ریلوے اسٹیشن جو مستقبل بدل ڈالے، دنیا کا واحد ریلوے اسٹیشن جہاں روزانہ سینکڑوں لوگ ٹرین میں بیٹھنے نہیں بلکہ کسی اور ہی کام سے آتے ہیں

image
 
ریلوے اسٹیشن کا نام کانوں میں آتے ہی ٹرین کی وسل کی آواز ، مسافروں کا ہجوم اور قلیوں کا شور شرابہ ذہن میں آتا ہے۔ ہر اسٹیشن ایک عارضی گزر گاہ کے طور پر مسافروں کو سفر کی سہولیات فراہم کرتا ہے اور ہر انسان کا اس سے بس یہی تعلق ہوتا ہے مگر جن لوگوں کا روزگار اس سے وابستہ ہوتا ہے ان کے لیے ریلوے اسٹیشن کی اہمیت مختلف ہوتی ہے-
 
لیکن اگر آپ مسافر نہیں ہیں اور نہ ہی آپ کا روزگار اس سے وابستہ ہو تب بھی اگر آپ دن میں صبح شام اس اسٹیشن کا چکر لگائیں تو لوگ یقیناً آپ کی ذہنی حالت پر شک ضرور کرنے لگیں گے- لیکن ہندوستان کے علاقے بہار میں ساسارام نامی ایک ریلوے اسٹیشن ایسا بھی ہے جہاں صبح شام ہر کے دو گھنٹے ایسے ہوتے ہیں جہاں پر بڑی تعداد میں لوگ جمع ہوتے ہیں جو نا تو مسافر ہوتے ہیں اور نہ ہی انہوں نے کہیں جانا ہوتا ہے-
 
یہ لوگ طالب علم ہوتے ہیں جو کسی نہ کسی امتحان کی تیاری کر رہے ہوتے ہیں اور اس کے لیے ہر روز اس اسٹیشن پر جمع ہوتے ہیں۔ یہاں صرف پڑھنے والے ہی نہیں بلکہ پڑھانے والے بھی موجود ہوتے ہیں-
 
image
 
اس اسٹیشن کی سب سے خاص بات یہ ہے کہ یہاں پڑھنے والوں کو کسی فیس کی ادائگی نہیں کرنی ہوتی ہے اور نہ ہی پڑھانے والے کسی سے کوئی پیسہ لیتے ہیں بس ان سب کا ایک ہی مقصد ہوتا ہے کہ ایک دوسرے کو فائدہ دے سکیں-
 
تاریخ کے مطابق اٹھارہ سے بیس سال قبل بہار کے اس علاقے کے لوگوں کو بجلی کی سہولت میسر نہ تھی۔ جبکہ ساسارام نامی ریلوے اسٹیشن اس علاقے کا واحد ایسا علاقہ تھا جہاں پر دن کے چوبیس گھنٹے بجلی ملتی تھی اس وجہ سے طالب علم پڑھنے کے لیے یہاں جمع ہو جاتے تھے-
 
اس کے بعد یہ سلسلہ بڑھنے لگا یہاں تک کہ ریلوے انتطامیہ نے طالب علموں کے لیے پلیٹ فارم کے ٹکٹ کی پابندی ختم کر کے ان کے لیے اسپیشل پاس جاری کرنے شروع کر دیے- اب جبکہ بہار کے ہر علاقے میں بجلی کی سہولت موجود ہے اس کے باوجود ساسارام ریلوے اسٹیشن طالب علموں کے لیے ایک مرکز کی حیثیت اختیار کر چکا ہے-
 
image
 
جہاں پر سب آکر پڑھتے ہیں مقابلے کے امتحان کے لیے ایک دوسرے کی مدد کرتے ہیں یہاں بیٹھ کر امتحانات کی تیاری کرتے ہیں اور اپنی مدد آپ کے تحت اپنے مستقبل کو روشن کرتے ہیں-
 
ساسارام ریلوے اسٹیشن کو یہ اعزاز بھی حاصل ہے کہ یہاں پر تعلیم حاصل کرنے والے بہت سارے طالب علم اب اعلیٰ عہدوں پر فائز ہیں اور کئی طالب علم بنکوں میں اعلیٰ عدالتوں میں اور پولیس میں اہم عہدوں پر ذمہ داریاں نبھا رہے ہیں- اور اپنے فارغ وقت میں اپنے زمانہ طالب علمی کی یاد تازہ کرتے ہوئے طالب علموں کی رہنمائی کے لیۓ اس ریلوے اسٹیشن پر آتے ہیں-
YOU MAY ALSO LIKE: