بیوی نے لاش بھی شناخت کرلی… شوہر کا جیل جانے سے بچنے کے لیے اپنی ہی موت کا ڈرامہ لیکن پھر کیا ہوا؟

image
 
انڈیا میں پولیس کا کہنا ہے کہ انھوں نے واپس جیل جانے سے بچنے کے لیے ایک شخص کا اپنی ہی موت کا ڈھونگ رچانے کا منصوبہ ناکام بنا دیا ہے۔
 
شمالی ریاست اتر پردیش میں حکام کا کہنا ہے کہ 36 سالہ سدیش کمار نامی شخص نے مبینہ طور پر ایک شخص کا قتل کیا اور مقتول کی لاش کو اپنی لاش ثابت کرنے کی کوشش کی۔ اس منصوبے میں اس شخص کی بیوی اس کی سہولت کار تھی۔
 
تاہم پولیس کو سدیش کمار کی سی سی ٹی وی فوٹیج مل گئی جس میں انھیں لاش کو موٹر سائیکل پر لے جاتے دیکھا جا سکتا ہے۔
 
اطلاعات کے مطابق سدیش کمار کو کورونا وائرس کی وبا کے دوران پیرول پر رہا کیا گیا تھا۔ وہ 2018 میں اپنی 13 سالہ بیٹی کو قتل کرنے کے الزام میں سزا کاٹ رہے ہیں۔
 
انڈیا میں کچھ ریاستوں نے قیدیوں کو پیرول پر رہائی دی ہے تاکہ جیلوں میں زیادہ رش کی وجہ سے کورونا وائرس کی وبا کو کنٹرول کیا جا سکے۔
 
image
 
تاہم کمار کو یقین ہو گیا تھا کہ حکام ان کی پیرول ختم کرنے والے ہیں اور اسی لیے انھوں نے دوبارہ جیل جانے سے بچنے کے لیے یہ منصوبہ بنایا۔
 
پولیس کا دعویٰ ہے کہ سدیش کمار نے 19 نومبر کو دومن راوی داس کو قتل کرنے کا اعترافِ جرم کر لیا ہے۔ دومن راوی داس سدیش کمار کی جسامت کے ہی شخص تھے اور مزدوری کرتے تھے۔ انھیں سدیش کمار نے اپنے گھر پر مرمت کے لیے ٹھیکا دیا تھا۔
 
تاہم اگلے روز راوی داس کی لاش ایک قریب پلاٹ سے ملی۔ ان کی لاش کو جلایا گیا تھا اور ان کی جیب میں سدیش کمار کا شناختی کارڈ تھا۔
 
بعد میں انڈیا کے دارالحکومت دلی میں سدیش کمار کی بیوی نے اس لاش کی بطور اپنے شوہر کے شناخت کی۔
 
اور بظاہر انھوں نے یہ ثابت کر دیا کہ سدیش کمار کی موت ہو چکی ہے لیکن تب پولیس کو مخبری ہوئی کہ سدیش کمار اپنی بیوی سے ملنے کے لیے آنے والے ہیں۔ پولیس نے ان کے گھر پر چھاپہ مار کر جوڑے کو گرفتار کر لیا۔
 
اتوار کے روز ایک پریس کانفرنس میں علاقائی پولیس کے سپریٹنڈنٹ ایرج راجہ نے اپنے افسران کی کارکردگی کو سراہا ہے۔
 
ان کا کہنا تھا کہ ‘اس جوڑے نے ایک تفصیلی منصوبہ بنایا تھا مگر پولیس نے اس قتل کے کیس کا معمہ حل کر لیا۔ اس ٹیم کو ان کے کام کے لیے انعام دیا جائے گا۔‘
 
Partner Content: BBC Urdu
YOU MAY ALSO LIKE: