سائيں میری نوکری کا بندوبست کر دیں، وزيراعلیٰ سندھ سے درخواست کرنے والے نوجوان کے ساتھ ایسا کیا ہوا کہ اب نوکری کی ضرورت ہی نہ رہی

image
 
کراچی کا شمار پاکستان کے ان شہروں میں ہوتا ہے جس کو منی پاکستان بھی کہا جاتا ہے- جہاں ہر صوبے اور ملک کے ہر شہر کے لوگ نہ صرف موجود ہوتے ہیں بلکہ یہ شہر ایک ماں کی طرح ہر آنے والے پردیسی کو نہ صرف اپنے آنچل میں چھپا لیتا ہے بلکہ اس کے سر کو چھپانے کی چھت دیتا ہے بلکہ اس کو پیٹ بھر روٹی کے ساتھ ساتھ روزگار کا وسیلہ بھی بن جاتا ہے-
 
ایسا ہی ایک 23 سالہ محرم علی بھی تھا جس کا تعلق ضلع خیر پور سے تھا کچھ دن قبل جب وہ کراچی آيا تواس کی آنکھوں میں بھی اس شہر کے حوالے سے بڑے بڑے خواب بھی تھے۔ کراچی آنے سے قبل اس نے ایک ویڈيو بھی بنائی جس میں انہوں نے وزیر اعلی سندھ سے یہ درخواست کی کہ وہ کراچی آرہا ہے اس کو نوکری دلوا دی جائے-
 
درخواست کرتے ہوئے اس کے ہونٹوں پر مسکراہٹ اور آنکھوں میں امید کی چمک تھی جس میں یہ یقین تھا کہ وہ خیرپور سے اب جب کراچی جیسے بڑے شہر آئے گا تو نہ صرف نوکری ڈھونڈنے میں کامیاب ہو جائے گا بلکہ اپنے گھر والوں کے وہ خواب بھی پورے کر پائے گا جن کی تکمیل اپنے گاؤں میں رہ کر وہ نہیں کر سکتا تھا-
 
image
 
مگر محرم علی اپنے مستقبل سے بے خبر کراچی آ تو گیا مگر کراچی آنے کے صرف دو دن بعد نہ جانے اس کے ساتھ کیا ہوا کہ اس کی لاش کراچی کے مرکز میں موجود ایمپریس مارکیٹ میں پائی گئی- اس کی شناخت اس کی جیب میں موجود شناختی کارڈ کی مدد سے کی گئی-
 
اب محرم علی سے جڑے لوگوں کی وزیر اعلیٰ سندھ سے یہی اپیل ہے کہ اس کو ان سے اب نوکری کی ضرورت نہیں ہے کیوں کہ وہ مرنے کے بعد ان تمام ضروریات سے آزاد ہو چکا ہے- مگر اس کے مرنے کی وجوہات کا تعین کرنا ضروری ہے اس کے ساتھ ساتھ ان ذمہ داروں کے خلاف کاروائی کی جائے تاکہ مرنے کے بعد اس کی روح کو سکون مل سکے-
 
image
 
امید ہے کہ وزير اعلیٰ سندھ اس حلقے سے تعلق رکھنے والے نوجوان محرم علی کی مرنے کے بعد تو داد رسی کریں گے جہاں سے وہ الیکشن جیت کر وزیر اعلیٰ سندھ کے عہدے تک پہنچنے میں کامیاب ہوئے کیوںکہ اگر انہوں نے ایسا نہ کیا تو اگلے الیکشن میں کس منہ سے وہاں ووٹ مانگنے جا پائيں گے-
YOU MAY ALSO LIKE: