بیوی کو سانپ نے ڈس لیا اور پھر وہ۔۔۔ عدالت نے شوہر کو سزا کیوں سنائی؟ ناقابلِ یقین واقعہ جس نے سب کو حیران کردیا

image
 
انڈیا کی ریاست کیرالہ میں ایک شخص کو اپنی بیوی کو کوبرا سے ڈسوا کر اس کا قتل کرنے کے جرم میں دو مرتبہ عمر قید کی سزا سنائی گئی ہے۔
 
سورج کمار کو گذشتہ سال اس وقت گرفتار کیا گیا تھا جب ان کی بیوی اُتھرا کی سانپ کے کاٹنے سے موت ہوگئی تھی۔
 
اُتھرا کے گھر والوں نے شکایت کی تھی کہ سورج ان کی بیٹی کو جہیز کے لیے پریشان کرتا تھا اس کے بعد پولیس نے تفتیش شروع کر دی تھی۔
 
25 سالہ اُتھرا گذشتہ سال مئی میں اپنے گھر میں مردہ پائی گئی تھیں۔
 
پیر کو ایک عدالت نے سورج کو اتھرا کے بستر میں سانپ چھوڑنے کا مجرم قرار دیا ہے۔ اتھرا اس وقت سو رہی تھیں۔
 
اس سے پہلے بھی اُتھرا کو ایک سانپ نے کاٹا تھا اور وہ اس سے صحت یاب ہو رہی تھیں، لیکن اس کے بعد انھیں کوبرا نے ڈس لیا جس پر اُتھرا کے گھر والوں کو شک ہوا۔
 
پولیس نے کہا کہ انھوں نے اپنی تحقیقات کا رخ سورج کی جانب موڑ دیا جس سے پتہ چلا کہ ان دونوں کوششوں میں سورج کا ہی ہاتھ تھا۔
 
انھوں نے ایک ایسے شخص کو بھی گرفتار کیا جس نے سانپوں کی خریداری میں سورج کی مدد کی تھی جس نے بعد میں وعدہ معاف گواہ بن کر پولیس کی مدد کی۔
 
ایک انڈین ویب سائٹ 'لاییو لا' کے مطابق پولیس کی جانب سے فرد جرم ایک ہزار صفحات پر مشتمل تھی جس میں قتل کے لیے سورج کی منصوبہ بندی اور اس پر عمل درآمد کی سازش کی تفصیل تھی۔
 
استغاثہ نے استدلال کیا تھا کہ یہ ایک 'عجیب و غریب معاملہ' ہے اور ملزم کو سزائے موت دی جانی چاہیے۔
 
جج نے اتفاق کیا کہ اس کیس کی نوعیت عام نہیں اور انھوں نے سورج کو دو بار عمر قید کی سزا سنائی اور پانچ لاکھ روپے جرمانہ ادا کرنے کا حکم بھی دیا ہے۔
 
Partner Content: BBC Urdu
YOU MAY ALSO LIKE: