قائد اعظم ثانی

چمن کا لٹ جانا ایک حادثہ ہے لیکن اس سے بڑھ کر سانحہ کیا ہو گا کہ مالی روٹھ جائے اور اہل چمن کو احساس زیاں بھی نہ ہو ۔ وہ جو دشمن کے پہلو میں بیٹھا ہمارا ترجمان تھا ۔ ہمارے جذبات و احساسات کا نمائندہ تھا ، وہ نہ رہا ۔ جدوجہد کا استعارہ سید علی گیلانی ، روٹھ گیا ۔

نہ فلک میں شگاف پڑا نہ زمین پھٹی کہ ہم بےحسی کے مارے اتنے سنگ دل ہو گئے ہیں کہ ہم نے سید علی گیلانی کی موت کو بھی متنازع بنا دیا ۔ ہمیں یہ شرف حاصل ہے کہ ہم نے محسنوں کو ہمیشہ رد کیا ۔ جس نے ہمارے حق میں آواز بلند کی ہم نے اسی کو متنازع بنا دیا ۔ سید علی گیلانی کی طبعی موت تو ایک طرف ، ہم تو ایسے حالات میں زندہ ہیں جہاں ہم مقدس ترین ہستیوں کو بھی متنازع بنا کر پیش کرنے کی صلاحیت رکھتے ہیں ۔ اختلاف کرتے ہوئے تمام اخلاقی اور انسانی اقدار کو فراموش کر دینے کے ہنر میں ہم یکتا ہیں ۔

کہیں ان کے نظریات و عقائد سے اختلاف برتا گیا اور کہیں ان کی کوششوں کو بے ثمر قرار دیتے ہوئے رد کیا گیا ۔ حضور آپ انھیں قبولیت اور کامیابی کی سند مت جاری کریں کہ آپ سے کسی نے کہا بھی نہیں لیکن کم از کم اختلاف رائے میں تو تہذیب و شائستگی کا مظاہرہ کریں ۔ اس سلسلے میں نام نہاد قوم پرست فکری بالشتیے سر فہرست ہیں کہ جن کے نزدیک ان کا سب سے بڑا جرم پاکستان کا نام لینا ہے ۔ ان بالشتیوں کو خبر کرو کہ آخری لمحے تک ان کی زبان سے ادا ہونے والے الفاظ میں اللہ ، رسول اور پاک سر زمین کے الفاظ شامل رہے ۔ تمھارا یہ تعصب اور نفرت علی گیلانی کے قد کاٹھ میں کمی نہیں کر سکا لیکن تمھاری منافقت اور سطحی سوچ عیاں کر گیا ۔ ساری زندگی اپنے عقیدے پر قائم رہتے ہوئے اس کے لیے جدوجہد جاری رکھنا سب سے بڑی کامیابی ہے ۔ تمھاری درجہ سوم کی دانشوری کا معیار یہ ہے کہ تم اور تمھارے آقاؤں کی عمر بھر کی فلسفیانہ گفتگو "ہم پاکستانی ہیں ، پاکستان ہمارا ہے" کے نعرے کے برابر نہیں پہنچ سکتی ۔ اختلاف رکھو کہ یہ حق ہے لیکن معیار رکھو کہ یہ تہذیب ہے ۔ اگر تہذیب سے عاری ہو تو ریاست کے حصول کا دعوی کیسا ؟۔

اس شام میں مصروف تھا اور مصروفیت رات دیر گئے تک رہی ۔ مصروفیت بھی ایسی کہ موبائل دیکھنا تک نصیب نہ ہوا ۔ فارغ ہو کر سب سے پہلے موبائل تلاش کیا اور پہلا میسج ہی ایسا کہ جس نے بے چین کر دیا ۔ یہی دعا نکلی کہ یا رب ہمیشہ کی طرح اس مرتبہ بھی یہ خبر جھوٹ ثابت ہو ۔ ہاں ایسا ایک دن ہونا ہی ہے ۔ یہ خبر سننی ہے لیکن بس اس وقت تک نہ ہو کہ جب تک اس بوڑھے اور ناتواں جسم کے مالک کو اس کے خوابوں کی تعبیر نہیں مل جاتی لیکن شاید میری یہ دعا رب سمیع و علیم نے روز محشر کے لیے رکھ دی ۔ خبر سچی تھی ۔ استعارہ جرات و حریت سید علی گیلانی کے انتقال کی تصدیق مختلف ذرائع سے ہونے لگی ۔

وہ رات قیامت کی رات تھی ۔ وفات کے فوراً بعد بھارتی حکومت کی کارروائیوں کی خبریں بھی سامنے آنے لگیں ۔ آپ اپنے دکھ کا اظہار کر سکتے ہوں ، رد عمل ظاہر کر سکتے ہوں تو کسی حد تک ہلکا پن محسوس کرتے ہیں لیکن جب دکھ اور بے بسی مل جائیں تو کوئی حل نہیں رہتا ۔ ایسی ہی ایک کیفیت تھی اور ہے کہ سمجھ سے بالاتر ۔ یہی سوچ کر خود کو تسلی دی کہ زندگی کے تیس سال جس جدوجہد میں گزارے اور دلی سرکار کو بے چین رکھا وہی سلسلہ موت کے بعد بھی جاری ہے ۔ دلی سرکار کی پریشانی اور خوف کا یہ عالم کہ شہر بھر میں موبائل اور انٹرنیٹ سروس بند کر دی ۔ وہ جانتے تھے کہ سید علی گیلانی ایسا نام ہے کہ مرنے کے بعد بھی دلی سرکار کے لیے مصیبت کھڑی کر سکتا ہے ۔ اس سے پہلے کہ خبر عام ہوتی دلی سرکار نے اپنی کارروائی شروع کی ۔ پاکستان کے پرچم میں لپٹی ہوئی کمزور و نحیف لاش کا وزن اتنا تھا کہ پوری سرکار کے لیے سنبھالنا مشکل تھا ۔ نامعلوم مقام پر دفنانے کی کوشش ناکام ہوئی اور آخر کار چند افراد کی موجودگی میں جنازہ ادا کیا گیا ۔ جنازے میں شرکت عام کی اجازت ہوتی تو اس کو سنبھالنا ناممکن ہو جاتا ۔ ہزاروں کی تعداد میں ایسے لوگ تھے کہ جب وہ سوئے تو علی گیلانی آزادی کا جذبہ لیے جاگ رہے تھے لیکن جب وہ جاگے تو اس وقت تک علی گیلانی ہمیشہ کے لیے سو چکے تھے ۔

92 نیوز کے کالم نگار آصف محمود نے سوشل میڈیا اکاونٹ پر اپنے گھر میں بچوں کے درمیان ہونے والا مکالمہ تحریر کیا ہے ۔ بڑی بہن نے چھوٹے بھائی کو سمجھاتے ہوئے بتایا کہ کشمیریوں کے قائد اعظم فوت ہو گئے ہیں تو بچے نے بے ساختہ کہا "اوہ ہو ! تو ہماری طرح ان کے قائد اعظم بھی فوت ہو گئے" ۔

بالکل ایسا ہی ہوا ہے کہ ان کے قائد اعظم بھی فوت ہو گئے ہیں ۔ بچے کو نہیں معلوم کہ ان کے اور ہمارے قائد اعظم میں کئی قدریں مشترک ہیں ۔ دونوں نے اپنوں کے لیے جنگ لڑی ۔ دونوں نے اپنی صحت اور آرام کا خیال نہ رکھا ۔ دونوں نے دن رات محنت کی اور سب سے بڑھ کر یہ کہ دونوں ہی کو بعد از مرگ اپنوں ہی نے متنازع بنا دیا ۔

 

Abu Bakar
About the Author: Abu Bakar Currently, no details found about the author. If you are the author of this Article, Please update or create your Profile here.