میں اپنی عزت کی قیمت پر نوکری نہیں کرسکتی، پٹرول پمپ پر کام کرنے والی لڑکی بےروزگاری کے سبب در در کی ٹھوکریں کھانے پر مجبور

image
 
گزشتہ دنوں سوشل میڈیا پر سعدیہ نامی ایک لڑکی کا کافی چرچا رہا اس کی ایک ویڈیو وائرل ہوئی جس میں وہ ٹوٹل کے ایک پٹرول پمپ پر گاڑیوں میں پٹرول ڈالتے ہوئے نظر آئیں۔ سعدیہ کا شمار پاکستان کی پہلی لڑکی میں ہوتا ہے جو کہ پٹرول پمپ پر فیول بھرنے کا کام کر رہی تھیں اس سے قبل اس شعبے پر مکمل طور پر مردوں کی اجارہ داری تھی-
 
سعدیہ کی اس ویڈیو کے سامنے آنے کے بعد بہت ساری اور لڑکیوں کا بھی حوصلہ بڑھا اور ان کو یہ محسوس ہوا کہ وہ بھی یہ کام کر سکتی ہیں-
 
مگر وائرل ہونے والی ویڈیو کے کچھ ہی عرصے کے بعد سعدیہ کے حوالے سے ایک اور ویڈیو بھی سوشل میڈیا کی زینت بنی جس میں ان کی حالت اور پریشانی کو دیکھ کر سب ہی لوگ دکھی ہو گئے-
 
image
 
تفصیلات کے مطابق سعدیہ کے والد کا انتقال ہو چکا ہے اور اس کے دو بھائی اپنی بیویوں کو لے کر الگ ہو چکے ہیں جب کہ سعدیہ اپنی بیمار ماں اور اپنے ایک چار سالہ یتیم کزن کے ساتھ نو ہزار روپے مہینے کے گھر میں رہتی ہیں-
 
سعدیہ اپنے گھر کی واحد کفیل ہیں ان کی والدہ سانس کے مرض میں مبتلا ہیں اور ان کو روزانہ چھ سو سے نو سو کی دوائیں درکار ہوتی ہیں۔ ایک دن اپنی والدہ کی طبعیت کی خرابی کے سبب جب سعدیہ نے پٹرول پمپ مالکان سے کچھ رقم بطور ایڈوانس کی درخواست کی تو اس پمپ والوں نے رقم دینے سے انکار کر دیا-
 
جس پر والدہ کے مشورے پر مجبور ہو کر سعدیہ کو یہ نوکری چھوڑنی پڑی، انٹر پاس سعدیہ نے اس کے بعد ہر جگہ جاب کے لیے اپلائی کیا مگر ان کو کہیں سے بھی کوئی آسرا نہیں ملا ۔ ایک آدھ جگہ جہاں پر ان کو انٹرویو کے لیے بلوایا بھی گیا تو وہاں اکیلی لڑکی کی مجبوری کو دیکھتے ہوئے اس سے کچھ ایسے تقاضے کیے گئے جو کہ قطعی غیر اخلاقی تھے-
 
image
 
اس حوالے سے سعدیہ نے روتے ہوئے یہ بھی کہا کہ وہ بھوکے رہ کر مر جانا پسند کرے گی مگر اپنی عزت کی قیمت پر کسی قسم کا روزگار ان کو نہیں چاہیے-
 
حالیہ دنوں میں سعدیہ جن کی پٹرول پمپ میں پٹرول بھرنے کی ویڈيو وائرل ہوئی تھی سخت معاشی مسائل کا شکار ہے وہ اپنے گھر کی واحد کفیل ہیں اور ان کی تمام لوگوں سے اپیل ہے کہ وہ ان کو باعزت روزگار کی فراہمی میں ان کی مدد کریں-
 
انہیں خود پر اتنا بھروسہ ہے کہ روزگار ملنے کے بعد وہ خود دن رات محنت کر کے اپنی معاشی حالات بہتر بنا لیں گی-
YOU MAY ALSO LIKE: