پاکستان میں الیکٹرک کار کا تیز ترین چارجنگ اسٹیشن، صرف 15 منٹ میں زیرو بیٹری مکمل چارج لیکن خرچہ کتنا؟

image
 
گاڑیوں کی دنیا میں الیکٹرک گاڑیوں نے انقلاب برپا کردیا ہے اور اب دنیا پیٹرول سے چلنے والی گاڑیوں سے الیکٹرک گاڑیوں کی طرف رخ کر رہی ہے- البتہ پاکستان میں یہ الیکٹرک گاڑیاں ابھی بھی ہمیں بہت کم نظر آتی ہیں جس کی بنیادی وجہ ان گاڑیوں کی انتہائی بھاری قیمت ہے-
 
تاہم چونکہ یہ پاکستان میں کم تعداد ہی سہی موجود تو ہیں اسی بات کو مدنظر رکھتے ہوئے حال ہی میں پاکستان کے سب سے بڑے شہر کراچی میں الیکٹرک گاڑیوں کا چارجنگ اسٹیشن قائم کیا گیا ہے- اس چارجنگ اسٹیشن کو پاکستان کا سب سے پہلا تیز ترین چارجنگ اسٹیشن ہونے کا اعزاز حاصل ہے- اس اسٹیشن پر آنے والی الیکٹرک گاڑی کی بیٹری صرف 15 منٹ کے مختصر وقت میں مکمل چارج کر دی جاتی ہے-
 
اتنے کم وقت میں الیکٹرک کار کی بیٹری کا چارج ہوجانا صارفین کی اصل اہم ضرورت تھا- یہ تیز ترین چارجنگ اسٹیشن کراچی میں مشہور زمانہ زینب مارکیٹ سے پریس کلب کی طرف جانے والی سڑک پر قائم کیا گیا ہے-
 
 
ہماری ویب کے نمائندے نے ویڈیو انٹرویو کے لیے اس چارجنگ اسٹیشن کا خصوصی دورہ کیا اور وہاں انہوں نے چارجنگ اسٹیشن کے مالک عبدالحسیب سے اہم معلومات حاصل کیں- یہ معلومات ویڈیو انٹرویو کی صورت میں آپ یہاں دیکھ بھی سکتے ہیں-
 
اس چارجنگ اسٹیشن پر جرمن اور چائینیز الیکٹرک گاڑیاں چارج کی جاسکتی ہیں- ایک اندازے کے مطابق ایک گاڑی 3200 سے 3500 روپے میں پوری چارج ہوتی ہے اور وہ 250 کلومیٹر تک کا سفر طے کرتی ہے- جس کے بعد اب آپ خود بھی فی کلومیٹر پر آنے والے خرچے کا اندازہ لگا سکتے ہیں-
 
دلچسپ بات یہ ہے کہ پیٹرول پمپ کی مانند یہ چارجنگ اسٹیشن بھی 24 گھنٹے کھلا رہتا ہے- اور یہ ایسے مقام پر قائم ہے جہاں کسٹمر کسی وقت بھی پہنچ سکتے ہیں اور اپنی گاڑی کی بیٹری چارج کروا کر جاسکتے ہیں-
 
ای وی چارجنگ اسٹیشن کے مالک کا کہنا ہے کہ “ ہمارے اس اسٹیشن پر نہ صرف 15 منٹ میں کار کی بیٹری 0 سے مکمل چارج ہوجاتی ہے بلکہ یہاں نصب سسٹم یہ چارجنگ انتہائی محفوظ انداز میں کرتا ہے جس سے گاڑیوں کی بیٹریاں خراب بھی نہیں ہوتیں-
 
image
 
عبدالحسیب کا یہ بھی کہنا تھا کہ “ یہ ایک جدید چیز ہے اور اسے فروغ دیا جانا چاہیے- اس کے کئی فائدے بھی ہیں جیسے کہ ماحول کو آلودگی سے پاک کرتی ہے- اس کے علاوہ سب جانتے ہیں کہ ملک میں پیٹرول کے مسائل پیدا ہورہے ہیں- ایسے میں یہ متبادل ٹیکنالوجی آپ کے امپورٹ بل میں بھی کمی لا سکتی ہے-
YOU MAY ALSO LIKE: