”دل تنہا تنہا“ اہم سماجی مسئلے کا ترجمان

سماجی مسائل کا احاطہ کرنا ہم ٹی وی کی جانب سے پیش کئے جانے والے ڈراموں کا خاصا اور اس کی مقبولیت کی وجہ رہی ہے۔ اس چینل سے پیش کیا جانے والا ایک ایسا ڈرامہ ”دل تنہا تنہا “ بھی ہے جو بڑھتی ہوئی عمر میں لڑکیوں کی شادی اور اس کی وجہ سے پیدا ہونے والی معاشرتی پیچیدگیوں کا نہایت خوبی سے احاطہ کرتا ہے۔

ہمارے معاشرے میں اچھے رشتوں کے انتظار میں لڑکیوں کی شادی کی عمر نکل جانا نہایت عام سی بات ہے ۔ ایسے گھرانوں میں والدین کچھ اس طرح سے معاشرے کے دباﺅ میں آجاتے ہیں کہ اکثر اوقات ان سے غلط فیصلے سرزد ہوجاتے ہیں ۔ بڑھتی ہوئی عمر کے نرغے میں آئی ہوئی ایک لڑکی کے گھر والے اس کی شادی میں جو غلطیاں کرتے ہیں اسے ”دل تنہا تنہا“ میں انتہائی خوبصورتی سے پیش کیا گیا ہے۔
مومل انٹرٹینمنٹ اور ایم ڈی پروڈکشنز کی مشترکہ پیش کش دل تنہا تنہا کی رائٹر مصباح علی سید ہیں‘ ڈائریکٹر علی مسعود جبکہ نمایاں ستاروں میں محسن عباس‘ کرن حق‘ علی انصاری‘ نازش جہانگیر‘ فریحہ جبیں‘ زبیر کریم‘ کنول خان ‘ مائیکل ممتاز اور شہزاد ملک شامل ہیں۔

اس ڈرامے کی کہانی میں اُس عام گھریلو سیاست کا پردہ چاک کیا گیا ہے جس میں ایک ہی گھر کے کچھ بچوں کی زندگی بچانے کیلئے کچھ کی زندگیوں کو داﺅ پر لگانے سے بھی گریز نہیں کیا جاتا ۔اس ڈرامے کے ذریعے معاشرے کے اس المیے کو اُجاگر کیا گیا ہے کہ بیٹیوں کے اچھے رشتے نہ ہونے کے سبب ماں باپ انہیں اپنے سینے پر رکھا ہوا پتھر سمجھ لیتے ہیں جس سے نجات کے حصول کیلئے وہ اس کے مستقبل کی پرواہ بھی نہیں کرتے۔

”دل تنہا تنہا “بھی ایک ایسی ہی لڑکی کا قصہ ہے جس کے ماں باپ اس کی بڑھتی ہوئی عمر سے گھبرا کر ہر گئے گزرے رشتے کو قبول کرنے کے خواہاں نظر آتے ہیں ۔ بیٹی کو مسترد کئے جانے کا عمل ان کے گھر کے ماحول کو بری طرح سے متاثر کرتا ہے ۔ تفکرات کے ان ہی بادلوں میں گھر کر وہ اپنی بیٹی کا رشتہ ایسے لالچی اور خودغرض لوگوں میں کردیتے ہیں جو شادی کے بعد ان کی بیٹی کی زندگی حرام کر دیتے ہیں۔ موضوعات کی حساسیت کو ملحوظ رکھتے ہوئے کہانی کو کچھ اس طرح سے آگے بڑھایا گیا ہے کہ دیکھنے والوں کو یہ اپنے اردگرد کی کہانی محسوس ہورہی ہے اور ناظرین اسے اپنے دل سے قریب محسوس کررہے ہیں۔

ڈرامے میں مرکزی کردار ادا کرنے والی اداکارہ کرن حق نے ڈرامے کے حوالے سے بات کرتے ہوئے کہاکہ ”ڈرامہ سیریل ”دل تنہا تنہا“ میں تمام اداکاروں نے سخت محنت کی ہے جو انشاءاللہ رنگ لائے گی ۔انہوں نے کہا کہ اس ڈرامے کی پوری کاسٹ نہایت باصلاحیت ہے اور ہر ایک اپنی اپنی جگہ بھرپور انداز میں کام کررہا ہے مجھے اُمید ہے کہ شائقین اسے بہت سراہیں گے۔کرن حق نے بتایا کہ ساتھی اداکاروں کے ہمراہی میں کام کرنے کا بہت مزہ آرہا ہے‘نئے اداکاروں کے ساتھ کام کرنے کا تجربہ اچھا رہا ہے۔“
اداکار محسن عباس جو ایک طویل وقفے کے بعد اس ڈرامے کے ذریعے اسکرین پر جلوہ گر ہورہے ہیں ‘ نے ڈرامے میں اپنے کردار کے حوالے سے بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ” ڈرامہ سیریل ”دل تنہا تنہا“ میں وہ ایک خود غرض اور گھمنڈی انسان کا کردار ادا کررہے ہیں جو اپنی خوشی کے لئے دوسروں کی ذات کی مکمل طور پر نفی کرتا ہے۔ انہوں نے کہاکہ وہ اپنے ہر کردار کو چیلنج سمجھ کر کرتے ہیں۔انہوں نے اس اُمید کا اظہار کیا کہ ناظرین ان کی محنت کو پسند کریں گے۔“

ڈرامے میں اہم کردار ادا کرنے والی مرحا )نازش جہانگیر (کو ایک مضبوط اور بااختیار لڑکی دکھایا گیا ہے جو عدیل )محسن عباس(جیسے شیطان صفت رشتے داروں کو ان کی حد میں رکھنا جانتی ہیں۔ اپنے کردار کو خوبصورتی سے نبھانے والی نازش جہانگیر کا اپنے کردار کے حوالے سے کہنا ہے کہ ”انہوں ذاتی طور پر اس ڈرامے کی کہانی پسند ہے جو صرف محبت کے گرد نہیں گھومتی بلکہ حقیقی مسائل کا احاطہ کرتی ہے۔سیریل کا چھوٹا بڑا ہر کردار اپنی جگہ بہت مستحکم ہے اور یقینا اس ڈرامے کے ذریعے ایسے گھرانوں کو جہاں بڑھتی ہوئی عمر کی لڑکیوں کو بوجھ سمجھا جاتا ہے ایک مثبت پیغام پہنچے گا۔“


 

Shazia Anwar
About the Author: Shazia Anwar Read More Articles by Shazia Anwar: 197 Articles with 287002 viewsCurrently, no details found about the author. If you are the author of this Article, Please update or create your Profile here.