چائے والے کے بعد اب کباب والا: کباب بیچنے والے شخص کی تصویر بازی لے گئی، یہ تصویر کیوں اور کیسے کھینچی گئی؟

image
 
ارشد چائے والے سے کون واقف نہیں جس کی تصویر ہی اس کی شہرت کی وجہ بنی تھی لیکن اب انڈیا کے زیرِ انتظام کشمیر میں ایک کباب بنانے والے شخص کی مسحور کن تصویر کو ایک بڑا فوٹوگرافی ایوارڈ مل گیا ہے۔
 
دیبدتا چکربورتی کو پنک لیڈی فوٹوگرافر آف دی ایئر 2022 کا ایوارڈ دیا گیا۔ انھوں نے یہ تصویر انڈیا کے زیرِ انتظام کشمیر کے شہر سرینگر میں بنائی تھی اور اسے کبابیانہ کا نام دیا تھا۔
 
انڈین فوٹوگرافر نے یہ تصویر ایک پرہجوم سڑک پر رات کے وقت بنائی تھی جب گلی میں پکوان بنانے والے وازوان کباب اور دیگر کھانے بنانے میں مصروف تھے۔
 
اس ایوارڈ کی بانی اور ڈائریکٹر کیرولین کینیون کہتی ہیں کہ ’آج کی دنیا میں، پہلے سے زیادہ ہمیں محبت اور سکون کی طلب ہوتی ہے اور اس تصویر میں ہمیں اس بارے میں یقین دہانی کروانے کے لیے بہت کچھ ہے۔ خوبصورتی سے عکس بند کیے گئے دھوئیں کا حصار، سنہری روشنی اور اس شخص کے چہرے کے تاثرات جو کھانا دوسروں سے شیئر کرنے کے لیے بنا رہا ہے۔‘
 
وہ مزید کہتی ہیں کہ ’چنگاریاں انگیٹھی سے اڑتی دیکھی جا سکتی ہیں اور بھنے ہوئے گوشت کی خوشبو ہم تصویر دیکھتے ہی سونگھ سکتے ہیں۔ ایسے میں ہم اس کا گرم اور مزیدار ذائقے کا بھی تصور کر لیتے ہیں۔‘
 
اس تصویر سے پیار چھلکتا ہے لیکن انتہائی متاثر کن بھی، یہ ایک روح پرور منظر ہے۔‘
 
اس مقابلے کے لیے 60 سے زیادہ ممالک سے ہزاروں افراد نے شرکت کی اور جیتنے والوں کا اعلان آن لائن ایک لائیو سٹریم ایونٹ کے ذریعے کیا گیا۔
 
یہاں ہم آپ کو اس مقابلے کی مختلف درجہ بندیوں میں جیتنے والے فوٹوگرافرز کی تصاویر پیش کر رہے ہیں۔
 
چینیوں کا روایتی ہنر (شین یینگ کی تصویر)
یہ تصویر چین میں ایک چھوٹے سے فارم ہاؤس میں بنائی گئی ہے۔ یہاں ایک خاندان اکھٹے ہو کر ایک خاص قسم کا روایتی پکوان بنا رہے ہیں۔ وہ ایک لکڑے کے سانچے کی مدد سے ان ڈمپلنگز میں ’مقدر‘ اور ’خوشی‘ جیسے الفاظ کندہ کر رہے ہیں اور انھیں ایک بڑی کڑاھی میں تلنے کا اہتمام کر رہے ہیں۔ اس روایت کا مقصد یہ ہوتا ہے کہ نئے سال کو خوش آمدید کہا جائے گا، اور اگلا برس خوشحال ثابت ہو گا۔
image
 
ٹیبل پر پکوان: برطانیہ میں جان کیری کی تصویر
رٹز ریستوارن کا تجربہ اس تصویر میں ایک مخصوص انداز میں عیاں ہے
image
 
فیوجی فلم ایوارڈ فار انوویشن: سینٹرل پارک، یولی واسیلیو، بلغاریہ
یہ تصویر فوڈٹوپیا نامی پراجیکٹ کا حصہ ہے، جس میں کھانے کی اشیا کے ذریعے منی ایچر دنیا بنانے کی کوشش کی جا رہی ہے۔
image
 
دی کلیئر آہو ایوارڈ فار وومن فوٹوگرافرز: جنوبی افریقہ میں مارگریٹ اویلوفس کی تصویر
فرانسیسی فنکار ہینری میٹیس سے متاثر ہو کر افریقی ثقافت کو ابھارنے کی کوشش کی گئی
image
 
برطانیہ کے کاسیا سیسیلسکا فیبر کی تصویر میں مچھلیوں کو سکھانے کا منظر
ناروے کی اس تصویر میں مچھلیاں اس پورے لینڈ سکیپ کا ایک حصہ بنی ہوئی نظر آتی ہے، باہر درجہ حرارت نقطہ انجماد سے تھوڑا سا کم ہے، اور موسم سٹاک فش پروڈکشن کے لیے بہترین ہے۔
image
 
پکوانوں کی سیاست: خوابوں کی اڑان، بنگلہ دیش سے کے ایم اسد کی تصویر
ایک چھوٹی بچی اپنی بڑی بہن کے ساتھ مل کر پانی بھر رہی ہے، یہ تصویر بنگلہ دیش کے دارالحکومت ڈھاکہ میں گذشتہ برس بنائی گئی ہے۔
image
 
فوڈ سٹائلسٹ ایوارڈ: جرمنی سے کیرولین سٹروتھ کی تصویر
 
image
 
مچھلی بنانے کا منظر، روپکوتھا رائے بارائے، بنگلہ دیش
بنگلہ دیش میں گاؤں کی خواتین مچھلی بنانے کے مراحل میں ہیں
image
 
ایرازوریز وائن فوٹوگرافر آف دی ایئر: جان ویانڈ کی برطانیہ سے تصویر
 
image
 
پاؤلو گرنزا اور سلویا واؤلا کی اٹلی سے گاجر کی فصل کی تصویر
یہ تصویر ایک ایسی فوٹوگرافی سیریز کا حصہ ہے جس کا عنوان ہے کام کرتے ہاتھ۔
image
 
پنک لیڈی فوڈ فوٹوگرافر آف دی ایئر (جنوبی مشرقی ایشیا: مچھیروں کی دنیا، ویتنام میں بنائی گئی تصاویر، تھیئن نگویین
ایک نئے دن کی روشنی کشتی سے نکلنے والے دھوئیں کو روشن کر رہی ہے، اور سبز رنگ کے جال پانی کے نیچے حرکت کرتے دیکھے جا سکتے ہیں اور مقامی مچھیرے ان جالوں کو کھینچ رہے ہیں
image
 
یہ تمام تصاویر پنک لیڈی فوڈ فوٹوگرافر آف دی ایئر 2022 کی اجازت سے استعمال کی گئی ہیں۔ آخری مرحلے تک پہنچنے والی تصاویر برسٹل رائل فوٹو گرافک سوسائٹی میں 20 نومبر سے 12 دسمبر 2022 تک دکھائی جائیں گے۔
 
Partner Content: BBC Urdu
YOU MAY ALSO LIKE: