ماں میں 42 سال بعد آخر ڈاکٹر بن ہی گیا، 1979 سے لے کر 2020 تک بار بار میڈیکل کا امتحان دینے والا شخص بالآخر کیسے کامیاب ہوا... پختہ عزم و حوصلے کی داستان

image
 
ماضی میں جب کسی کے ہاں بچہ پیدا ہوتا تھا تو اس کے والدین کی دو ہی خواہشیں ہوتی تھیں ایک ان کا بچہ پڑھ لکھ کر ڈاکٹر بن جائے یا پھر انجینئير بن جائے- ان دونوں پیشوں سے متوسط طبقے کے والدین کا خصوصی لگاؤ چھپا ہوتا تھا۔ ان کی خواہش ہوتی تھی کہ ان کے ہونے والے بچے کو معاشرے میں وہی عزت ملے جو اس پیشے سے وابستہ لوگوں کو ملتی ہے-
 
اس خواہش کے پیش نظر بچے کے اسکول کا تسمہ باندھتے ہوئے ماں اپنا یہ خواب بچوں کی آنکھوں میں بھی چھپا دیتی تھی۔ جس کو آنکھوں میں چھپا کر پہلے دن اسکول جاتا تھا اور اس کے بعد کچھ خوش نصیب اس خواب کو جب پورا کر لیتے تھے تو وہ کامیاب گردانے جاتے تھے اور جو اس خواب کو پورا نہیں کر سکتے تھے ان کو ساری عمر اس کی کسک تنگ کرتی رہتی اور وہ اپنا یہ ادھورا خواب اپنے بچوں کو منتقل کر دیتے تھے-
 
مگر راولپنڈی سے تعلق رکھنے والے محمد بوٹا کا شمار ان لوگوں میں ہوتا ہے جنہوں نے ہمت نہ ہارنے کی ایک مثال قائم کر دی۔ عام بچوں کی طرح انٹر کے بعد جب محمد بوٹا کا داخلہ 1979 میں لاہور کے میڈيکل کالج میں داخلہ لیا تو یہ دن ان کے والدین کے لیے بہت خوشی کا دن تھا اور ان کو امید تھی کہ ان کا ہونہار بیٹا اب پانچ سال بعد اس کالج سے ڈاکٹر بن کر ہی نکلے گا-
 
image
 
مگر کچھ وجوہ کی بنا پر دو سال بعد 1981 میں انہوں نے اپنا ٹرانسفر راولپنڈی کے میڈیکل کالج میں کروا لیا۔ راولپنڈی میں داخلے کے دوران یونی ورسٹی کی پالیسی کے مطابق رجسٹریشن کروانے والا طالب علم دس سال تک امتحان دے سکتا ہے۔
 
محمد بوٹا اس دوران 1981 سے لے کر 1991 تک مستقل طور پر دس سال تک راولپنڈی میڈیکل کالج میں امتحانات دیتے رہے مگر اس دوران چونکہ معاشی مسائل بھی ان کے ساتھ ساتھ تھے اس وجہ سے وہ اپنی تعلیم کا سلسلہ نوکری کے ساتھ نبھاتے رہے- اس وجہ سے تعلیم پر وہ توجہ نہیں دے سکے جس سے وہ کامیاب ہو سکتے اس وجہ سے دس سال تک امتحان دینے کے باوجود وہ کامیاب نہیں ہو سکے-
 
اس کے بعد انہوں نے 2020 میں امتحان دینے کا سلسلہ کالج کی فیس اور نئی رجسٹریشن کے بعد دوبارہ سے شروع کیا۔ ڈاکٹر بننے کا شوق اور لگن ان کی بڑھتی عمر کے راستے میں نہ آسکا اور انہوں نے کوشش جاری رکھی اور آخرکار 2021 میں وہ میڈیکل کے شعبے میں 42 سالوں بعد کامیاب ہو گئے- اور ان کے نام کے ساتھ ڈاکٹر محمد بوٹا لگ گیا۔
 
ان کی اس خوشی کا اندازہ وہی انسان لگا سکتا ہے جس نے بار بار راہ میں آنے والی ناکامی سے ہمت نہیں ہاری ہوگی اور آخر کار کامیابی حاصل کی ہوگی-
 
image
 
محمد بوٹا کی یہ کامیابی ان تمام طالب علموں اور لوگوں کے لیے ایک مثال ہے جو کہ زندگی میں کچھ کر گزرنا چاہتے ہیں لیکن اپنی عمر کے سبب کچھ کرنے سے شرماتے ہیں-
 
اپنی اس کامیابی کے حوالے سے محمد بوٹا کا یہ کہنا ہے کہ ان کی شادی جس وقت ہوئی اس وقت وہ آٹھویں جماعت کے طالب علم تھے اور آج جب کہ ان کی عمر 67 سال ہے ان کے چھ بچے ہیں۔ تمام تر معاشی مسائل اور گھر یلو ذمہ داریوں کے باوجود انہیں اس بات پر فخر ہے کہ وہ ایک خواب پورا کرنے میں کامیاب ہوئے-
YOU MAY ALSO LIKE: