جو پہلے جان تھے وہ بعد میں وبالِ جان بن گئے… رشتے میں دراڑ کے بعد ایک دوسرے کے احترام کی بدترین اور بہترین مثالیں اور وجوہات

image
 
اس کائنات میں اللہ تعالیٰ نے جہاں بہت سارے رشتے بنائے ہیں وہیں پر میاں بیوی کا رشتہ بھی بنا- اس رشتے کے حوالے سے کہا جاتا ہے کہ مرد اور عورت کے درمیان بنایا گیا یہ کائنات کا سب سے پہلا رشتہ تھا اور باقی تمام رشتے اسی رشتے سے وجود میں آئے-
 
میاں بیوی کے رشتے کی خصوصیات
کائنات کا یہ وہ رشتہ ہے جو کہ صرف اور صرف نکاح کے چند بولوں کے بعد محبت کی بنیاد پر قائم ہوتا ہے- یہ رشتہ ایک جانب تو بہت مضبوط ہوتا ہے کیوں کہ یہ کئی رشتوں کی بنیاد ہوتا ہے اس رشتے کی مضبوطی کا سب سے بڑا سبب یہ ہوتا ہے کہ یہ وہ واحد قریبی رشتہ ہوتا ہے جس میں کسی قسم کا پردہ نہیں ہوتا ہے-
 
درحقیقت یہ رشتہ ایک ایسا رشتہ ہوتا ہے جس کی بنیاد اعتماد اور بھروسے کی بنیاد پر ہوتا ہے جس طرح اس تعلق کو بننے کا ایک مکمل مذہبی اور معاشرتی طریقہ موجود ہے اسی طرح اس رشتے کے ختم ہونے کا بھی ایک طریقہ موجود ہے- جس کے بعد مرد اور عورت کو کچھ اخلاقی حدود و قیود کا پاس رکھنا پڑتا ہے تاکہ جس جیون ساتھی کے ساتھ تعلق ختم ہو گیا اس کی عزت نفس مجروع نہ ہو جائے-
 
طلاق یا علیحدگی کے باوجود ایک دوسرے کے احترام کی مثبت مثالیں
ہمارے اردگرد بہت ساری ایسی مثالیں موجود ہیں جن میں میاں بیوی کے درمیان انڈراسٹنڈنگ نہ ہونے کے سبب اس رشتے کو ختم کر دیا گیا- مگر اس رشتے کو ختم کرتے ہوئے دونوں میں سے کسی ایک نے بھی دوسرے کی عزت کو سرعام نہیں اچھالا- گزشتہ سال شہروز سبزواری اور سائرہ کے درمیان ہونے والی طلاق ایک نمایاں مثال ہے جس میں میڈیا کی تمام تر کوشش کے باوجود بھی انہوں نے ایک دوسرے کے خلاف ایک لفظ بھی منہ سے نہیں نکالا اور باعزت طور پر ایک دوسرے سے راہیں جدا کر لیں-
 
image
 
طلاق کی صورت میں واویلا کرنے کی منفی مثالیں
اس کے ساتھ ساتھ معاشرے میں بہت ساری ایسی مثالیں بھی موجود ہیں جن میں طلاق کو ذاتی دشمنی کے درجے پر رکھ لیا گیا اور جس شخص کو شادی کے شروع کے دنوں میں جان کہا جا رہا تھا طلاق ہوتے ہی ان کو وبال جان قرار دیا گیا-
 
ان مثالوں میں سابق وزیراعظم عمران خان اور ریحام خان کی طلاق اور عامر لیاقت اور ان کی تیسری بیوی دانیہ شاہ کی علیحدگی قابل ذکر ہے-
 
مذکورہ طلاقوں کی صورت میں فریقین نے ایک دوسرے کی عزت کی سر بازار دھجیاں بکھیریں یہاں یہ امر قابل توجہ ہے کہ عمران خان نے ریحام خان کے کردار کے حوالے سے کچھ بھی نہ کہا جب کہ ریحام خان نے تو اپنے دس مہینے پر محیط ازدواجی زندگی پر پوری کتاب تک لکھ ڈالی- جس میں انہوں نے وہ ساری باتیں تحریر کر دیں جو کہ انتہائی ذاتی نوعیت کی تھیں-
 
image
 
دوسری طرف عامر لیاقت کے کیس میں پہلے عامر لیاقت نے اپنی بیوی کے ایسے وائس میسج شئیر کیے جس سے یہ ثابت ہوتا تھا کہ شادی سے قبل ان کی بیوی دانیہ شاہ کچھ غیر اخلاقی سرگرمیوں میں ملوث تھیں-
 
تو اس کے جواب میں مبینہ طور پر کیپٹل ٹی وی کے مطابق دانیہ شاہ نے بھی عامر لیاقت کی بیڈ روم کی انتہائی نازیبا ویڈيوز شئیر کر دیں اور اس طرح میاں بیوی جو ایک دوسرے کے لباس قرار پائے جاتے ہیں ان کی عزت کو تار تار کر دیا-
 
طلاق کے بعد ایک دوسرے کی عزت اچھالنے کے اسباب
ہمارا دین ایک مکمل ضابطہ حیات رکھتا ہے جس میں نکاح سے لے کرطلاق تک ہر چیز کا طریقہ واضح طور پر بیان کیا گیا ہے- لیکن سوال یہ ہے کہ ایسی کیا وجوہات ہوتی ہیں جن کے بعد نوبت یہاں تک پہنچ جاتی ہے کہ فریقین اپنے معاملے کو سر عام لے آتے ہیں-
 
1: سستی شہرت کے حصول کا ذریعہ
عام طور پر میڈیا انہی افراد کی شادی اور طلاقوں کو شہ سرخیوں کا حصہ بناتا ہے جو معاشرے میں کسی نہ کسی سبب شہرت کے مالک ہوتے ہیں۔ یہی وجہ ہے کہ کوئی بھی فریق اس ذریعے سے راتوں رات ٹاپ ٹرینڈ بن جاتا ہے اور بدنام جو ہوں گے تو کیا نام نہ ہوگا کی مصداق طلاق کی خبر کو ہر روز کسی نہ کسی طریقے سے اچھالتے ہیں تاکہ زيادہ سے زیادہ دن تک ٹاپ ٹرینڈ کا حصہ بنے رہیں-
 
image
 
2: بلیک میلنگ کے ذریعے مالی فوائد کے حصول کی خواہش
کسی بھی فریق سے اس کی عزت کی قیمت پر بلیک میلنگ کرنا وہ دھندہ ہے جو صدیوں سے جاری ہے اور اب سوشل میڈیا کے اس دور میں صرف ایک ویڈیو کے ذریعے دوسرے کی عزت کو راتوں رات خراب کرنا بہت آسان ہے-
 
بظاہر ایسا محسوس ہوتا ہے کہ ایسا ہی کچھ دانیہ شاہ نے عامر لیاقت کے ساتھ کیا جس نے ان سے طلاق کے بدلے ایک بڑی رقم کا تقاضا کیا اور جب گھی سیدھی انگلیوں سے نکلتا نظر نہیں آیا تو ان کی ویڈیو شئير کر کے ایک پیغام عامر لیاقت تک پہنچا دیا گیا- جس کے بعد ان کا سوفٹ وئير اپ ڈيٹ ہو گیا اور انہوں نے کل والی ویڈيو میں دانیہ شاہ کو معصوم قرار دے کر معاف کر دیا-
 
3: درمیانی لوگوں کی شرارتیں
کسی کی کردار کشی سے اس کے دشمن فائدہ اٹھا سکتے ہیں یہی وجہ ہے کہ دشمن اس صورتحال کو اپنے فائدے کے لیے استعمال کرتے ہیں ایسا ہی کچھ ریحام خان کے معاملے میں بھی نظر آيا جب کہ عمران خان کے سیاسی مخالفین نے نہ صرف ریحام خان کی کتاب کو اسپانسر کیا بلکہ اب ریحام خان کتاب لکھنے کے بعد عملی طور پر سیاسی مخالفین کے شانہ بشانہ نظر بھی آرہی ہیں-
 
4: جذباتیت
ان باتوں کے ساتھ ساتھ بعض اوقات فریقین کا جذباتی ہونا بھی ان کو اس حد تک غضب ناک کر دیتا ہے کہ وہ ہر حد سے گزرنے کے لیے تیار ہو جاتے ہیں اور اپنی معصومیت ثابت کرنے کے لیے دوسرے فریق پر ہر طرح کی الزام تراشی سے بھی نہیں چوکتے ہیں-
 
تاہم یہ عمل کسی بھی طرح مثبت نہیں ہے۔ گھر کے معاملات انسان گھر ہی میں سنبھال لے تو یہ ہی بہتر ہے اس طرح سے دوسروں کے سامنے کسی عزت کا پردہ چاک کرنے کا مطلب یہی ہوتا ہے کہ آپ نے اپنا پردہ بھی چاک کر دیا ہے کیوں کہ میاں بیوی تو ایک دوسرے کا پردہ ہوتے ہیں-
YOU MAY ALSO LIKE: