اورہم وہ بدنصیب لوگ ہیں جن کی حکومتوں کے سارے پائے بے انصافی کی مٹی سے بنتے ہیں اورصرف وہ لوگ حکومت کرسکتے ہیں جن کے ڈانڈے لمبے ہوتے ہیں یاجواپنے اپنے ضمیرکے گورکن وسوداگرہوتے ہیں لیکن کب تک؟؟

 

Sami Ullah Malik
About the Author: Sami Ullah Malik Read More Articles by Sami Ullah Malik: 491 Articles with 316925 viewsCurrently, no details found about the author. If you are the author of this Article, Please update or create your Profile here.