تم صرف ساس کی فرمائشیں پوری کرو… جو بیٹے شادی کے بعد صرف سسرال کے ہو کر رہ جاتے ہیں وہ اپنے ساتھ کس کس کا نقصان کرتے ہیں

image
 
شادی کے بعد جس طرح ایک لڑکی اپنے گھر بار کو چھوڑ کر ایک نئے ماحول میں آجاتی ہے اور ایک نئے ماحول میں اس کو ایڈجسٹ ہونے میں مسائل درپیش ہوتے ہیں- اسی طرح ایک لڑکے کی زندگی میں بھی صرف اس کی شریک حیات داخل نہیں ہوتی ہے بلکہ اس کی زندگی میں بھی شریک حیات کے ساتھ ساتھ ایک نیا گھرانہ شامل ہو جاتا ہے-
 
جہاں شروع شروع کے دنوں میں داماد کی حیثیت سے خصوصی عزت و احترام ملتا ہے- جس کو دیکھ کر اکثر لڑکے اپنے پرانے رشتوں کو بھول جاتے ہیں اور ان کو یہ محسوس ہونے لگتا ہے کہ یہ نیا گھر ہی درحقیقت اس کو سب سے زيادہ پیار کرتا ہے اور یہی نئے رشتے اب اس کی زندگی میں سب سے زیادہ اہمیت کے حامل ہیں -
 
مگر بہترین زندگی گزارنے کے لیے توازن اور اعتدال سب سے زيادہ ضروری ہوتا ہے جو افراد اس اعتدال کو فراموش کر بیٹھتنے ہیں وہ کئی قسم کے مسائل کا شکار ہو جاتے ہیں جو کہ کچھ اس طرح سے ہو سکتے ہیں-
 
ساس بمقابلہ ماں
ساس بیوی کی ماں ہوتی ہے اور عزت و احترام کی حقدار ہوتی ہے یہ وہ عورت ہوتی ہے جس نے اپنی بیٹی لڑکے کے حوالے کی ہوتی ہے اس وجہ سے اس کا احترام واجب ہوتا ہے- لیکن گھر کی مالک آپ کی وہ ماں ہوتی ہے جس نے آپ کو جنم دیا ہوتا ہے جو افراد اپنی ساس کو اپنی ماں سے زيادہ اہمیت دیتے ہیں اس کے نتیجے میں ماں کے جزبات مجروع ہو سکتے ہیں-
 
ساس کو زیادہ اہمیت دینے کی صورت میں آپ کے گھر کے معاملات میں اس کا عمل دخل بڑھ جاتا ہے جس کی وجہ سے گھر انتشار کا شکار ہو سکتا ہے اور گھر کی بے سکونی زندگی کی بے سکونی کا سبب بن جاتی ہے ۔
 
image
 
سسر بمقابلہ باپ
ہمارے معاشرے میں باپ کی حیثیت ہمیشہ ایک ایسے فرد کی ہوتی ہے جو کہ اخراجات کی تکمیل کے وقت یاد آتا ہے یا پھر باپ کا نام ڈانٹ ڈپٹ کے لیے استعمال کیا جاتا ہے- یہی وجہ ہے کہ جوان بیٹوں اور باپ کے درمیان ایک غیر محسوس پردہ ہمیشہ قائم رہتا ہے-
 
اس کے مقابلے میں جب سسر کو دیکھا جاتا ہے تو وہ صرف پیار ہی پیار نظر آتا ہے جو داماد کو عزت دینے کی خاطر اس پر کسی قسم کا روک ٹوک نہیں کرتا ہے بلکہ اس پر پیار نچھاور کرتے نظر آتا ہے- اسی وجہ سے سسرال سے قربت اختیار کرنے والے اپنے باپ کی جگہ پر اپنے سسر کو رکھ لیتے ہیں اور یہ بھول بیٹھتے ہیں کہ وہ آج جس مقام پر ہیں اس کا سہرا اس کے باپ کے سر ہی جاتا ہے-
 
یاد رکھیں شادی ایک نئی زندگی کی شروعات ہے آج آپ جو اپنے ماں باپ کے ساتھ کر رہے ہیں اس کا بدلہ آپ کو اسی دنیا میں اپنی اولاد کے ذریعے ملے گا- اگر آج آپ باپ کی عزت کرنے کو تیار نہیں ہیں تو کل آپ کا بیٹا بھی آپ کے ساتھ یہی سلوک کرے گا-
 
image
 
سالی بمقابلہ بہن
سسرال جانے پر سالی اپنے بہنوئی کی آؤ بھگت خصوصی عزت کے ساتھ کرتی ہیں جس کی وجہ سے عام طور پر اپنی بہن بری لگنے لگتی ہے- اور اکثر بھائی سالی کو اپنی بہن کے مقابلے میں زیادہ اہمیت دینا شروع کر دیتے ہیں جس کی وجہ سے اکثر گھروں میں لڑائی جھگڑے رہنے لگتے ہیں-
 
اس کا سب سے منفی اثر یہ پڑتا ہے کہ بہن اپنے ساتھ ہونے والی اس زیادتی کی ذمہ دار اپنی بھابھی کو سمجھنے لگتی ہے- جس کی وجہ سے اس کا رویہ بھابھی کے ساتھ برا ہو جاتا ہے اور گھر میں آئے دن نند بھابھی کے جھگڑے شروع ہو جاتے ہیں جو گھر کے ماحول کو خراب کر دیتے ہیں-
 
سسرال کی زيادہ اہمیت انسان کو اپنے گھر میں اجنبی کر دیتی ہے
یاد رکھیں سسرال ایک ایسی جگہ ہے جہاں پر آپ کا کبھی کبھار جانا تو آپ کو عزت دلوا سکتا ہے لیکن قدر کھو دیتا ہے روز کا آنا جانا- اس وجہ سے آپ کی حقیقی عزت آپ کے اپنے گھر سے ہے۔ اگر آپ اپنے ماں باپ کو سسرال میں عزت نہیں دلوا سکتے ہیں تو یاد رکھیں آپ کی عزت بھی آپ کے سسرال میں عارضی ہو گی-
 
اس کے مقابلے میں سسرال کو زیادہ اہمیت دینے کے سبب گھر میں ایسے فرد کی اہمیت زیرو ہو جاتی ہے۔ آئے دن کے جھگڑوں اور تنازعات کے سبب ماں باپ ایسے لڑکے پر فاتحہ پڑھ لیتے ہیں اور اس کو گھر کے معاملات سے علیحدہ کر دیتے ہیں- اور اس طرح انسان کی حیثیت دھوبی کے کتے والی ہو جاتی ہے جو نہ تو گھر کا رہتا ہے اور نہ ہی گھاٹ کا-
 
اس وجہ سے یہ ضروری ہے کہ نئے بننے والے رشتوں کی قدر ضرور کریں مگر ان کو پا کر اپنے پرانے رشتے فراموش نہ کر دیں-
YOU MAY ALSO LIKE: