میری دوست نے اپنے شوہر سے طلاق لے لی، طلاق کی 6 بڑی وجوہات اور ان سے کیسے بچنا ہے؟

image
 
یہ عشق نہیں آساں بس اتنا سمجھ لیجے
 اک آگ کا دریا ہے اور ڈوب کر جانا ہے
شادی شدہ زندگی بھی ایسے ہی عشق کے امتحان کی طرح ہوتی ہے جس میں کبھی نرم گرم اور کبھی دھوپ چھاؤں کا سماں ہوتا ہے۔ سمجھدار لوگ اس رشتے کے ان تمام پہلوؤں سے نہ صرف لطف اندوز ہوتے ہیں بلکہ اس مسائل کا سامنا بہت سمجھداری کے ساتھ کرتے ہیں اور ہر مشکل کے بعد اپنے رشتے کو پہلے سے زیادہ مضبوط بنا لیتے ہیں-
 
مگر کچھ جذباتی لوگ ایسے بھی ہوتے ہیں جو کہ ان مسائل کے سامنے آنے کی صورت میں حوصلہ ہار بیٹھتے ہیں اور اس کے نتیجے میں ان کا رشتہ ٹوٹ جاتا ہے اور نوبت طلاق تک آجاتی ہے۔ اس حوالے سے ماہرین نفسیات کے مطابق طلاق کی بنیادی طور پر 6 بڑی وجوہات ہیں جس کے بارے میں جان کر اس سے بچنے کی تدابیر کرنی ضروری ہے -
 
جلد بازی میں کیا گیا فیصلہ
ہماری نوجوان نسل کے اندر یہ سوچ پیدا ہو گئی ہے کہ پسند کی شادی ان کا حق ہے۔ یہی وجہ ہے کہ ماضی کی نسبت حالیہ دور میں پسند کی شادیوں کی شرح میں اضافہ دیکھنے ميں آیا ہے اور اسی طرح طلاق کی شرح میں بھی اضافہ ہوا ہے- پسند کی شادی طلاق کا سبب اگر نہیں بھی ہے تب بھی یہ امر قابل غور ہے کہ ناتجربہ کاری ،جذباتیت اور جلد بازی میں کیا گیا فیصلہ کئی حوالوں سے کامیاب ثابت نہیں ہوتا ہے جس کی وجہ سے اس کے ختم ہونے کے امکانات ان رشتوں سے زیادہ ہوتے ہیں جو کہ بزرگوں کے مشورے اور اس کے تجربات کی روشنی میں قائم کیے جاتے ہیں-
 
image
 
گھر کے کام کاج
ماہر نفسیات کے مطابق جن گھروں میں گھر کی عورتوں پر گھریلو کاموں کی ذمہ داری بہت زیادہ ہوتی ہے وہ بھی ان کو شادی شدہ زندگی سے متنفر کر دیتی ہے۔ گھریلو کام ایک ایسی ذمہ داری ہے جو کہ سال کے 365 دن تک ہوتی ہے اس میں کسی بھی دن چھٹی کا کوئی خیال تک نہیں ہوتا ہے۔ ہر روز کاموں کا بوجھ گھر کی عورت کو ان سے تھکا دیتے ہیں- اس کی گھر اور گھر کے افراد کے لیے محبت ایک بوجھ بن جاتی ہے جس کی وجہ سے وہ اس سے جان چھڑانے کی خواہشمند ہو جاتی ہے جو طلاق کا سبب بن جاتی ہے۔ اس وجہ سے گھر کے افراد کو چاہیے کہ وہ اس بات کا خیال رکھیں کہ گھر کی خواتین کو بھی آرام دیں اور گھر کے کام ان کے لیے ہی مخصوص نہ کریں بلکہ اس میں اپنا حصہ بھی شامل کریں اس کے ساتھ ساتھ ان خواتین کی حوصلہ ا‌فزائی ضرور کریں تاکہ وہ گھروالوں کو بوجھ سمجھنے کے بجائے ان سے محبت کریں۔ یاد رکھیں محبت دینے سے ہی محبت بڑھتی ہے-
 
کسی قریبی دوست کی طلاق کی خبر
اگر کسی قریبی عزیز یا دوست کی طلاق کی خبر پھیلتی ہے تو ماہرین نفسیات کے مطابق یہ بھی بڑھتی ہوئی طلاق کی شرح کا ایک سبب ہے کیوں کہ ایک جوڑے کی طلاق کی صورت میں دوسرا جوڑا اپنے ازدواجی تعلق کا اس جوڑے سے موازنہ کرنے لگتا ہے- یہ ایک عام سی بات ہے کہ ہر جوڑے میں کسی نہ کسی بات پر نرم گرم ہو جاتا ہے مگر جب اس طرح کی خبر ان تک پہنچتی ہے تو اس کے باہمی تعلقات کا اس سے متاثر ہونا فطری امر ہے اور اگر وہ سمجھداری کے ساتھ اس مسئلے کو حل نہ کریں تو وہ ان کے درمیان بھی طلاق کا سبب بن سکتا ہے-
 
کیرئير کی دوڑ
آج کل کے زمانے میں ایک کمانے والے سے گھر کا خرچ چلانا مشکل ہوتا جا رہا ہے اسی وجہ سے اکثر گھروں میں مرد اور عورت دونوں ہی اپنا کیرئير بنانے میں لگے ہوتے ہیں ۔ کیرئير کی اس دوڑ میں ان کی گھریلو ذمہ داریاں پس پشت چلی جاتی ہیں- جس کی وجہ سے ان کی گھریلو زندگی بری طرح متاثر ہوتی ہے اور ان کے درمیان جو بانڈ ہوتا ہے وہ کمزور ہونے لگتا ہے جس کے سبب معمولی سی بات بھی علیحدگی تک پہنچ سکتی ہے۔ اس وجہ سے ہر جوڑے کو یہ جاننا ضروری ہے کہ ان کے لیے سب سے پہلی اہمیت ان کے گھر اور تعلق کو ہونی چاہیے کیرئير کی باری اس کے بعد آتی ہے- اگر انسان اپنی ترجیحات کا تعین درست انداز میں کر لے تو یہ ان کے رشتے کی مضبوطی اور خوبصورتی میں اضافے میں اہم کردار ادا کر سکتا ہے-
 
image
 
دوسرے افراد کی دخل اندازی
طلاق کی بڑھتی ہوئی شرح کا ایک سبب عدم برداشت بھی ہے۔ میاں بیوی عدم برداشت کے سبب اپنے جھگڑوں کو بیڈ روم سے باہر لے آتے ہیں جس سے دوسرے لوگوں کو اس بات کا موقع ملتا ہے کہ وہ ان کے ذاتی معاملات میں دخل اندازی کر سکیں اور پھر دوسرے لوگوں کی وجہ سے یہ تعلق بہتر ہونے کے بجائے فاصلوں میں اضافہ ہوتا جاتا ہے اور نوبت طلاق تک پہنچ جاتی ہے- اس وجہ سے ہر جوڑے کو خصوصی طور پر اس بات کی کوشش کرنی چاہیے کہ اپنے معاملات کو خود حل کریں اور برداشت کے تحت کسی بھی جھگڑے کی صورت میں فوری اشتعال میں آنے کے بجائے اس کو وقت دیں تاکہ رشتے کو بچایا جا سکے-
 
بے وفائی
ماہرین نفسیات کے مطابق بے وفائی وہ عنصر ہے جو کہ نہ تو مرد برداشت کر سکتا ہے اور نہ ہی عورت بے وفائی کو کبھی بھی بھول سکتی ہے۔ یہ شادی شدہ جوڑے کے درمیان ایسی دڑاڑ پیدا کر دیتی ہے جس کو وقت بھی مندمل نہیں کر سکتا ہے- اس وجہ سے اپن جیون ساتھی کے ساتھ وفادار رہیں جو فرد آپ کے گرم و سرد میں ساتھ دے رہا ہے اس کی قدر کریں اور اس کے مقابل کسی اور فرد کو کھڑا کرنے کے بجاۓ اس کو سب سے اہم سمجھیں-
YOU MAY ALSO LIKE: