رات کی بچی ہوئی روٹی پھینکیں نہیں بلکہ... بچی ہوئی روٹی کو صبح کھانا کن بڑی بیماریوں کو کنٹرول کرنے میں معاون ہوسکتا ہے جانیں

image
 
عام طور پر ہمارے گھرانوں میں صبح کے ناشتے میں بریڈ انڈہ یا جام جیلی کھانا روزمرہ کی روٹین کا حصہ ہے۔ جب کہ کچھ گھرانوں میں صبح کے ناشتے میں پراٹھے وغیرہ کھائے جاتے ہیں جس کے ساتھ رات کا بچا ہوا سالن بھی کھا لیا جاتا ہے- مگر رات کی بچی ہوئی روٹی کو اکثر گھروں میں سوکھے ٹکڑوں میں ڈال کر ضائع کر دیا جاتا ہے- پاکستان میں رات کی روٹی کو ضائع کرنے کی شرح چالیس فی صد تک ہے ۔ اس وقت جب کہ دنیا میں تیزی سے قحط اور خشک سالی کا خطرہ بڑھتا جا رہا ہے وہاں رات کی روٹی کو اس طرح ضائع کر دینا ایک سوالیہ نشان ہے-
 
رات کی روٹی کی غذائیت
یہ سوال سب کے ذہنوں میں پیدا ہونا لازم ہے کہ صرف ایک رات پڑے رہنے سے رات کی روٹی میں ایسی کیا خاصیت پیدا ہو جاتی ہے جو باسی روٹی کو تازی روٹی سے بہتر بنا دیتی ہے- تو اس حوالے سے ماہرین کا یہ ماننا ہے کہ رات بھر پڑے رہنے سے ایک جانب تو اس روٹی کی غذائیت میں اصافہ ہوجاتا ہے - اس کے ساتھ ساتھ اس میں صحت بخش بیکٹیریا کی تعداد بڑھ جاتی ہے جو مختلف حوالوں سے صحت کے لیے مفید ثابت ہو سکتی ہے-
 
رات کی روٹی صبح کے ناشتے میں کھانے کے فوائد
رات کی روٹی کو صبح کے ناشتے میں کھانے کا رواج صدیوں سال پرانا ہے اور اکثر گاؤں دیہاتوں میں جب تک روٹی رکھنے کے برتن میں سے پرانی روٹی ختم نہیں ہوتی تھی نئی روٹی نہین بنائی جاتی تھی۔ اس کو کچھ افراد رزق کی عزت اور قدر سے تعبیر کرتے تھے جب کہ کچھ افراد رزق کو زياں سے بچانے کے لیۓ یہ عمل کرتے تھے مگر اب میڈیکل سائنس کی جدید ترین ریسرچ کے مطابق اس عمل کے بہت سارے طبی فوائد بھی ہیں جن کے بارے میں ہم آپ کو آج بتائيں گے-
 
image
 
ذیابیطس کے مریضوں کے لیے
صبح کے ناشتے میں رات کی بچی روٹی دودھ یا چائے کے ساتھ کھانے سے ایک جانب تو شوگر لیول نہیں بڑھتا ہے۔ رات کی روٹی اپنے اندر اینٹی انفلامیٹری خواص کی حامل ہوتی ہے ہمارے جسم کی بہت ساری بیماریوں کا بنیادی سبب اندرونی سوزش ہی ہوتی ہے- جس میں سے ایک ذیابیطس اور دوسرا موٹاپا ہے ان دونوں بیماریوں کی حالت میں بہتری کے لیے صبح کے ناشتے میں رات کی روٹی کا استعمال مفید ثابت ہو سکتا ہے-
 
ہائی بلڈ پریشر کے مریضوں کے لیے
ہائی بلڈ پریشر کے مریض صبح کے وقت میں جب رات کی بچی ہوئی روٹی چائے یا دودھ کے ساتھ کھاتے ہیں تو حکما کے مطابق اس کے اثرات ٹھنڈے ہوتے ہیں جس کی وجہ سے ان کا بلڈ پریشر اس ٹھنڈک کے سبب کنٹرول میں رہتا ہے-
 
image
 
تیزابیت اور قبض کا خاتمہ کرے
جیسا کہ پہلے بھی بتایا گیا ہے کہ رات بھر پڑی رہنے کے سبب اس روٹی میں ایسے بیکٹیریا پیدا ہو جاتے ہیں جو کہ مفید ہوتے ہیں یہ بیکٹریا ہاضمے کے عمل کو بہتر بناتے ہیں اور معدے میں موجود تیزابیت کو کم کرتے ہیں- اس کے ساتھ ساتھ قبض ہونے کی صورت میں ہاضمے کے عمل کو تیز کر کے قبض کا بھی خاتمہ کرتے ہیں-
 
احادیث سے بھی یہ ثابت ہے کہ جو انسان رزق کا ضياع کرتا ہے اس کے رزق میں کمی واقع ہوتی ہے اس وجہ سے رات کی بچی روٹی کو صبح میں کھا لینا خیر و برکت کا باعث بھی ہوتا ہے- اس کے علاوہ اگر اس روٹی کو کھا نہ سکیں تو ضائع کرنے کے بجائے چرند پرند کو ٹکڑے کر کے ڈال دینا باعث ثواب بھی ہوتا ہے-

Disclaimer: All material on this website is provided for your information only and may not be construed as medical advice or instruction. No action or inaction should be taken based solely on the contents of this information; instead, readers should consult appropriate health professionals on any matter relating to their health and well-being. The data information and opinions expressed here are believed to be accurate, which is gathered from different sources but might have some errors. Hamariweb.com is not responsible for errors or omissions. Doctors and Hospital officials are not necessarily required to respond or go through this page.

YOU MAY ALSO LIKE: