|
|
بیماری کبھی کسی انسان کو کمزور کرتی ہے تو کبھی اندر سے
بے تحاشا مضبوط۔۔۔جو اس سے لڑ جاتے ہیں وہ جیت بھی جاتے ہیں اور اگر نا بھی
جیتیں تب بھی ان کا مقابلہ بتا دیتا ہے ان کی ہمت کی داستان۔۔۔کینسر جیسے
مرض سے بہت سارے شوبز ستاروں نے بھی جنگ لڑی۔۔۔کچھ اس سے جیت گئے اور کچھ
ہار گئے لیکن جو ہارے ان کی شان بھی دیکھنے والی ہے ، کیونکہ ان کا مقابلہ
کئی لوگوں کے لئے مثال بن گیا۔۔۔ |
|
نادیہ جمیل |
نادیہ جمیل نے جس ہمت سے کینسر سے جنگ لڑی وہ اپنی مثال
آپ ہے۔۔۔ایک عرصہ تک انہوں نے اپنے بچوں اور گھر سے دور رہ کر تکلیف اور
مشکلات کی جنگ لڑی۔۔۔ہسپتال میں رہ کر بھی سب کو ایک نئی زندگی دیتی
رہیں۔۔۔بہت سارے ایسے لوگوں کو ہمت دی جو کینسر سے جنگ لڑتے لڑتے تھک گئے
ہیں۔۔۔نادیہ جمیل کے کئی انٹرویوز ہوئے جس میں انہوں نے اپنے پل پل کو اس
طرح بیان کیا جو ان لوگوں نے بہت قریب سے محسوس کیا ، جو اس تکلیف دہ سفر
سے گزار رہے ہیں۔۔۔اور پھر نادیہ جمیل نے یہ جنگ مسکراتے ہوئے جیت ہی لی
اور کینسر فری ہوکر واپس آئیں۔۔۔ |
|
|
اسماء نبیل |
ڈرامہ ’’خانی‘‘ میں ایک لڑکی کو مضبوط دکھانے والی اسماء
نبیل حقیقت میں بھی ایک بہت مضبوط خاتون تھیں۔۔۔ایک نوجوان لڑکی جس کے
ڈھیروں خواب تھے اپنی زندگی میں کینسر جیسے طوفان کا نام سن کر بالکل نہیں
گھبرائی۔۔۔اس کی ہمت کو دیکھ کر پورا خاندان، دوست اور میڈیا حیران
تھا۔۔۔اسماء نبیل نے جنگ لڑی اور جیت گئیں لیکن پھر یہ کینسر لوٹ کر آگیا۔۔۔
اب کی بار اس نے اسماء پر مزید شدت کے ساتھ حملہ کیااور وہ لڑتے لڑتے اپنی
فتح کا جھنڈا لہراتی ہوئی دنیا سے چلی گئیں۔۔۔اسماء نے کینسر سے جنگ لڑنے
والی خواتین کے لئے ایک فوٹو شوٹ بھی کی جنریشن برانڈ کی۔۔۔اور اس میں وہ
بڑی خوبصورتی کے ساتھ بنا بالوں کے سامنے آئیں۔۔۔ان کی ہمت نے بہت ساری
نوجوان لڑکیوں کو حوصلہ دیا اور ہمت دی- |
|
|
اسماء عباس |
بشریٰ انصاری اپنی ایک بہن کو کھو چکی ہیں لیکن ان کی
دوسری بہن اسماء عباس نے کینسر کو ایسے شکست دی کہ سب ہی حیران رہ
گئے۔۔۔اسماء عباس کو کولون کینسر ہوا اور ان کی زندگی میں طوفان ضرور آیا
لیکن اسماء عباس کی مسکراہٹ اور ہمت نے کینسر جیسے موذی مرض کو بھی حیران
کردیا۔۔۔کیمو تھراپی والے دن بھی اسماء عباس خوب تیار ہو کر بیٹھتیں۔۔۔اپنی
شاپنگ اور اپنے میک اپ کو کبھی نا چھوڑتیں تاکہ ان کی شکل بیماروں جیسی نا
لگے۔۔۔کینسر آیا ضرور لیکن بری طرح ناکام ہو کر لوٹا |
|