لوگوں کو کھانا کھلا کر دلی سکون ملتا ہے۔۔۔ کیسے ایک فریج سے فاطمہ نے اپنے ساتھ دوسروں کی بھی زندگی بدل کر رکھ دی؟

image
 
مدرٹریسا، عبدالستار ایدھی، ڈاکٹر روتھ فاؤ اور ایسے بے شمار لوگوں نے دنیا میں انسانیت کی خدمت کرکے اپنی پہچان بنائی اور آج بھی لاتعداد لوگ انسانیت کی خدمت کے جذبے سے معمور ہوکر بیمار، لاچار، غریب اور بے سہارا لوگوں کی مدد کیلئے پیش پیش رہتے ہیں۔
 
ایسا ہی ایک نام بھارتی ریاست تامل ناڈو کے دارالحکومت چنئی سے تعلق رکھنے والی آرتھوڈنٹسٹ فاطمہ جاسمین عیسیٰ ہے جو غریب اور بے سہارا لوگوں کو کھانا پہنچانے میں اہم کردار ادا کر رہی ہیں۔
 
فاطمہ جاسمین عیسیٰ نے غریب افراد کو کھانے کی فراہمی کیلئے 2015 میں کمیونٹی فریج لگاکر ایک چھوٹی سی کوشش کی جس میں لوگوں نے بھرپور حصہ لیا اور آج اس فریج سے کئی لوگوں کو کھانا ملتا ہے۔
 
چھوٹی سی شروعات کے بعد فاطمہ جاسمین عیسیٰ نے مختلف مقامات پر تقریباً 15 فریج لگائے جہاں بلاتفریق رنگ و نسل و مذہب ہر ضرورت مند کو کھانا ملتا ہے۔
 
image
 
اس کارخیر میں مخیر حضرات اپنی طرف سے کھانا لاکر ان فریجوں میں رکھ دیتے ہیں جہاں سے ضرورت مندوں کو کھانا فراہم کیا جاتا ہے۔
 
39 سالہ فاطمہ جاسمین عیسیٰ کا کہنا ہے کہ لوگوں کو کھانا کھلاکر مجھے دلی سکون ملتا ہے، مجھے کسی کی تلاش تھی جو اس کام میں میری مدد کرے، تحقیق کے دوران مجھے کمیونٹی فریج کا آئیڈیا ملا اور میں نے اس پر عمل کرنے کا فیصلہ کیا۔
 
آج ان فریجز سے روزانہ ہزاروں لوگوں کو کھانا ملتا ہے،ہم نے اپنی مدد آپ کے تحت یہ کام شروع کیا لیکن ہمارے جذبے اور خدمت کے سفر کو دیکھتے ہوئے لوگ شامل ہوتے گئے ۔ ابتداء میں ،میں نے 25 لاکھ روپے لگاکر کام شروع کیا لیکن بعد میں لوگوں نے بھی مدد کی اور آج ہماری خدمات کا دائرہ مزید پھیلتا جارہا ہے۔
 
ان کا کہنا ہے کہ شروع میں لوگ اپنے گھروں میں بچا ہوا کھانا لاکر رکھتے تھے لیکن بعد میں اپنی استطاعت کے مطابق ہوٹلوں سے پیک کرواکر بھی لانے لگے ۔ ایک فریج سے روزانہ اوسطاً 70 سے 100 لوگ مستفید ہوتے ہیں۔
 
image
 
اب چونکہ عطیات دہندگان بھی ہمارے ساتھ شامل ہوچکے ہیں تو ہمارے پاس جب کچھ فنڈز آتے ہیں تو ہم ضرورت مند بچوں اور لوگوں میں راشن اور دیگر ضرورت کا سامان بھی تقسیم کرتے ہیں۔لوگ نہ صرف ہمارے کے کام کی تعریف کر رہے ہیں بلکہ فنڈز بھی فراہم کر رہے ہیں اور رضاکارانہ طور پر ساتھ کام بھی کر رہے ہیں۔
YOU MAY ALSO LIKE: