برکات اسم محمد صلی اللہ علیہ وسلم

ثمینہ پیرزادہ

حضور صلی اللہ علیہ وسلم نے ارشاد فرمایا:جس شخص کے یہاں لڑکا پیدا ہوا اور میری محبت کی وجہ سے اور میرے نام سے برکت حاصل کرنے کے لئے اس کا نام محمدصلی اللہ علیہ وسلم رکھے تو وہ شخص اور اس کا بچہ دونوں جنتی ہیں۔محمد نام تجویز کیا جائے تو لڑکا پیدا ہوگا۔

(1) حضرت عطا نے ایک حدیث نقل کی ہے کہ جس بچہ کا نام ماں کے پیٹ میں رہتے ہوئے محمد رکھا جائے تو وہ لڑکا ہی پیدا ہوگا ۔علامہ ابن جوزی نے موضوعات کے سلسلے میں لکھا ہے کہ اس حدیث کے روایوں کا سلسلہ بعض محدثین نے حضور صلی اللہ علیہ وسلم تک پہنچا دیا ہے۔

(2) پیغمبر خدا صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا کہ میرے نام کے ساتھ نام رکھ لیا اور جس کے ہاں تین بچے پیدا ہوئے اور اس نے ان میں سے کسی ایک کا نام بھی آنحضرت صلی اللہ علیہ وسلم کے نام پر نے رکھا تو اس میں برکت سے وہ محروم رہا۔

(3) ایک مرتبہ ایک عورت نے آنحضرت صلی اللہ علیہ وسلم سے عرض کیا کہ اس کا کوئی بچہ زندہ نہیں رہتا، آپ صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا : حق تعالٰی کے نام پر یہ فیصلہ کر لو کہ جو لڑکا اللہ تعالٰی تمہیں عطا فرمائے اس کا نام محمد رکھو گی۔ چنانچہ اس عورت نے ایسا ہی کیا اور اس کے نتیجے میں وہ لڑکا زند ہ رہا۔

مشورہ میں محمد نامی شخص کی برکت:ایک روایت ہے کہ جو لوگ بھی کسی مشورہ کیلئے جمع ہوئے اور ان میں محمد یا احمد نام کا بھی کوئی شخص ہوا اور انہوں نے اس شخص کو بھی مشورہ میں شریک کیا تو ان کے لئے ضروراس معاملہ میں خیر اور بھلائی ظاہرہوگی۔ جس کیلئے انہوں نے مشورہ کیا ہے اور جس گھر میں بھی محمد نام کا کوئی شخص ہوگا اس گھر میں اللہ تعالی برکت عطا فرماتا ہے۔

کھانے میں اسم محمد صلی اللہ علیہ وسلم کی برکت:ایک روایت ہے کہ جو لوگ بھی کوئی حلال کھانا کھانے بیٹھیں اور ان لوگوں میں سے کوئی ایسا شخص بھی ہو جس کا نام میرے نام پر ہو تو اس میں ان کیلئے دوگنی برکت ظاہر ہوگی۔ یہاں نام سے آنحضرت صلی اللہ علیہ وسلم کے نام احمد یا محمد مراد ہیں ۔

اسم محمد کی بنا پر گھر کی حفاظت:کتاب شفامیں ہے کہ اللہ تعالٰی کے کچھ فرشتے ایسے ہیں جن کا کام ایسے گھروں کی حفاظت کرنا ہے جس میں محمد نام ہو۔

قیامت میں محمد نام کی پکار:ایک حدیث میں ہے : جب قیامت کا دن ہوگا تو ایک پکارنے والا پکار کر کہے گا اے محمد ! اٹھو اور بغیر حساب وکتاب کے جنت میں داخل ہو جا۔ اس آواز پر ہر وہ شخص اٹھ کر بڑھے گا جس کا نام محمد ہوگا اور پھر رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم کے احترام کی وجہ سے ان میں سے کسی کو نہیں روکا جائے گا۔

بیٹے کا نام محمد تو باپ جنت میں:آپ صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا کہ جس شخص کے یہاں لڑکا پیدا ہوا اور وہ میری محبت کی وجہ سے اور میرے نام سے برکت حاصل کرنے کیلئے اس بچے کا نام محمد رکھے تو وہ شخص اور اس کا بچہ دونوں جنتی ہیں ۔

چودہ پشتوں تک اسم محمد:بعض خاندانوں میں تو محمد مسلسل نام رکھاجاتا ہے ،جیسا کہ تیونس کے عالم باعمل کا نام ایمن ابوالبرکات محمد بن محمد بن محمد بن محمد بن محمد بن محمد بن محمدبن محمد بن محمد بن محمد بن محمد بن محمد بن محمد بن محمد(چودہ پشتوں تک محمد ہی تھا۔ انہوں نے مدینہ منورہ میں کافی زمانہ گزارا۔ جب وہاں سے جانے کا ارادہ کیا تو سید دوعالم صلی اللہ علیہ وسلم نے خواب میں فرمایا کہ تم نے کس طرح ہماری جدائی گوارا کرلی۔چنانچہ آپ واپس مڑے اور وہیں 724ھ میں انتقال فرمایا۔

چار محمد نام کے طالب علم:حضرت ابو العاص الکبری ناقل ہیں کہ محمد بن جریر طبری ،محمد بن خذیمہ،محمد بن نصر اور محمدبن ہارون رویائی رحمتہ اللہ علیہم یہ چاروںمحمد نامی محدثین اپنی طالب علمی کے زمانے میں مصر میں جمع ہوگئے اور چاروں مفلسی وفاقہ کشی سے مجبور و لاچار ہوگئے۔

ایک دن چاروں نے یہ طے کیا کہ قرعہ نکالو، جس کے نام پر قرعہ نکلے وہ خدا تعالٰی سے دعا مانگے۔ چنانچہ ج قرعہ ڈالا گیا تو محمد بن خذیمہ کا نام نکلا۔ اس پر انہوں نے کہا ٹھہرو ! میں نماز پڑھ کر دعا مانگوں گا۔ چنانچہ جیسے ہی انہوں نے دعا مانگی تو ایک غلام مو م بتی لئے ہوئے دروازے پر کھڑا نظر آیا اور اس نے کہا محمد بن خذیمہ کون ہے ؟ لوگوں نے ان کی طرف اشارہ کیا تو اس نے ان کو پچاس دینار کی تھیلی دی،پھر باقی تینوں کا بھی نام پوچھ پوچھ کر پچاس پچاس دینا کی تھیلی دی اور کہا کہ امیر مصر سو رہا تھا تو اس نے خواب میں دیکھا کہ چار محمد نام کے طالب علم بھوکے ہیں۔چنانچہ اس نے آپ لوگوں کیلئے خرچ کے واسطے یہ تھیلی بھیجی ہے۔ اور میں آپ لوگوں کو قسم دیتا ہوں کہ جب یہ رقم خرچ ہو جائے تو آپ لوگ ضرور مجھے مطلع فرمائیں۔

غرضیکہ آپ صلی اللہ علیہ وسلم کے نام کی بہت زیادہ خیر وبرکت ہیں۔اللہ تعالٰی آپ کے تقدس پر اپنا تن من وھن لوٹانے کی توفیق عطا فرمائے۔بقول شاعر
کائنات حسن جب پھیلی تو لامحددو تھی
اورجب سمٹی تو تیرا نام بن ہو کر رہ گئی
M Jehan Yaqoob
About the Author: M Jehan Yaqoob Read More Articles by M Jehan Yaqoob: 251 Articles with 313477 views Researrch scholar
Author Of Logic Books
Column Writer Of Daily,Weekly News Papers and Karachiupdates,Pakistanupdates Etc
.. View More