بائیک میں پٹرول نہ ہونا بہت مہنگا پڑ گیا... سستے پٹرول نے مہنگی جان لے لی، شاید باپ خود کو اس جرم کے ليے کبھی معاف نہ کر سکے

image
 
والدین کے دل میں اولاد کی محبت ایک قدرتی امر ہے یہی وجہ ہے کہ والدین کا تعلق دنیا کے کسی بھی حصے کسی بھی مذہب اور کسی بھی معاشرت سے ہو اولاد کی تکلیف کا اثر براہ راست ان کے دل پر ہوتا ہے اور وہ انہیں محفوظ رکھنے کے لیے کچھ بھی کر گزرنے کو تیار ہو جاتے ہیں-
 
حالیہ دنوں میں سری لنکا کے دیوالیہ قرار پانے کے بعد ملک شدید ترین انتشار کا شکار ہو چکا ہے عوام سڑکوں پر احتجاج کرتی نظر آرہی ہے تو دوسری طرف ملک میں اشیا ضروریہ کی شدید قلت کا سامنا ہے یہاں تک کہ پٹرول نایاب ہو چکا ہے-
 
اسی حوالے سے سوشل میڈيا پر ایک ایسی پوسٹ سامنے آئی جس نے دیکھنے والوں کے دل پر بہت اثر کیا یہ پوسٹ سری لنکا کے دیاتلوا ہسپتال کے جیوڈیشل میڈیکل افیسر شاناکا روشن نےاپنے سوشل میڈیا اکاؤنٹ سے لگائی-
 
image
 
جس میں ان کا کہنا تھا کہ یہ بات شدید صدمے سے دوچار کرنے والی ہے کہ ایک ایسی بچی کا پوسٹ مارٹم کرنا پڑے جو بہت کم عمر ہو اور اس کے جسم کے سارے حصے بالکل ٹھیک ہوں اور جس کو بچایا جا سکتا ہو لیکن بچایا نہ جا سکے-
 
تفصیلات کے مطابق سری لنکا کے شہر کولمبو سے ایک سو نوے گلومیٹر کے فاصلے پر ہلداملا نامی ایک گاؤں کے رہائشی کو اس وقت شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑا جب کہ اس کی شیر خوار بچی یرقان کا شکار ہوگئی اور مرض کی شدت کے سبب اس نے ماں کا دودھ پینا چھوڑ دیا-
 
بچی کی اس صورتحال کو دیکھتے ہوئے علاقے کے قریبی ہسپتالوں نے انہیں فوری طور پر کولمبو لے جانے کا مشورہ دیا مگر اس انتشار کے عالم میں باپ کے لیے کسی سواری کا انتطام کرنا بہت ضروری تھا-
 
اس کے پاس ذاتی بائیک تو موجود تھی مگر اس میں ایک لیٹر تک پٹرول نہ تھا جس کے لیے اس کو کئی گھنٹوں کی جدوجہد کرنی پڑی مگر بدقسمتی سے صرف ایک لیٹر پٹرول کئی گھنٹوں کی جدوجہد کے بعد حاصل تو کر لیا مگر جب تک بچی کو لے کر ہسپتال تک پہنچے تب تک بہت دیر ہو چکی تھی -
 
image
 
بچی کی حالت اس تاخیر کو برداشت نہ کر سکی اور جان کی بازی ہار گئی۔ جیوڈیشل میڈیکل آفیسر کا یہ کہنا تھا کہ بچی کی جان کو بچایا جا سکتا تھا مگر صرف تاخیر کے سبب اس بچی کو بچایا نہ جا سکا جس کا غم نہ صرف اس بچی کے والدین اور خصوصاً باپ کو ساری عمر رہے گا بلکہ اس صدمے کا شکار چیوڈيشل آفیسر بھی ہوئے جن کا یہ کہنا تھا کہ یہ ان کی زندگی کا سب سے افسوسناک واقعہ ہے-
 
ہماری دعا ہے کہ اللہ تعالیٰ ہمارے ملک کے حالات کو جلد از جلد سدھار دے تاکہ ہمارے ملک میں سری لنکا جیسی صورتحال نہ پیدا ہو اور ملک کے کسی شہری کو ایسے حالات کا سامنا نہ کرنا پڑے جیسی حالت اس معصوم بچی کے باپ کی ہے-
YOU MAY ALSO LIKE: