شب معراج

تمام دوست و احباب کو شب معراج کی بابرکت رات مبارک ہو، اللہ تعالیٰ کے حضور التماس ہے کہ اس بابرکت رات کی گزرتی ساعات میں اس گنہگار بندے کی اس تحریر کو قبولیت عطا فرمائے۔

اے رب العزت ! بے شک تو دلوں کے رازخوب جانتا ہے اور ہمارے ہر عمل سے مکمل آگاہ ہے،ہر شے تیرے حضور عاجز ہے ، مجال ہے کہ کوئی پتہ بھی تیرے حکم کے بغیر سرک سکے۔

یہ زندگی اگر لاکھوں برس کی بھی ہو جائے مگر آخر اس نے اپنے انجام کو پہنچنا ہے اور تیرے حضور پیش ہونا ہے ، یا باری تعالیٰ ! ہمیں ان اعمال کے کرنے کی توفیق عطا کر جو ہمیں تیرے حضور سرخرو کر سکیں اور ان اعمال سے بچالے جن کے انجام دینے سے ہم شر مندہ ہوں۔

یا مالک ! ہمارے ملک پاکستان میں ہم لوگ جن بدترین حالات سے گزر رہے ہیں ، ان سے نکال کر ہمیں اپنے امان میں رکھ یاکریم! اپنا کرم کر اور سب کی بگڑی بنا دے یارحیم! تیرے رحم کی بارش ہم پر ہمیشہ برستی رہے یاسلام! ہمیں ہر تکلیف اور پریشانی سے نجات دلا دے یامھیمین! اپنے امان میں رکھ یا غفار! ہمارے تمام گناہ معاف کردے یا قہار! عالم اسلام کے دشمنوں اور پاکستان کی ترقی کی راہ میں روکاوٹ ڈالنے والوں کو اپنے انجام تک پہنچا دے یا فتاح! تیری مشکل کشائی کا واسطہ ہماری ہر مشکل پہ مدد کر یا وھاب!آپکے خزانوں میں کسی چیز کی کمی نہیں ، جب بھی تیرے حضور اس نام کے واسطے سے مانگا ہے ، آپکے انعام و اکرام کی بارش ہو گئی ہے اور اس مہربانی اور عنائیت کا جس قدر شکریہ ادا کروں کم ہے۔

آج رات کی ان مبارک ساعات میں اپنے لئے اور ان دوستوں کیلئے جو کہ فکر معاش میں پریشان ہیں اور تنگی سے نکلنے کی کوئی بھی صورت نظر نہیں آتی ؛ ان پر اپنا کرم فرمادے اور مفلسی و ناداری کے معاملات سے نکال دے یا باسط! رزق کے دروازے کھول دے یا سمیع ! تو ہر بندے کی بات سنتا ہے اور سب کے حالات سے خوب آگاہ ہے ، اے رحمٰن اپنی رحمت کے درازے کھول دے یا واسع! ہمارے قلب و نظر میں وسعت عطا فرما یا ودود! ہمارے رشتوں میں کڑواہٹ دور کرکے ہماری دلوں میں اپنے عزیز و اقارب کیلئے محبت بیدار کردے ، ہم میں رشتوں کی قدروں کا احساس پیدا کردے یا مجید! آپ سب سے بزرگ و بلند مرتبہ والے ہیں ؛ ہم آپکے نام لیو ا مگر ہم کسی بھی قابل نہیں ؛ اس نسبت سے جو ہم آپ سے رکھتے ہیں ، ہمیں معاملات زندگی میں سرخرو فرمادیں۔

یا ولی! آپ ہی تمام مومنین کے دوست ، حامی اور سرپرست ہیں اور ہمیں صرف اپنا ہی محتاج رکھیں کیونکہ آپ ہی قیوم ہیں؛ آپ ہی واجدہیں اور آپ ہی صمد اور آپ ہی البر ہیں یا تواب ، یا عفو! ہمارے گناہ بخش دیں کہ ہم خطاکار ہیں یا مالک الملک! آپ روف ہیں اور مغنی ہیں؛ ہمارے تمام مصائب دور کرنے والے ہیں ، ہم پر اپنے کرم کی نظر کریں یا ھادی! ہمیں بھٹکنے سے بچالیں کہ آپ رشید ہیں آمین!

ہاتھ اٹھائے سر کو جھکائے
رحم کی تیرے آس لگائے

آئے ہیں یارب تیرے در پہ
اپنے کرم کی ہم پہ نظر کر

آرزویں کچھ دل میں بھری ہیں
آنکھیں تیری سمت لگی ہیں

رحمت کر دن پھیر ہمارے
ہم ہیں تیرے محبوبﷺ کے پیارے
Muhammad Altaf Gohar
About the Author: Muhammad Altaf Gohar Read More Articles by Muhammad Altaf Gohar: 95 Articles with 162744 views Currently, no details found about the author. If you are the author of this Article, Please update or create your Profile here.