واپسی پر دہی لیتے آنا سے سنیے پیزا کھانے کا دل چاہ رہا ہے، کنوارے سے شادی شدہ ہونے پر زندگی میں ہونے والی کچھ تبدیلیاں

image
 
شادی لڑکی کی ہو یا لڑکے کی زندگی کو بدل کر رکھ دیتی ہے جس کے بعد بہت ساری تبدیلیاں واقع ہوتی ہیں- کچھ لوگوں کا یہ خیال ہوتا ہے کہ چونکہ لڑکی نئے گھر میں آتی ہے تو اس کی زندگی بدل جاتی ہے مگر یہ تبدیلی یک طرفہ نہیں ہوتی ہے بلکہ لڑکوں کی زندگی میں بھی تبدیلی واقع ہوتی ہے جس کے بارے میں ہم آپ کو آج بتائيں گے-
 
دہی سے پیزا لانے تک کا سفر
عام طور پر جب لڑکے گھر سے باہر جانے لگتے ہیں تو ان کی ماں کی آواز ان کا پیچھا کرتی ہے- جس میں ان سے دہی یا دھنیا لانے کی فرمائش ہوتی ہے- مگر شادی کے بعد یہ ذمہ داریاں خود بخود چھوٹے بھائی کو منتقل ہو جاتی ہیں اور اب گھر سے نکلتے ہوئے ماں کے بجائے بیگم کی فرمائشوں کی ایک لسٹ ہوتی ہے جس کو پورا کرنا شوہر کی اولین ذمہ داری ٹہرتی ہے-
 
جلدی گھر آنا سے اتنی جلدی گھر کیسے آگئے تک
شادی سے پہلے لڑکے اپنا زیادہ وقت اپنے دوستوں کے ساتھ گزارنا پسند کرتے ہیں اور ان کی ماں اور گھر والوں کو ان سے یہی شکایت ہوتی ہے کہ وہ گھر جلدی نہیں آتے ہیں- مگر زیادہ تر لڑکوں کے دوست شادی کے بعد چھٹ جاتے ہیں اور وہ کام پورا کرتے ہی گھر کی طرف بھاگتے ہیں جہاں نئی نویلی دلہن ان کی منتظر ہوتی ہے-
 
image
 
امی میرے کپڑے استری کر دیں سے یہ لیں آپ کے کپڑے استری ہیں
شادی سے قبل ایک شرٹ استری کروانے کے لیے گھر والوں کی منتیں کرنی پڑتی تھیں ان کو مختلف قسم کا لالچ دینا پڑتا تھا اور اس کے بعد بھی سو سو احسان کر کے کپڑے استری ملتے تھے- مگر شادی کے بعد بیگم ایک کے بجائے دو دو جوڑے استری کر کے پیش کرتی ہے جس سے انسان خود کو بہت خوش قسمت محسوس کرتا ہے-
 
ایک کپ چائے کی منتوں سے رات دو بجے پراٹھے تک کا سفر
شادی سے پہلے ایک کپ چائے بنوانے کے لیے بھی بہنوں کی منت سماجت کرنی پڑتی ہے مگر شادی کے بعد اگر اچھی بیوی مل جائے تو رات دیر گئے بھی لگنے والی بھوک کی صورت میں مزیدار گرما گرم پراٹھا مل سکتا ہے اور ایسا بیوی ہی کر سکتی ہے-
 
image
 
تم تو چپ ہی رہو سے اس سے مشورہ لے کر دیکھتے ہیں
شادی کے بعد دنیا کی نظر میں ایک کھلنڈرا اور نا تجربہ کار لڑکا راتوں رات ایک سمجھدار اور قابل بھروسہ انسان میں تبدیل ہو جاتا ہے اور لوگ اس سے نہ صرف مختلف معاملات میں مشورے لیتے ہیں بلکہ اس کے مشوروں کو بھی قدرکی نگاہ سے دیکھتے ہیں-
 
شادی کو اسی لیے خوشی کا سبب قرار دیا جاتا ہے کہ یہ انسان کو نہ صرف خوشی فراہم کرتی ہے بلکہ اس کی خود اعتمادی میں بھی اضافہ کرتی ہے اس حوالے سے آپ اپنی رائے سے ضرور آگاہ کریں
YOU MAY ALSO LIKE: