پاکستان کی بیجنگ سرمائی اولمپکس کی بھرپور حمایت

ابھی حال ہی میں پاکستانی دفتر خارجہ نے تصدیق کی کہ وزیر اعظم پاکستان عمران خان بیجنگ سرمائی اولمپکس 2022 کی افتتاحی تقریب میں شرکت کے لیے چین تشریف لائیں گے۔ وزیراعظم عمران خان چینی قیادت کی دعوت پر 3 فروری سے چین کا تین روزہ دورہ کریں گے۔چین کے صدر شی جن پھنگ نے وزیر اعظم عمران خان کو دورہ چین کی دعوت دی تھی جسے انہوں نے قبول کرتے ہوئے پاک چین لازوال دوستی کی مزید مضبوطی کا عملاً اظہار کیا۔ دورہ چین کے موقع پر عمران خان پاک چین چاروں موسموں کی اسٹریٹجک تعاون پر مبنی شراکت داری کو مزید مضبوط بنانے اور علاقائی و عالمی امور پر تبادلہ خیال کے لیے چینی قیادت کے ساتھ بات چیت بھی کریں گے۔ پاکستان کی جانب سے بیجنگ سرمائی اولمپکس کے کامیاب انعقاد کے لیے یہ ایک بہترین اقدام ہے۔

دوسری جانب چین نے وزیر اعظم عمران خان کے آئندہ ماہ بیجنگ سرمائی اولمپک گیمز کی افتتاحی تقریب میں شرکت کے فیصلے کو بھرپور سراہا اور اس کا خیرمقدم کیا ہے۔چینی وزارت خارجہ کے ترجمان وانگ وین بین نے اپنی معمول کی میڈیا بریفنگ کے دوران وزیراعظم پاکستان کے دورے کے حوالے سے پوچھے گئے ایک سوال کے جواب میں کہا کہ "چین پاکستان کے فیصلے کو سراہتا ہے اور اس کا خیر مقدم کرتا ہے"۔

شیڈول کے مطابق بیجنگ سرمائی اولمپکس 4 سے 20 فروری اور پیرا اولمپک سرمائی کھیل 4 سے 13 مارچ تک منعقد ہوں گے۔یہ بات قابل زکر ہے کہ دنیا کی کئی اہم ممتاز شخصیات بیجنگ سرمائی اولمپکس کی افتتاحی تقریب میں شرکت کریں گی۔ان میں روس کے صدر ولادیمیر پیوتن ، اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل انتونیو گوئتریس اور دیگر کئی عالمی رہنما شامل ہیں۔اس اہم موقع پر وزیر اعظم عمران خان کے دورے کی اہمیت کہیں زیادہ بڑھ جاتی ہے۔ پاکستان نے اس سے پہلے بھی مختلف مواقع پر بیجنگ سرمائی گیمز کی حمایت کے لیے چین کا بھرپور ساتھ دیا ہے۔

ابھی حال ہی میں صدر پاکستان ڈاکٹر عارف علوی نے بھی چینی میڈیا کو دیے گئے ایک خصوصی انٹرویو میں بیجنگ سرمائی گیمز کے کامیاب انعقاد کے لیے اپنی نیک خواہشات ظاہر کیں ۔ انہوں نے بیجنگ سرمائی اولمپکس کی میزبانی کے لیے چینی حکومت اور عوام کی کوششوں کو بھی سراہا جبکہ نوجوان ایتھلیٹس پر زور دیا کہ وہ بیجنگ سرمائی اولمپکس میں فعال طور پر شریک ہوں۔پاکستانی صدر کے مطابق وبا کے دوران سرمائی اولمپکس کی میزبانی چینی حکومت اور چینی عوام کے لیے ایک غیر معمولی اقدام ہے۔ عارف علوی نے نوجوانوں کی حوصلہ افزائی کرتے ہوئے کہا کہ وہ بیجنگ سرمائی اولمپکس میں بڑھ چڑھ کر حصہ لیں،جو بھی ایتھلیٹس اور دیگر افراد ان گیمز میں شریک ہوں گے وہ اپنے ساتھ میزبان ملک چین کی خوشگوار یادیں وطن واپس لے کر جائیں گے۔انہوں نے کہا کہ بیجنگ سرمائی اولمپکس کی میزبانی کے لیے چینی حکومت اور عوام کی کوششیں لائق تحسین ہیں۔ چینی میڈیا نے انٹرویو کے موقع پر انہیں بیجنگ سرمائی اولمپکس 2022 کا ماسکوٹ "بنگ ڈون ڈون" بھی پیش کیا۔

دنیا میں وبائی صورتحال بالخصوص اومی کرون ویرئنٹ کے تیزرفتار پھیلاو کا جائزہ لیا جائے تو بیجنگ سرمائی اولمپک گیمز نہ صرف عالمی سطح پر تعاون کو آگے بڑھائیں گی بلکہ اس مشکل اور کٹھن آزمائش میں بنی نوع انسان کے لیے امید کا پیغام بن کر سامنے آئیں گی۔چین نے ان گیمز کے حوالے سے ہمیشہ یہ خواہش ظاہر کی ہے کہ تمام ممالک اولمپک جذبے کے عزم کی پاسداری کریں گے۔ بلاشبہ بیجنگ سرمائی اولمپک گیمز کھیلوں کا ایک بڑا ایونٹ ہے جو " مزید تیز ، مزید اعلیٰ، مزید مضبوط ۔ ایک ساتھ" کے اولمپک نعرے کے تحت اتحاد ، امن اور افہام و تفہیم کو آگے بڑھانے کے لیے مشترکہ طور پر کام کرنے کا بہترین مظہر ہے۔

اسی طرح اولمپک روح پر کاربند رہنا بین الاقوامی برادری کی ذمہ داری، فرض اور مشترکہ خواہش بھی ہے۔ چین اپنی انسداد وبا سے ہم آہنگ بیجنگ سرمائی گیمز کی تیاریوں سے پر اعتماد ہے کہ تمام فریقین کی حمایت اور اولمپک روح کی رہنمائی سے وہ دنیا کے لیے ایک شاندار اور غیر معمولی سرمائی گیمز پیش کرے گا۔پاکستان سمیت دیگر بے شمار ممالک کی حمایت اور بلند توقعات جہاں کھیلوں کی ترقی اور چین پر اُن کے اعتماد کا مظہر ہیں وہاں یہ پیغام بھی ہے کہ کھیلوں کے ایونٹ کو سیاسی بنانے کی کسی بھی کوشش کی بھرپور مخالفت کی جائے گی۔


 

Shahid Afraz Khan
About the Author: Shahid Afraz Khan Read More Articles by Shahid Afraz Khan: 1328 Articles with 616669 views Working as a Broadcast Journalist with China Media Group , Beijing .. View More