عشرہ ربیع الاول اور محکمہ تعلقات عامہ

ماہ ربیع الاول کی مناسبت سے عشرہ رحمت اللعالمین کی سرگرمیاں چاروں صوبوں میں سرکاری و نجی سطح پر وسیع پیمانے پر منعقد ہوئیں۔ ایک رپورٹ کے مطابق ان سرگرمیوں کے انعقاد میں صوبہ پنجاب دیگر صوبوں میں سرفہرست رہا۔ بالخصوص محکمہ تعلقات عامہ پنجاب نے اس ضمن میں کلیدی کردار ادا کیا۔ محکمہ تعلقات عامہ نے ان سرگرمیوں کی تشہیر اور سرکاری اداروں میں ان پروگرامات کا انعقاد یقینی بنانے کیلئے اپنی صلاحیتوں سے بڑھ کر کام کیا۔ پنجاب کے ہر ضلع میں محفل میلاد و قرات، سیمینارز، کانفرنسز، نمائش سمیت بیشتر تقاریب منعقد ہوئیں جن کی پرنٹ و الیکٹرانک اور سوشل و ڈیجیٹل میڈیا کوریج کے ذریعے تشہیر کو یقینی بنایا گیا جبکہ اخبارات میں خصوصی مضامین، فیچرز اور ایڈیشنز کی اشاعت بھی ممکن بنائی گئی۔ ٹی وی چینلز پر سپیشل پروگرامات ٹیلی کاسٹ کروائے گئے اور منفرد پیغامات پر مبنی شارٹ ڈاکومنٹریاں بھی تیار کی گئیں۔

جوش و خروش کا اندازہ اس امر سے لگا لیجئے کہ محض 12 ربیع الاول والے دن صرف لاہور میں سرکاری و نجی سطح پر 600 کے قریب تقاریب منعقد ہوئیں۔ جبکہ یکم تا 12 ربیع الاول کے دوران پنجاب بھر میں کم از کم 13 ہزار سے زائد سرگرمیاں منعقد کی گئیں۔ اسی مناسبت سے پنجاب دیگر صوبوں میں سرفہرست قرار دیا گیا ہے۔ اس ضمن میں وزیر اعلیٰ پنجاب تحسین اور مبارکباد کے مستحق ہیں، جن کی قیادت میں صوبے بھر میں ریکارڈ پروگرامات ہوئے اور پورے پنجاب میں عشرہ رحمت اللعالمین دینی جوش و جذبے کے ساتھ منایا گیا۔ یہ تمام امور عوام الناس تک پہنچانے کیلئے محکمہ تعلقات عامہ کی بھی تحسین میں کنجوسی نہیں کی جانی چاہئے۔ یہ ادارہ نہ ہوتا تو شاید مذکورہ سرگرمیوں کی وسیع پیمانے پر ترویج و اشاعت ممکن نہ ہو پاتی۔

بلاشبہ نوجوان نسل کو اسوہ حسنہ سے روشناس کروانے کیلئے عشرہ منسوب کرنا پنجاب حکومت کی منفرد کاوش ہے، جو اس سے پہلے کسی دور میں نہیں کی گئی۔ فقط زبانی کلامی بیان بازی کو کافی جانا گیا۔ لیکن موجودہ حکومت نے بیان بازیوں کی بجائے عملی کام کر کے عقیدت و محبت کی اعلیٰ مثال قائم کی۔ اسی لئے عشرہ رحمت اللعالمین مستقل طور پر پنجاب کے سالانہ کیلنڈر میں شامل کر دیا گیا ہے۔
یقیناً عشرہ شان رحمت جیسے اقدام دور حاضر کی ضرورت تھے کیونکہ اس عشرہ کی مناسبت منعقدہ سرگرمیوں سے نوجوانوں میں سیرت کے مطالعے کی رغبت پیدا ہوگی اور ان کا سیرت سے تعلق مضبوط ہونے کے ساتھ ساتھ مسلمانوں کے حق میں عالمی لہجوں کی تشکیل میں بھی معاونت ہوگی۔ میں یہ سمجھتا ہوں کہ حکومتوں کے اچھے اقدامات کی حوصلہ افزائی اور انہیں عوام تک پہنچانے کیلئے محکمہ تعلقات عامہ پنجاب کا کردار ہر دور میں مثالی رہا ہے لیکن موجودہ حکومت کے دورانیہ میں صوبائی محکمہ تعلقات عامہ نے اپنا بھرپور حق ادا کرنے کی کوشش کی ہے۔

ضرورت اس امر کی ہے کہ دیگر صوبے بھی تعلقات عامہ پنجاب کی حکمت عملی کو فالو کریں تاکہ صوبائی حکومتوں کے عوامی مفادات اٹھائے جانے والے اقدامات سے عوام کو آگاہی ملتی رہے اور حکومتوں کا مثبت چہرہ اجاگر ہوتا رہے۔
 

Muhammad Noor-Ul-Huda
About the Author: Muhammad Noor-Ul-Huda Read More Articles by Muhammad Noor-Ul-Huda: 85 Articles with 83195 viewsCurrently, no details found about the author. If you are the author of this Article, Please update or create your Profile here.